موٹرولا کے فولڈ ایبل ریزر فون کی تاریخ رونمائی سامنے آگئی

18 اکتوبر 2019
فولڈ ایبل ریزر کا کانسیپٹ ڈیزائن — فوٹو بشکریہ سلیش لیکس
فولڈ ایبل ریزر کا کانسیپٹ ڈیزائن — فوٹو بشکریہ سلیش لیکس

موٹرولا کا پہلا فولڈ ایبل ریزر فون 13 نومبر کو متعارف کرایا جارہا ہے۔

کمپنی نے اس حوالے سے 13 نومبر کو لاس اینجلس میں شیڈول ایونٹ کے لیے دعوت نامے ارسال کیے ہیں۔

اس دعوت نامے میں یہ تو ذکر نہیں کہ فولڈ ایبل ریزر فون متعارف کرایا جائے گا مگر اس کے متن کا مطلب یہی بنتا ہے کہ کلاسیک فون کو نئے طرز میں متعارف کرایا جارہا ہے۔

اس کے ساتھ ساتھ ایک انیمیٹڈ تصویر بھی پوسٹ کی گئی جس میں ایک ڈیوائس بند اور کھل رہی ہے اور اس پر لکھا ہے 'ایک اوریجنل، جس جیسا کوئی اور نہیں'، اس کے ساتھ 13 نومبر کی تاریخ ہے۔

جہاں تک دعوت نامے کی بات ہے تو اس میں یہ بھی لکھا ہے 'یو آر گوئنگ ٹو فلپ'، جو ماضی کے فلپ ریزر تھری فون کی جانب واضح اشارہ بھی ہے۔

موٹرولا اپنے پہلے فولڈ ایبل فون کو رواں سال موسم گرما میں پیش کرنا چاہتی تھی مگر پھر اس کی تاریخ رونمائی کو آگے بڑھا دیا گیا۔

اب تک سام سنگ گلیکسی فولڈ اور ہواوے میٹ ایکس ایسے فولڈ ایبل فونز ہیں جن کو متعارف کرایا جاچکا ہے، جن میں سے سام سنگ کا فون مختلف ممالک میں دستیاب ہے جبکہ ہواوے کا فون اکتوبر کے آخر میں صارفین کے لیے دستیاب ہونے کا امکان ہے۔

خیال رہے کہ موٹرولا ایک چینی کمپنی لیناوو کا حصہ ہے اور یہ مانا جاتا ہے کہ اس کا فولڈ ایبل فون ماضی کے مقبول ترین ریزر برانڈ کی نئی شکل ہوگا۔

سام سنگ اور ہواوے کے فونز جو باہر کی جانب ٹیبلیٹ کی شکل میں کھلتے ہیں، کے برعکس موٹرولا کا فولڈ ایبل فون ریزر فلپ فون کی طرح فولڈ ہوگا، کم از کم 2017 کے ایک پیٹنٹ سے تو یہی عندیہ ملتا ہے۔

اس سے قبل ڈچ سائٹ لیٹس گو ڈیجیٹل کی ایک رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ یہ سام سنگ یا ہواوے کے فولڈ ایبل فونز جتنا طاقتور نہیں ہوگا بلکہ اس میں چھوٹی بیٹری اور مڈرینج پراسیسر دیئے جانے کا امکان ہے۔

مگر یہ کہنے کی ضرورت نہیں کہ ماضی کی یادیں لوگوں میں اس نئے فولڈایبل فون کے لیے دلچسپی کو بڑھانے میں کام آیں گی۔

مگر اس بار اوریجنل ریزر کی چھوٹی اسکرین اور کی پیڈ کی بجائے اس میں ڈوئل ڈسپلے ڈیزائن دیا جائے گا۔

اس میں پہلا ڈسپلے بڑا ہوگا جو اس وقت فولڈ ہوگا جب فون کو بند کیا جائے گا جبکہ دوسری اسکرین فرنٹ پر باہر کی جانب ہوگی جس میں نوٹیفکیشنز اور چند دیگر فیچرز موجود ہوں گے۔

یہ فون مکمل اوپن ہونے پر 6.2 انچ کا ہوجائے گا جس کے لیے او ایل ای ڈی پینل دیا جائے گا۔

اس فون میں ممکنہ طور پر کوالکوم اسنیپ ڈراگون 710 پراسیسر، 4 سے 6 جی بی ریم اور 64 سے 128 جی بی اسٹوریج دیئے جانے کا امکان ہے۔

وال اسٹریٹ جرنل نے فروری میں اپنی رپورٹ میں بتایا تھا کہ اس فون کی قیمت 15 سو ڈالرز تک ہوسکتی ہے جو کہ گلیکسی فولڈ سے 500 ڈالرز جبکہ ہواوے کے فولڈ ایبل فون سے ایک ہزار ڈالرز سستا ہوگا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں