حزب اللہ کا عسکری ونگ دہشت گرد تنظیموں کی فہرست میں شامل
برسلز: یورپی یونین کے وزرائے خارجہ نے پیر کے روز لبنانی تنظیم حزب اللہ کے عسکری ونگ کو دہشت گرد تنظیموں میں شامل کرلیا ہے۔
اس موقع پر برطانوی وزیر خارجہ ولیم ہیگ کا کہنا تھا کہ اس اقدام کا مقصد یہ پیغام دینا ہے کہ یورپی یونین دہشت گردی کے معاملے پر متحدہ ہے۔
یہ اقدام ایسے موقع پر سامنے آیا ہے جب تجزیہ کار اس کے کارآمد ہونے پر سوال اٹھا رہے ہیں کہ کیا واقعی حزب اللہ کو سزا اور جزا کی نیت سے ٹکروں میں بانٹا جاسکتا ہے۔
اس حوالے سے ہیگ کا کہنا تھا کہ ہمیں مختلف گروہوں کے درمیان تفریق کرنے کے لیے پوری کوشش کرنی ہوگی۔
دوسری جانب حزب اللہ نے سرکاری ٹیلی ویژن پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ یورپی یونین نے اسرائیل کی خواپیش کے آگے گھٹنے ٹیک دیئے ہیں۔
خیال رہے کہ حزب اللہ 2006ء میں اسرائیل کے ساتھ جنگ لڑ چکا ہے جبکہ حالیہ دنوں میں اس پر شام میں صدر بشار الاسد کی فوجی حمایت کا بھی الزام لگایا گیا ہے۔
ہیگ کا اس موقع پر کہنا تھا کہ ہم حزب اللہ کے سیاسی کردار سے آگاہ ہیں تاہم تشدد ناقابل برداشت ہے۔
ایک سال قبل اس فہرست میں 25 گروپ تھے جن میں متعدد فلسطینی گروپ، کولمبین عسکری موومنٹ فارک اور پیرو کی شائننگ پاتھ شامل تھے۔