بنگلہ دیش کو پہلے ٹیسٹ میچ میں اننگز اور 130رنز سے شکست

16 نومبر 2019
بنگلہ دیش کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ میں کامیابی کے بعد بھارتی ٹیم کا فاتحانہ انداز— فوٹو: اے ایف پی
بنگلہ دیش کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ میں کامیابی کے بعد بھارتی ٹیم کا فاتحانہ انداز— فوٹو: اے ایف پی

بھارت نے ماینک اگرووال اور باؤلرز کی عمدہ کارکردگی کی بدولت بنگلہ دیش کو پہلے ٹیسٹ میچ کے تیسرے ہی دن یکطرفہ مقابلے کے بعد اننگز اور 130رنز سے شکست دے کر سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کر لی۔

اندور میں کھیلے گئے سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ میں بنگلہ دیش کی ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو غلط ثابت ہوا۔

بھارتی باؤلرز کے سامنے بنگلہ دیشی بلے باز بے بس نظر آئے اور پوری ٹیم 150رنز پر ڈھیر ہو گئی، مشفیق 43 اور کپتان مومن الحق 37 رنز بنا کر نمایاں بلے باز رہے۔

جواب میں ماینک اگروال کی شاندار ڈبل سنچری اور شتیشور پجارا، رویندرا جدیجا اور اجنکیا راہانے کی نصف سنچریوں کی بدولت بھارت نے 493 رنز چھ وکٹوں کے نقصان پر اپنی اننگز ڈکلیئر کرنے کا اعلان کردیا۔

اگروال نے عمدہ فارم کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے 28 چوکوں اور 8 چھکوں کی مدد سے 243 رنز کی شاندار اننگز کھیلی جبکہ راہانے نے 86، پجارا 54 اور جدیجا 60 رنز کی اننگز کھیلی۔

343 رنز کے خسارے میں جانے کے بعد بنگلہ دیش کی دوسری اننگز کا احوال بھی پہلی اننگز سے زیادہ مختلف نہ تھا اور 64 رنز بنانے والے مشفیق الرحیم کے سوا کوئی بھی بلے باز بھارتی باؤلرز کا سامنا کر سکا۔

بنگلہ دیش کی پوری ٹیم دوسری اننگز میں بھی 213 رنز پر ڈھیر ہو گئی، محمد شامی 4 وکٹیں لے کر سب سے کامیاب باؤلر رہے جبکہ روی چندرن ایشون نے تین اور امنیش یادو نے دو وکٹیں حاصل کیں۔

بھارت نے میچ کے تیسرے دن ہی یکطرفہ مقابلے کے بعد اننگز اور 130 رنز سے فتح حاصل کر لی۔

بھارت نے میچ میں فتح حاصل کر کے سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کر لی جبکہ سیریز کا دوسرا میچ 22نومبر سے کولکتہ میں کھیلا جائے گا۔

ماینک اگروال کو ڈبل سنچری پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں