اوپو کی ذیلی کمپنی رئیل می نے اپنے نئے فونز پاکستان میں متعارف کرا دیئے ہیں۔

رئیل می 5 سیریز کے دونوں فونز مڈرینج سمجھے جاسکتے ہیں اور کمپنی کا دعویٰ ہے کہ ان میں سے ایک پاکستان میں متعارف کرائے جانے والا پہلا 48 میگا پکسل مین کیمرے سے لیس فون ہے۔

یہ فون گزشتہ دنوں لاہور میں ایک ایونٹ دوران پیش کیے گئے تھے۔

رئیل می 5

6.5 انچ ڈسپلے والے اس فون میں قطرے کی شکل کا نوچ موجود ہے ، اس کے علاوہ اسنیپ ڈراگون 665 پراسیسر دیا گیا ہے جبکہ 3 سے 4 جی بی ریم اور 64 سے 128 جی بی اسٹوریج کے آپشن دیئے گئے ہیں جبکہ ایس ڈی کارڈ سے اس میں 256 جی بی اسٹوریج کا مزید اضافہ کیا جاسکتا ہے۔

اینڈرائیڈ 9 کا امتزاج کمپنی نے اپنے کلر او ایس 6 سے کیا ہے اور اسے جلد اینڈرائیڈ 10 سے اپ گریڈ کردیا جائے گا۔

5000 ایم اے ایچ بیٹری کے ساتھ 10 واٹ فاسٹ چارجنگ سپورٹ دی گئی ہے۔

فون کے بیک پر 12 میگا پکسل مین کیمرا، 8 میگا پکسل الٹرا وائیڈ اینگل کیمرا، 2 میگا پکسل پورٹریٹ لینس اور 2 میگا پکسل الٹرا میکرو کیمرا دیا گیا ہے جبکہ فرنٹ پر 13 میگا پکسل کیمرا موجود ہے۔

رئیل می 5 پرو

اس فون میں 6.3 انچ کا ایف ایچ ڈی پلس ڈیو ڈراپ نوچ والا ڈسپلے دیا گیا ہے جبکہ اسنیپ ڈراگون 712 پراسیسر موجود ہے۔

اس میں 4 سے 8 جی بی ریم اور 128 جی بی اسٹوریج دی گئی ہے جس میں ایس ڈی کارڈ سے 256 جی بی تک اضافہ کیا جاسکتا ہے۔

اس میں بھی اینڈرائیڈ 9 کا امتزاج کمپنی نے اپنے کلر او ایس 6 سے کیا ہے اور اسے جلد اینڈرائیڈ 10 سے اپ گریڈ کردیا جائے گا۔

اس کے بیک پر 4 کیمروں کا سیٹ اپ ہے جس میں مین کیمرا 48 میگا پکسل کا ہے، دوسرا 8 میگا پکسل الٹرا وائیڈ لینس، 2 میگا پکسل میکرو کیمرا اور چوتھا 2 میگا پکسل ڈیپتھ لینس دیا گیا ہے، جبکہ فرنٹ پر 16 میگا پکسل کیمرا موجود ہے۔

اس میں 4035 ایم اے ایچ بیٹری دی گئی ہے جس کے ساتھ 20 واٹ فاسٹ چارجنگ سپورٹ دی گئی ہے اور کمپنی کے مطابق 30 منٹ میں بیٹری 50 فیصد تک چارج ہوسکتی ہے۔

قیمت

رئیل می 5 کا تھری جی بی ریم اور 64 جی بی اسٹوریج والا فون 23 ہزار 999 روپے، 4 جی بی ریم اور 64 جی بی اسٹوریج والا ورژن 25 ہزار 999 روپے جبکہ 4 جی بی ریم اور 128 جی بی اسٹوریج والا ماڈل 31 ہزار 999 روپے میں دستیاب ہے۔

رئیل می 5 پرو کا 4 جی بی ریم اور 128 جی بی اسٹوریج والا فون 39 ہزار 999 روپے جبکہ 8 جی بی ریم اور 128 جی بی اسٹوریج والا ماڈل 43 ہزار 999 روپے میں 8 اکتوبر سے آف لائن مارکیٹ میں دستیاب ہوگا۔

تبصرے (0) بند ہیں