فواد چوہدری نے مبشر لقمان کو تھپڑ رسید کردیا؟

اپ ڈیٹ 06 جنوری 2020
رپورٹ کے مطابق شادی کی تقریب کے دوران پہلے دونوں میں تلخ کلامی ہوئی — فوٹو: ٹوئٹر
رپورٹ کے مطابق شادی کی تقریب کے دوران پہلے دونوں میں تلخ کلامی ہوئی — فوٹو: ٹوئٹر

وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی چوہدری فواد حسین سے متعلق اطلاعات سامنے آئی ہیں کہ انہوں نے شادی کی ایک تقریب کے دوران معروف ٹی وی اینکر مبشر لقمان کو تھپڑ رسید کردیا ہے۔

یہ پہلا موقع نہیں ہے کہ وفاقی وزیر نے کسی اینکر کو تھپڑ رسید کیا ہو، اس سے قبل چوہدری فواد حسین نے جون 2019 میں بھی معروف اینکر سمیع ابراہیم کو تھپڑ مار چکے ہیں۔

چوہدری فواد حسین نے جون 2019 میں معروف اینکر سمیع ابراہیم کو پنجاب کے شہر فیصل آباد میں ایک شادی کی تقریب کے دوران تھپڑ رسید کیا تھا جس کے بعد معروف اینکر نے مقدمہ بھی درج کروایا تھا۔

سمیع ابراہیم کو تھپڑ مارنے پر چوہدری فواد حسین کو صحافتی تنظیموں سمیت حکومتی افراد کی جانب سے بھی تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا جس کے بعد وفاقی وزیر نے کہا تھا کہ تھپڑ رسید کرنے کے واقعے کو 2 اداروں میں تصادم سمجھنے کے بجائے 2 اشخاص کے درمیان تنازع تصور کیا جانا چاہیے۔

یہ بھی پڑھیں: فواد چوہدری کا اینکر کو تھپڑ، وزارت نے وضاحت کردی

اور اب خبر سامنے آئی ہے کہ چوہدری فواد حسین نے معروف اینکر مبشر لقمان کو بھی شادی کی ایک تقریب میں تھپڑ رسید کردیا۔

نجی ٹی وی چینل ’جیو‘ نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ چوہدری فواد حسین نے مبشر لقمان کو لاہور میں صوبائی وزیر محسن لغاری کے بیٹے کے ولیمے کی تقریب میں تھپڑ رسید کیا۔

رپورٹ میں ذرائع سے بتایا گیا کہ ولیمے کی تقریب میں جہانگیر ترین، محسن لغاری اور اسحاق خاکوانی سمیت اہم شخصیات موجود تھیں۔

رپورٹ کے مطابق ولیمے کی تقریب میں چوہدری فواد حسین ساتھی سیاستدانوں سے بات چیت میں مصروف تھے کہ تقریب میں اینکر مبشر لقمان بھی پہنچے، جس پر وفاقی وزیر نے ان سے کچھ دن قبل یوٹیوب پر کیے جانے والے پروگرام سے متعلق سوالات کیے جس پر دونوں کے درمیان تلخ کلامی بھی ہوئی۔

رپورٹ کے مطابق تقریب میں موجود عینی شاہدین نے بتایا کہ فواد چوہدری نے مبشر لقمان کو تھپڑ رسید کردیا تو ساتھی سیاستدانوں نے دونوں کو الگ کرکے معاملے کو ٹھنڈا کرنے کی کوشش کی اور بعد ازاں دونوں تقریب سے چلے گئے۔

رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا کہ اینکر نے ٹی وی چینل سے بات کرنے کے دوران وفاقی وزیر کی جانب سے ’تھپڑ رسید‘ کرنے کی تصدیق کی۔

مزید پڑھیں: وزیر اعظم کا صحافی سمیع ابراہیم کو فون، تھپڑ کے واقعے پر اظہار افسوس

رپورٹ میں بتایا گیا کہ تقریب میں چوہدری فواد حسین نے مبشر لقمان سے اپنے یوٹیوب چینل کے پروگرام میں کیے گئے ان سے متعلق دعووں کے حوالے سے سوالات کیے تو معاملہ گرم ہوگیا۔

ٹی وی چینل نے بتایا کہ عینی شاہدین کا کہنا تھا کہ چوہدری فواد حسین نے مبشر لقمان سے سوال کیا کہ انہوں نے پروگرام میں جو دعوے کیے ہیں کہ ٹک ٹاک اسٹار حریم شاہ کے پاس وفاقی وزیر کی نامناسب ویڈیوز موجود ہیں کیا انہوں نے خود وہ ویڈیوز دیکھی ہیں؟

ٹی وی رپورٹ کے مطابق عینی شاہدین کا کہنا تھا کہ مبشر لقمان نے وفاقی وزیر کو کہا کہ ان کے پروگرام میں یہ دعوے دوسرے اینکر نے کیے تھے اور مبینہ طور پر ویڈیوز انہوں نے دیکھی ہیں۔

خیال رہے کہ مبشر لقمان نے 4 جنوری کو اپنے یوٹیوب چینل پر ایک پروگرام کیا تھا جس میں ان کے ساتھ ٹی وی اینکر رائے ثاقب کھرل بھی نظر آئے جنہوں نے کئی انکشافات کیے تھے۔

رائے ثاقب کھرل نے ہی ان کے پروگرام میں دعویٰ کیا تھا کہ آئندہ چند دن میں حریم شاہ وفاقی وزیر فواد چوہدری سمیت حکمران جماعت کے دیگر اہم سیاستدانوں کی ویڈیوز لیک کریں گی۔

مذکورہ اینکر نے دعویٰ کیا تھا کہ حریم شاہ کے پاس فواد چوہدری کی اخلاق سے گری ہوئی ویڈیوز موجود ہیں، ساتھ ہی انہوں نے یہ انکشاف بھی کیا تھا کہ ٹک ٹاک اسٹار کے پاس ایک خاتون وزیر کی بھی نامناسب ویڈیو موجود ہے۔

انہوں نے یہ بھی کہا تھا کہ فیاض الحسن چوہان نے ہی حریم شاہ کو دیگر سیاستدانوں سے ملوایا تھا۔

اگرچہ فواد چوہدری اور مبشر لقمان نے تاحال واضح طور پر اس واقعے سے متعلق کوئی بیان نہیں دیا تاہم چوہدری فواد حسین نے اپنی چند ٹوئٹس میں اینکر کے خلاف نامناسب زبان استعمال کی اور کہا کہ ایسے صحافیوں کو نکال دینا چاہیے۔

انہوں نے ایک ٹوئٹ میں یہ دعویٰ بھی کیا کہ وفاقی تحقیقاتی ادارے ’ایف آئی اے‘ نے بلیک میل گروہ کا پتہ لگا لیا ہے اور جلد ہی قوم کے سامنے ان کے حوالے سے مکمل ثبوت پیش کردیے جائیں گے۔

تبصرے (0) بند ہیں