اخراجات بڑھ گئے، اس سال حج مزید مہنگا ہوگا، وزیر مذہبی امور

17 جنوری 2020
کرتار پور اور حج کا موازنہ کیسے کیا جاسکتا ہے؟ وزیر مذہبی امور — فوٹو: ڈان نیوز
کرتار پور اور حج کا موازنہ کیسے کیا جاسکتا ہے؟ وزیر مذہبی امور — فوٹو: ڈان نیوز

وفاقی وزیر مذہبی و اقلیتی امور پیر نورالحق قادری کا کہنا ہے کہ پاکستانی روپے کی قدر میں کمی اور سعودی عرب میں آئے روز ٹیکسز کے نفاذ کی وجہ سے امسال حج اخراجات مزید بڑھ جائیں گے اور گزشتہ سال کے مقابلے اس سال حج مزید مہنگا ہوگا۔

اسلام آباد میں پوائیوٹ حج آرگنائزرز ایسوسی ایشن آف پاکستان کے مرکزی و چاروں صوبوں کے نومنتخب عہدیداروں کی حلف برداری کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پیر نورالحق قادری نے کہا کہ 'خواہش ہے کہ سستا حج کروا سکیں لیکن بڑھتے اخراجات کی وجہ سے ایسا کرنا ممکن نہیں اور گزشتہ سال کے مقابلے مین رواں برس حج مزید مہنگا ہوگا۔'

انہوں نے کہا کہ 'تنقید ہوتی ہے کرتارپور راہداری کھول دی اور حج مہنگا کردیا، کرتار پور اور حج کا موازنہ کیسے کیا جاسکتا ہے؟ کرتارپور ایک راہ داری ہے جو کہ صرف 4 کلو میٹر ہے اور سائیکل کی بجائے پیدل بھی لوگ آتے جاتے ہیں جبکہ حج کے لیے 4 ہزار کلومیٹر سے زائد کا طویل سفر طے کرکے وہاں 40 روز قیام و طعام کا اہتمام کرنا پڑتا ہے جس کی وجہ سے اخراجات زیادہ ہیں۔'

یہ بھی پڑھیں: حج درخواستوں سے جمع ہونے والی رقم پر سود لینے کا انکشاف

وزیر مذہبی امور نے حج پالیسی 2020 کے حوالے سے کہا کہ 'پالیسی مرتب کرنے کے لیے مشینری جذبے سے کام جاری ہے اور جلد ہی پالیسی کا اعلان کر دیا جائے گا۔'

اس موقع پر ہوپ کے مرکزی چیئرمین شاہد رفیق، خیبر پختونخوا زون کے چیئرمین ثنااللہ خان اور دیگر عہدیداروں نے خطاب کرتے ہوئے حج پالیسی کے حوالے سے اپنی مفید آرا اور تجاویر سے وفاقی حکومت کو آگاہ کیا اور کہا کہ گزشتہ سال کی طرح اس سال بھی اچھا حج کروائیں گے اور جو وعدے اور یقین دہانیاں حج کے حوالے سے کروائی گئی تھیں ان کو پورا کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ نجی حج کمپنیوں کی سہولیات کی وجہ سے ہم ملائیشیا کے ساتھ ٹاپ لیول پر آچکے ہیں اور امید کرتے ہیں کہ امسال بھی حجاج پرائیویٹ اسکیموں کے تحت اچھا حج کریں گے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں