چیف آف دی نیول اسٹاف اوپن شوٹنگ چیمپئن شپ، پاک بحریہ کے نام

29 ستمبر 2019
پاک بحریہ نے مجموعی طور پر 88 تمغے جیت کر اپنے اعزاز کا دفاع کیا—فوٹو:پاک بحریہ
پاک بحریہ نے مجموعی طور پر 88 تمغے جیت کر اپنے اعزاز کا دفاع کیا—فوٹو:پاک بحریہ

پاک بحریہ کی ٹیم نے پانچویں چیف آف دی نیول اسٹاف اوپن شوٹنگ چمپیئن شپ 2019 میں سب سے زیادہ 88میڈلز حاصل کرکے اپنے نام کرلیا جبکہ سندھ کی ٹیم دوسرے نمبر پر رہی۔

پانچویں چیف آف دی نیول اسٹاف اوپن شوٹنگ چیمپئن شپ 2019 کی اختتامی تقریب پاکستان نیوی شوٹنگ رینج، پی این ایس بہادر کراچی میں ہوئی جس کے مہمان خصوصی کمانڈر کوسٹ وائس ایڈمرل محمد فیاض جیلانی تھے۔

چیف آف دی نیول اسٹاف اوپن شوٹنگ چیمپئن شپ 2019 میں پاک بحریہ کے علاوہ پاک فضائیہ، سندھ، پنجاب، بلوچستان، خیبر پختونخواہ، ہائر ایجوکیشن کمیشن، واپڈا، فیڈرل رائفل ایسوسی ایشن، اے ایس ایف، سندھ رینجرز اور سندھ پولیس کی ٹیموں نے بھی حصہ لیا۔اور ایک ہفتے جاری رہنے والے ان مقابلوں میں400 شوٹرز نے حصہ لیا۔

ملک بھر سے 400 شوٹرز نے حصہ لیا—فوٹو:پاک بحریہ
ملک بھر سے 400 شوٹرز نے حصہ لیا—فوٹو:پاک بحریہ

پاک بحریہ کے شعبہ تعلقات عامہ کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق دفاعی چیمپئن پاک بحریہ کی ٹیم نے ایک مرتبہ پھر شان دار کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور 33 طلائی، 32چاندی اور 23 کانسی کے تمغے حاصل کرکے مجموعی طور پر 88 تمغوں کے ساتھ پہلی پوزیشن اپنے نام کر لی۔

چیمپئن شپ کے دوران مردوں، خواتین اور نوجوانوں کے پسٹل، رائفل اور شاٹ گن کیٹیگریز کے مجموعی طور پر 24 مقابلے ہوئے۔

سندھ کی ٹیم طلائی کے 4، چاندی کے 2 اور کانسی کے 4 تمغے حاصل کیے اور مجموعی طور 10 تمغوں کے ساتھ دوسری پوزیشن اپنے نام کرلی، پاک فضائیہ کی ٹیم نے بھی مجموعی طور پر 10 تمغے حاصل کے تاہم طلائی تمغوں کی دوڑ میں وہ سندھ سے پیچھے رہی۔

واپڈا نے 8 تمغوں کے ساتھ چوتھی، پنجاب نے 2 تمغوں کے ساتھ پانچویں، اے ایس ایف اور ایف آر اے نے بالترتیب ایک، ایک تمغہ حاصل کیا۔

نوجوانوں میں شوٹنگ اسپورٹس کے فروغ اورکراچی کے مقامی شوٹنگ کلبز کی دلچسپی کے لیے بگ بور پسٹل اور بگ بور رائفل کے نمائشی مقابلے بھی ہوئے جو باقاعدہ طور پر چیمپئن شپ کا حصہ نہیں تھے۔

پاک بحریہ کے مطابق تمام مقابلے ماہر آفیشلز اور جیوری کی زیر نگرانی بین الاقوامی اسپورٹس شوٹنگ فیڈریشن کے جدید قواعد و ضوابط کے تحت منعقد کروائے گئے اور چیمپئن شپ کے دوران بے قاعدگی کی کوئی شکایت موصول نہیں ہوئی۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ چیمپئن شپ میں سیف گیمز کے لیے شفاف ٹرائلز کے ذریعے قومی شوٹنگ ٹیم کے انتخاب کے لیے بھی مدد ملی۔

چمپیئن شپ کی اختتامی کے مہمان خصوصی نے کامیاب ٹیموں میں تمغے اور ٹرافی تقسیم کیں۔

خیال رہے کہ سی این ایس اوپن شوٹنگ چیمپئن شپ ہر دو سال بعد منعقد ہوتی ہے جو 2008 سے باقاعدگی ہورہی ہے۔

پاک بحریہ نے گذشتہ چاروں مقابلوں میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے چمپیئن جیت لی۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں