اوگرا کی پیٹرول کی قیمت میں صرف 6 پیسے کمی کی تجویز

اپ ڈیٹ 31 جنوری 2020
اوگرا نے پیٹرول اور مٹی کے تیل کی قیمتوں میں بالترتیب 6 پیسے اور 66 پیسے کمی کی تجویز دی ہے— فائل فوٹو: رائٹرز
اوگرا نے پیٹرول اور مٹی کے تیل کی قیمتوں میں بالترتیب 6 پیسے اور 66 پیسے کمی کی تجویز دی ہے— فائل فوٹو: رائٹرز

اسلام آباد: آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے فروری کے مہینے کے لیے ڈیزل کی قیمتوں میں 2 فیصد اضافے اور پیٹرول کی قیمت میں صرف 6 پیسے فی لیٹر کمی کی تجویز دی ہے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق حکومتی عہدیدار نے ڈان کو بتایا کہ اوگرا نے جنرل سیلز ٹیکس (جی ایس ٹی) کے موجودہ نرخ اور پیٹرولیم لیوی کی بنیاد پر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں سے متعلق سمری حکومت کو ارسال کی۔

انہوں نے کہا کہ وزارت خزانہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا اعلان 31 جنوری کو کرے گی۔

جنوری کے مہینے میں پاکستان اسٹیٹ آئل کی درآمدی قیمت کی بنیاد پر اوگرا نے ہائی اسپیڈ ڈیزل (ایچ ایس ڈی) کی قیمت میں 2 روپے 47 پیسے فی لیٹر اور لائٹ ڈیزل آئل (ایل ڈی او) کی قیمت میں ایک روپے 10 پیسے فی لیٹر اضافے کی سفارش کی ہے۔

مزید پڑھیں: سالِ نو پر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 3 روپے 10 پیسے تک اضافے کا خدشہ

دوسری جانب اوگرا نے پیٹرول اور مٹی کے تیل کی قیمتوں میں بالترتیب 6 پیسے اور 66 پیسے کمی کی تجویز دی ہے۔

ہائی اسپیڈ ڈیزل کے ایکس-ڈپو نرخ ایک سو 27 روپے 26 پیسے کے بجائے ایک سو 29 روپے 73 پیسے بتائے گئے، جس میں 1.9 فیصد اضافہ ظاہر کیا گیا ہے۔

اسی طرح لائٹ ڈیزل آئل کی ایکس-ڈپو قیمت موجودہ 84 روپے 51 پیسے کے بجائے 85 روپے 61 پیسے فی لیٹر تجویز کرتے ہوئے اس میں 1.3فیصد اضافہ ظاہر کیا گیا ہے۔

دوسری جانب پیٹرول کی ایکس-ڈپو قیمت 0.1 فیصد کمی ظاہر کرتے ہوئے ایک سو 16 روپے 60 پیسے سے کم کرکے ایک سو 16 روپے 54 پیسے فی لیٹر کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔

مٹی کے تیل کی قیمت 0.7 فیصد کمی کے بعد 99 روپے 45 پیسے سے 98 روپے 79 پیسے فی لیٹر کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: اوگرا کی پیٹرولیم مصنوعات میں 4.5 روپے تک کمی کرنے کی تجویز

خیال رہے کہ حکومت پہلے ہی اضافی ریونیو کے حصول کے لیے تمام پیٹرولیم مصنوعات پر جی ایس ٹی 17 فیصد کرچکی ہے۔

گزشتہ برس جنوری تک حکومت لائٹ ڈیزل آئل پر 0.5 فیصد، مٹی کے تیل پر 2 فیصد، پیٹرول پر 8 فیصد اور ہائی اسپیڈ ڈیزل پر 13 فیصد جی ایس ٹی وصول کررہی تھی۔

17 فیصد جی ایس ٹی کے علاوہ حکومت حالیہ چند ماہ میں ہائی اسپیڈ ڈیزل پر پیٹرولیم لیوی کے نرخ 8 روپے سے 18 روپے جبکہ پیٹرول کے لیے 10 روپے سے بڑھا کر 15 روپے کرچکی ہے جبکہ مٹی کے تیل اور لائٹ ڈیزل آئل پر پیٹرولیم لیوی بالترتیب 6 روپے اور 3 روپے فی لیٹر کی سطح پر برقرار ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں