برطانوی راک میوزک بینڈ 'کولڈ پلے' کے کچھ ماہ قبل سامنے آئے البم 'ایوری ڈے لائف' میں پاکستان کے نامور قوال امجد صابری کو خراج تحسین پیش کیا گیا تھا اور اب اس البم کے ایک اور گانے پر پاکستانی گلوکار کے گانے کی کاپی کا الزام بھی لگایا جارہا ہے۔

کولڈ پلے کے البم کا گانا 'ڈیڈی' انٹرنیٹ پر خوب مقبول ہورہا ہے۔

اس گانے کی ویڈیو میں ایک بچی کو دکھایا گیا ہے جو اپنے والد کی تلاش میں مصروف ہے اور گانے کے اختتام تک وہ اپنے والد کو ڈھونڈ لیتی ہے۔

اس گانے کے انٹرنیٹ پر وائرل ہونے کے بعد کئی افراد برطانوی بینڈ پر یہ الزام عائد کررہے ہیں کہ انہوں نے اپنے اس گانے کی ویڈیو کی نقل پاکستانی گلوکار عبداللہ قریشی کے گانے 'لاپتہ' کی ویڈیو سے کی ہے۔

عبداللہ قریشی کے گانے لاپتہ کی ویڈیو میں بھی ایک بچی اپنے والد کی تلاش میں مصروف ہوتی ہے، جبکہ دلچسپ بات یہ ہے کہ دونوں گانوں کی اینیمیٹڈ ویڈیوز میں بہت سی جھلکیاں ایک جیسی ہیں۔

واضح رہے کہ عبداللہ قریشی کا گانا 'لاپتہ' گزشتہ سال 28 جون کو سامنے آیا تھا جبکہ کولڈ پلے کے گانے کا پریمیئر گزشتہ سال 20 نومبر کو ہوا۔

دوسری جانب گلوکار عبداللہ قریشی کا ڈان امیجز سے بات کرتے ہوئے کہنا تھا کہ وہ کولڈ پلے کے بہت بڑے مداح ہیں۔

عبداللہ قریشی کا کہنا تھا کہ 'میں کولڈ پلے کے گانے سنتے ہوئے بڑا ہوا ہوں، مجھے لگتا ہے کہ اگر یہ ویڈیو بنانے کا آئیڈیا کولڈ پلے کا نہیں تو اس میں پروڈکشن ہاؤس آرڈمین اینیمیشنز کی غلطی ہے جنہوں نے یہ ویڈیو بنائی'۔

گلوکار نے مزید کہا کہ 'میرا نہیں خیال ہمیں بینڈ پر الزام لگانا چاہیے، میں ان کا میوزک سن چکا ہوں، ان کے کئی کنسرٹس میں جاچکا ہوں، میں جانتا ہوں اس بینڈ کے ممبرز بہت ایماندار ہیں'۔

عبداللہ قریشی کا مزید کہنا تھا کہ 'میرے لیے تو یہ بہت بڑے اعزاز کی بات ہے کیوں کہ میں ان کا بہت بڑا مداح ہوں، تو اگر انہوں نے واقعی میرے گانے کی ویڈیو کی نقل بھی کی تو میں بےحد خوش ہوں کہ وہ میرے کام سے متاثر ہیں'۔

کولڈ پلے بینڈ نے تو اب تک اس حوالے سے کوئی بیان جاری نہیں کیا۔

جہاں انٹرنیٹ پر اس گانے کی ویڈیو مقبول ہورہی ہے وہیں کولڈ پلے کے اس گانے پر یہ الزام بھی لگایا جارہا ہے کہ انہوں نے اس گانے کی موسیقی اور بول 1979 کے ایک گانے 'مدر' سے چرائے ہیں۔

تبصرے (0) بند ہیں