'اب تک جو سب سے جرأت مندانہ کام کیا وہ طلاق نہ لینا تھا'

اپ ڈیٹ 03 اکتوبر 2019
ہیلری کلنٹن اور بل کلنٹن کی شادی 1975 میں ہوئی تھی — فوٹو/ اسکرین شاٹ
ہیلری کلنٹن اور بل کلنٹن کی شادی 1975 میں ہوئی تھی — فوٹو/ اسکرین شاٹ

امریکا کی سابق وزیر خارجہ ہلیری کلنٹن کا کہنا ہے کہ اگر انہوں نے اپنی زندگی میں اب تک کوئی سب سے جرات مندانہ کام کیا ہے تو وہ سابق امریکی صدر بل کلنٹن سے طلاق نہ لینا ہے۔

دی گارجین کی رپورٹ کے مطابق ہلیری کلٹن اپنی بیٹی چیلسی کلنٹن کے ہمراہ اے بی سی کے مارننگ شو کا حصہ بنیں، جہاں وہ اپنی بیٹی کے ہمراہ اپنی کتاب 'دی گٹسی ویمن' کی تشہیر کے لیے جلوہ گر ہوئیں تھی۔

اس دوران شو کی میزبان نے ہلیری سے سوال کیا کہ انہوں نے بیٹی کے ہمراہ یہ کتاب تحریر تو کی لیکن خود اپنی زندگی میں ایسا کیا کام کیا ہے جسے وہ جرات مندانہ سمجھتی ہوں؟

اس پر ہلیری کا کہنا تھا کہ 'اگر حقیقتاً بات کی جائے تو شادی شدہ رہنا اور طلاق نہ لینا میرا ایک جرأت مندانہ کام ہے'۔

ہلیری کی بیٹی چیلسی کلنٹن کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ انہیں اپنی والدہ پر فخر ہے اور انہیں ان کا جواب بےحد پسند آیا۔

خیال رہے کہ بل کلنٹن اور وائیٹ ہاؤس کی انٹرنی ملازم مونیکا لیونسکی کے معاشقے کا اسکینڈل 22 سال پرانا ہے، تاہم اب بھی ان کا افیئر اسکینڈل عالمی میڈیا کی خبروں کی زینت بنتا رہتا ہے۔

یہ بھی دیکھیں: ہلیری کلنٹن کی چند نایاب تصاویر

ان دونوں کے درمیان1997 میں اس وقت رومانوی تعلقات قائم ہوئے جب بل کلنٹن اپنے دوسرے دور کے آخری 3 سال گزار رہے تھے۔

ہلیری اور بل کلنٹن 11 اکتوبر 1975 کو اپنی شادی کے موقع پر—۔فوٹو/ بشکریہ ٹائمز
ہلیری اور بل کلنٹن 11 اکتوبر 1975 کو اپنی شادی کے موقع پر—۔فوٹو/ بشکریہ ٹائمز

بل کلنٹن 1993 سے 2001 تک 42 ویں صدر منتخب ہوئے تھے۔

مونیکا لیونسکی نے گریجوئیشن کے بعد 1995 میں 21 سال کی عمر میں ٹرینی ملازم کے طور پر وائیٹ ہاؤس میں شمولیت اختیار کی تھی، اس وقت بل کلنٹن کی عمر49 سال سے زائد تھی اور وہ اہلیہ ہلیری کلنٹن کے ساتھ سرکاری رہائش گاہ میں رہتے تھے۔

بل کلنٹن اور مونیکا لیونسکی کے درمیان قربتیں بڑھنے اور ان کے درمیان معمول سے ہٹ کر ہونے والی ملاقاتوں کو دیکھتے ہوئے وائیٹ ہاؤس کی خاتون سینیئر ملازم لندا ٹرپ نے مونیکا لیونسکی کے ذاتی فون کا ڈیٹا خفیہ طور پر حاصل کیا تھا، جس سے یہ بات سامنے آئی تھی کہ وہ صدر کے ساتھ رومانوی تعلقات میں ہیں۔

اس حوالے سے وائیٹ ہاؤس کی سابق ملازم کے مطابق ان کے اور بل کلنٹن کے درمیان ایک سال سے زائد عرصے تک باہمی رضامندی کے ساتھ جنسی تعلقات قائم رہے۔

اس خبر کے سامنے آنے کے بعد بھی ہلیری کلنٹن نے اپنے شوہر بل کلنٹن کا ساتھ دیا۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ امریکی انٹرٹینمنٹ ادارہ ’ایف ایکس‘ مونیکا لیونسکی اور بل کلنٹن کے درمیان ہونے والے معاشقے اور سابق امریکی صدر کے خلاف مواخذے کی کارروائی پر فلم بنائے گا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں