جب بچی چلتی گاڑی سے گرگئی مگر والدین کو علم نہ ہوا

09 ستمبر 2019
بچی چلتی ہوئی چیک پوائنٹ کی جانب جارہی ہے — اسکرین شاٹ
بچی چلتی ہوئی چیک پوائنٹ کی جانب جارہی ہے — اسکرین شاٹ

کیا آپ سوچ سکتے ہیں کہ ماں کی گود سے ایک بچی چلتی گاڑی سے باہر گر جائے مگر اس کا علم میلوں دور بعد گھر پہنچنے پر ہو؟

درحقیقت ایسا واقعہ پیش آیا جب 18 ماہ کی بچی چلتی گاڑی سے باہر گر گئی مگر اس کے والدین کو اس کا علم 30 میل دور گھر پہنچنے پر ہوا۔

یہ واقعہ بھارتی ریاست کیرالہ کے ضلع Idukki میں پیش آیا، جب والدین بچی کو لے کر گھر واپس جارہے تھے اور وہ ماں کی گود میں بیٹھی ہوئی تھی جو سفر کے دوران سوگئی۔

روہیتا نامی یہ بچی ماں کی گود سے ایک موڑ کے دوران رات ساڑھے 9 بجے کے قریب جیپ سے باہر گرگئی۔

والدین کو اس کا احساس ہی نہیں ہوا کہ بچی باہر گر گئی ہے جبکہ وہ بچی کسی نہ کسی طرح ہاتھوں پیروں کے بل چلتے ہوئے ایک قریبی فاریسٹ چیک پوائنٹ کے قریب پہنچ گئی۔

اس چیک پوائنٹ پر موجود اہلکاروں نے بچی کو سی سی ٹی وی کیمرے میں دیکھا اور اسے بچانے کے لیے اٹھا کر لے آئے۔

بچی خوش قسمتی سے بس معمولی زخمی ہوئی تھی جس پر اسے ابتدائی طبی امداد دی گئی اور پولیس کے حوالے کردیا گیا۔

دوسری جانب والدین کو رات ساڑھے 12 بجے گھر پہنچ کر معلوم ہوا کہ بچی غائب ہوگئی ہے اور انہوں نے پولیس کے پاس رپورٹ درج کرائی، جس پر انہیں بتایا گیا کہ بچی کو ڈھونڈ لیا گیا ہے اور پھر والدین کے حوالے کردیا گیا۔

یہ واقعہ یعنی جہاں بچی گری، وہاں اکثر جنگلی جانوروں اور آوارہ کتوں کی جانب سے انسانوں پر حملے کے واقعات سامنے آتے رہتے ہیں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں