طالبان وفد نے امن مذاکرات کیلئے پاکستان کی کوششوں کو سراہا ہے،دفتر خارجہ

03 اکتوبر 2019
مظلوم کشمیریوں کے مصائب مؤثر انداز میں اجاگر کرنے کے لیے مزید اقدامات بھی زیر غور ہیں، ترجمان — فائل فوٹو / پی آئی ڈی
مظلوم کشمیریوں کے مصائب مؤثر انداز میں اجاگر کرنے کے لیے مزید اقدامات بھی زیر غور ہیں، ترجمان — فائل فوٹو / پی آئی ڈی

دفتر خارجہ کے ترجمان ڈاکٹر محمد فیصل کا کہنا ہے کہ پاکستان کا دورہ کرنے والے طالبان وفد نے امن مذاکرات کے لیے پاکستان کی کوششوں کو سراہا ہے۔

دفتر خارجہ میں ہفتہ وار بریفنگ کے دوران ڈاکٹر فیصل نے طالبان وفد کے دورہ پاکستان سے متعلق کہا کہ دوحہ میں طالبان پولیٹیکل کمیشن کے قیام کے بعد طالبان نے پہلی بار پاکستان کا دورہ کیا، یہ انتہائی حساس معاملہ ہے اور اس سلسلے میں مزید تبصرے سے گریز کرنا چاہیے۔

تاہم ان کا کہنا تھا کہ طالبان وفد نے امن مذاکرات کے لیے پاکستان کی کوششوں کو سراہا ہے۔

واضح رہے کہ افغانستان میں تقریباً 2 دہائیوں سے جاری تنازع کو سیاسی طور پر حل کرنے کی ازسر نو کوشش کے تحت پاکستانی حکام اور طالبان رہنماؤں کے درمیان دفتر خارجہ میں ملاقات ہوئی تھی۔

دفتر خارجہ سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق ملاقات میں افغان طالبان کے اعلیٰ سطح کے وفد نے میزبانی اور افغان امن عمل میں پاکستان کے مصالحانہ کردار کی تعریف کی اور دونوں فریقین نے مذاکرات کی جلد بحالی کی ضرورت پر اتفاق کیا۔

مزید پڑھیں: پاکستان اور طالبان کا افغان مفاہمتی عمل کی جلد بحالی پر اتفاق

مقبوضہ کشمیر کی صورتحال کے حوالے سے ترجمان نے کہا کہ پاکستان نے کشمیر کا مسئلہ اقوام متحدہ سمیت دنیا کے ہر اہم فورم پر اجاگر کیا، پاکستان کی عالمی سطح پر سفارتی کوششوں کے نتیجے میں تنازع کشمیر کی عالمگیریت نے بھارت کو عالمی سطح پر تنہا کر دیا ہے اور اس صورتحال سے نکلنے کے لیے نئی دہلی پر تمام دروازے بند کر دیئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مظلوم کشمیریوں کے مصائب مؤثر انداز میں اجاگر کرنے کے لیے مزید اقدامات بھی زیر غور ہیں۔

ڈاکٹر فیصل کا کہنا تھا کہ پاکستان نے عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا نوٹس لے۔

ان کا کہنا تھا کہ بھارتی قابض فورسز نے گزشتہ ایک ہفتے کے دوران 13 کشمیریوں کو شہید کیا، مزید ہلاکتوں کی بھی اطلاعات ہیں لیکن کرفیو کے باعث وادی سے صحیح تفیصلات نہیں مل رہیں۔

یہ بھی پڑھیں: ’دنیا ساتھ ہو یا نہ ہو، ہم کشمیر کے ساتھ کھڑے ہیں جو ایک جہاد ہے‘

کشمیر سے متعلق سعودی عرب کے موقف کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں سعودی عرب کا موقف واضح ہے، جبکہ اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) رابطہ گروپ کا مشترکہ اعلامیہ کشمیر سے متعلق سعودی عرب اور امت مسلہ کے موقف کا عکاس ہے۔

اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب کے طور پر منیر اکرم کی تعیناتی سے متعلق ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے ترجمان نے کہا کہ ملیحہ لودھی اپنی مدت پوری کر چکی تھیں، منیر اکرم فارن سروس کے معزز رکن رہے ہیں اور ان کی کامیابیاں کسی سے ڈھکی چھپی نہیں۔

تبصرے (0) بند ہیں