بچوں کے ساتھ ناخوشگوار واقعات: وزیراعظم کا'میرا بچہ الرٹ' ایپ بنانے کا حکم

01 اکتوبر 2019
موجودہ حکومت وہ تمام اقدامات اٹھائے گی جس سے معصوم بچوں کے تحفظ کو یقینی بنایا جا سکے، عمران خان — فائل فوٹو
موجودہ حکومت وہ تمام اقدامات اٹھائے گی جس سے معصوم بچوں کے تحفظ کو یقینی بنایا جا سکے، عمران خان — فائل فوٹو

ملک میں بچوں کے ساتھ پیش آنے والے ناخوشگوار واقعات، اغوا اور گمشدگی کے کیسز کا موثر طریقے سے تدارک کرنے کے لیے وزیر اعظم عمران خان نے 'میرا بچہ الرٹ' کے نام سے خصوصی ایپلی کیشن تیار کرنے کا حکم دے دیا۔

'میرا بچہ الرٹ' ایپلی کیشن دو ہفتوں میں تیار کر لی جائے گی، کسی بھی بچے کی گمشدگی کی صورت میں اس ایپلی کیشن پر کوائف کے اندراج کی صورت میں تمام تفصیلات صوبوں کے آئی جیز اور دیگر سینئر افسران تک فوری طور پر پہنچ جائیں گی۔

یہ ایپلی کیشن 'پاکستان سٹیزن پورٹل' سے منسلک ہوگی تاکہ کسی بھی واقعے میں بچے کی برآمدگی اور کیس میں پیش رفت پر نظر رکھی جا سکے۔

وفاقی کابینہ کے اجلاس میں وزیراعظم نے بتایا کہ بچوں کے ساتھ غیر اخلاقی اور ناخوشگوار واقعات کے کیس کی تحقیقات میں بڑی کامیابی حاصل ہوئی ہے اور اس کامیابی کے نتیجے میں ایسے مکروہ فعل میں ملوث دیگر ملزمان تک پہنچنے میں مدد ملے گی۔

یہ بھی پڑھیں: قصور: 3 بچوں کے 'ریپ اور قتل' کے خلاف علاقہ مکینوں کا پرتشدد مظاہرہ

انہوں نے کہا کہ والدین کی جانب سے بچوں سے متعلق کئی ناخوشگوار واقعات کو معاشرتی و دیگر وجوہات کی بنا پر سامنے نہیں لایا جاتا۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت وہ تمام اقدامات اٹھائے گی جس سے معصوم بچوں کے تحفظ کو یقینی بنایا جا سکے اور ایسے مکروہ اور بھیانک جرائم میں ملوث افراد کو سخت ترین سزائیں دلوائی جا سکیں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں