ہندوستان: دو ٹریفک حادثوں میں 28 افراد ہلاک

بنگلور: ہندوستان کی ریاست کرناٹکہ میں منگل کے روز دو ٹریفک حادثوں کے دوران 28 افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔
ریاست کے آئی جی پولیس رام چندر راؤ کا کہنا تھا کہ طلبہ سے بھری ایک بس حسان ضلع میں ایک جھیل میں جاگری جسکے باعث کم از کم دس افراد ہلاک ہوگئے۔
انکے مطابق ڈرائیور نے سامنے سے آنے والی گاڑی سے ٹکر کو بچانے کے لیے بائیں جانب بس موڑ دی جسکی وجہ سے بس جھیل میں گر گئی۔
ایک سرکاری اہلکار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ ریسکیو اہلکار ان دس مسافروں کی تلاش کررہے ہیں جنہیں تاحال لاپتہ تصور کیا جارہا ہے جبکہ 35 افراد کو بچایا جاچکا ہے۔
ایک دوسرے واقعے میں پولیس کے مطابق پیر کی رات کو ایک منی وین اور بس آپس میں ٹکراگئیں جسکے نتیجے میں 18 افراد ہلاک ہوگئے۔
ایس پی پولیس اجے ہلوری نے اے ایف پی کو بتایا کہ ڈرائیور اور زیادہ تر مسافر اس وقت ہلاک ہوگئے جبکہ وین نے ایک دوسری گاڑی کو اوور ٹیک کرنے کی کوشش کی جسسے وہ سامنے سے آنے والی گاڑی سے ٹکراگئی۔
انہوں نے کہا کہ تصادم کے نتیجے میں وین بس کے نیچے پھنس گئی جبکہ اس میں موجود زیادہ تر مسافر مارے گئے۔
نیشنل کرائمز ریکارڈز بیورو کے اعداد و شمار کے مطابق ہندوستان میں 2011ء میں ایک لاکھ سے زائد افراد ٹریفک حادثات میں ہلاک ہوئے تھے۔