بھارت: کیمیکل فیکٹری میں سیلنڈر پھٹنے سے 12 افراد ہلاک

اپ ڈیٹ 31 اگست 2019
پہلا دھماکا ہفتے کی صبح 9 بج کر 30 منٹ پر ہوا—تصویر بشکریہ ٹوئٹر
پہلا دھماکا ہفتے کی صبح 9 بج کر 30 منٹ پر ہوا—تصویر بشکریہ ٹوئٹر

بھارتی ریاست مہاراشٹرا میں کیمیکل فیکٹری میں یکے بعد دیگرے متعدد گیس سیلنڈر پھٹنے سے 12 افراد ہلاک جبکہ 58 زخمی ہوگئے۔

برطانوی خبررساں ادارے رائٹرز نے پولیس کے حوالے سے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ پہلا دھماکا ہفتے کی صبح 9 بج کر 30 منٹ پر ہوا جس کے بعد لی گئی جائے وقوعہ کی تصاویر میں گہرا سیاہ دھواں اٹھتے ہوئے دیکھا جاسکتا تھا۔

حکام کا کہنا تھا کہ سب سے پہلے جو سیلنڈر پھٹا اس میں 200 لیٹر کیمیکل موجود تھا جس سے ہونے والے دھماکے کے نتیجے میں فیکٹری میں کئی مقامات پر آگ پھیل گئی جس کے باعث مزید دھماکے ہوئے۔

یہ بھی پڑھیں: بھارت: پٹاخے بنانے والی غیر قانونی فیکٹری میں دھماکا، 10 افراد ہلاک

اس بارے میں ایک سینئر پولیس افسر کا کہنا تھا کہ دھماکے کے وقت فیکٹری میں 100 کے قریب ملازمین موجود تھے۔

حادثے کے فوری بعد متعدد پولیس ٹیمیں، ڈزاسٹر مینجمنٹ اور فائر بریگیڈ کے حکام جائے وقعہ پر پہنچ گئے اور امدادی کارروائیاں کیں۔

بھارتی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق آخری اطلاعات آنے تک سیلنڈر پھٹنے کی وجوہات کا تعین نہیں کیا جاسکا تھا۔

خیال رہے کہ 24 فروری کو شمالی بھارت میں آتش بازی کا سامان بنانے والی غیر قانونی فیکٹری میں دھماکے سے 10 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔

ریاست کے سینئر پولیس افسر نے صحافیوں کو بتایا تھا کہ آتش بازی کا سامان بنانے والی فیکٹری، قالین بنانے کے کاروبار کے آڑ میں چلائی جارہی تھی۔

مزید پڑھیں: بھارت کے مرکزی اسلحہ ڈپو میں دھماکا، 6 افراد ہلاک

21 نومبر 2018کو بھارتی شہر ناگپور سے 90کلومیٹر دور واقع پلگاؤں میں بھارتی فوج کے مرکزی اسلحہ ڈپو میں آرڈیننس فیکٹری کے آفیشلز شلکھا راؤنڈز کو ناکارہ بنانے کی کوشش کر رہے تھے۔

لیکن شلکھا راؤنڈز کو تباہ کرنے کے دوران ہی صبح 7 بجے ایک دھماکا ہوا جس کے نتیجے میں ایک فوجی، آرڈیننس فیکٹری کا ملازم اور دیگر چار افراد ہلاک ہو گئے تھے۔

قبل ازیں 26 مئی 2016 کو ممبئی کی ایک کیمیکل فیکٹری میں دھماکے کے نتیجے میں پانچ افراد ہلاک جبکہ 92 زخمی ہوگئے تھے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں