انتونیو گوتریس کا بھارت میں مسلمانوں سے امتیازی سلوک پر اظہار تشویش

اپ ڈیٹ 19 فروری 2020
اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل  نے ڈان نیوز کو خصوصی انٹرویو دیا— فوٹو: ڈان نیوز
اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے ڈان نیوز کو خصوصی انٹرویو دیا— فوٹو: ڈان نیوز

اسلام آباد: اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے بھارتی پارلیمنٹ کی جانب سے منظور کیے گئے شہریت ترمیمی ایکٹ سے مسلمانوں کی اکثریت سمیت 20 لاکھ افراد کے بے وطن ہونے کے خدشے پر تشویش کا اظہار کردیا۔

بھارت میں اقلیتوں کے ساتھ بڑھتے ہوئے امتیازی سلوک پر تشویش سے متعلق سوال پر انتونیو گوتریس نے کہا کہ اس حوالے سے ذاتی طور پر تشویش ہے، جب کبھی شہریت قوانین تبدیل کیے جاتے ہیں تو بے وطنی سے گریز اور دنیا کے ہر شہری کو کسی ملک کا شہری ہونے کو یقینی بنانے کی کوشش کی جاتی ہے۔

ڈان نیوز کو دیے گئے خصوصی انٹرویو میں جب اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل سے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی جانب سے تشدد، جنسی استحصال اور 7 سال کے بچوں کو قید کیے جانے سے متعلق بین الاقوامی میڈیا سمیت ایمنسٹی انٹرنیشنل، ہیومن رائٹس واچ اور حال ہی میں نئی دہلی میں جاری کی گئی رپورٹس سے متعلق سوال کیا گیا۔

مزید پڑھیں: اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل پاکستان کے کامیاب دورے پر عوام کے مشکور

اس سوال کے جواب میں انتونیو گوتریس نے کہا کہ اقوام متحدہ ہائی کمشنر کی 2 رپورٹس سمیت ان تمام رپورٹس نے کشمیر میں حقیقت میں کیا ہورہا ہے اسے واضح کرنے میں ایک اہم کردار ادا کیا اور یہ ضروری ہے کہ ان رپورٹس کو سنجیدگی سے لیا جائے۔

اقوام متحدہ، مقبوضہ کشمیر جانے اور وہاں ڈھائے جانے والے مظالم کی تحقیقات کے لیے اقوام متحدہ کے ایک اعلیٰ سطح کا انکوائری کمیشن تشکیل دینے میں ناکام ہونے سے متعلق سوال پر سیکریٹری جنرل نے کہا کہ ’ صرف اقوام متحدہ کی گورننگ باڈیز یا سلامتی کونسل یہ فیصلہ کرسکتی ہیں لیکن یہ رپورٹس قابل اعتبار، مفید اور انتہائی اہم ہیں‘۔

انتونیو گوتریس نے آگاہ کیا کہ اقوام متحدہ کی موجودہ ساخت اور اس کے صرف 5 مستقل رکن ممالک کو حاصل ویٹو پاور اقوام متحدہ کو اس کا مقصد پورا کرنے کی صلاحیت سے روک رہی ہے جس کے لیے (تنازع کے حل) اسے تشکیل دیا گیا تھا۔

انہوں نے جنگ عظیم دوم کے بعد قوانین پر مبنی نظام مغربی ممالک کے درمیان اتحاد کا نتیجہ تھا جو تیزی سے ختم ہورہا ہے اور اب ان کا خیال ہے کہ اقوام متحدہ کو اتنا خطرہ نہیں تھا جتنا زیادہ اس نئی حقیقت سے یہ اسے چیلنج کیا گیا ہے۔

اقوام متحدہ کی بڑھتی ہوئی افادیت کو یقینی بنانے سے متعلق انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ میں ریفارم لاکر ’مزید جمہوری اور مزید مؤثر بنانے‘ اور جس کثیر الجہتی دنیا میں ہم آج رہتے ہیں اس کی مزید نمائندہ بنانے کی ضرورت ہے۔

انتونیو گوتریس نے مزید کہا تھا کہ ’ہم دو قطبی دنیا میں رہتے تھے، قوانین نسبتاً واضح تھے، آج دنیا دو قطبی نہیں رہی، کثیر قطبی نہیں ہے یہ انتشار کا شکار دنیا ہے‘۔

انہوں نے کہا کہ طاقت سے تعلقات غیر واضح ہیں لہذا ہم تنازع کی صورتحال دیکھتے ہیں جس میں سبوتاژ کرنے والے جو چاہتے ہیں وہ کرتے ہیں کیونکہ اس حوالے سے ترتیب بنانے کا کوئی راستہ نہیں ہے۔

سیکریٹری جنرل نے کہا کہ ہم تضادات میں رہتے ہیں، کوئی ایک بات نہیں، ہمیں عالمی مسائل پر عالمی ردعمل کی ضرورت ہے، ہمیں پہلے سے زیادہ کثیر الجہتی گورننس کی ضرورت ہے ہم انتشار کا شکار دنیا میں رہتے ہیں جہاں چیزوں کو آگے بڑھانا مشکل ہے، ہمیں اقوام متحدہ میں اصلاحات لاکر اس چیلنج سے نمٹنا ہے۔

اقوام متحدہ کی مبینہ غیر مؤثر کارکردگی سے متعلق سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ’وہ دنیا پر حکومت نہیں کرتے‘ اور یہ بہت ضروری ہے کہ ممالک اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرار دادوں کا احترام کریں۔

انتونیو گوتریس نے کہا کہ دنیا بھر کے عوام سیاسی ادارے کے کام سے خوش نہیں اور گلوبلائزیشن نے بہت سے لوگوں کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔

فلسطین سے متعلق اقوام متحدہ کے مؤقف کے سوال پر سیکریٹری جنرل نے کہا کہ ’ہمارا مؤقف تبدیل نہیں ہوا‘ اور کہا کہ وہ دو ریاستی حل کے عزم پر قائم ہیں۔

انتونیو گوتریس نے کہا کہ ان کا ماننا ہے کہ ان ریاستوں کی سرحدوں کو 1967 کے بارڈرز پر مبنی ہونا چاہیے اور ’مغربی یروشلم کو اسرائیل جبکہ مشرقی یروشلم کو فلسطین کا دارالحکومت ہونا چاہیے، یہ ہماری لائن ہے اور ہماری لائن تبدیل نہیں ہوئی ہے‘۔

سیکریٹری جنرل نے یہ بھی کہا کہ اقوام متحدہ، اسرائیل اور فلسطین کے درمیان ’بین الاقوامی قوانین اور اصولوں کے تحت‘ مذاکرات کی سہولت کاری کے لیے تیار ہے۔

یہ بھی پڑھیں: اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کا کرتارپور راہدرای کا دورہ

پاکستان میں مہاجروں کی آمد اور افغان امن عمل کی ناکامی کی صورت میں افغان مہاجرین کی واپسی میں تاخیر اور امریکی فوجیوں کے انخلا کی صورت میں پیدا ہونے والے طاقت کے خلا کے باعث افغانستان میں خانہ جنگی کے دوبارہ سر اٹھانے سے متعلق اقوام متحدہ کے ہنگامی منصوبے کے سوال پر انہوں نے کہا کہ ’ہمارا کوئی ہنگامی منصوبہ نہیں ہے‘۔

انتونیو گوتریس نے کہا کہ امن کی گنجائش موجود ہے اور پاکستان بہت مثبت کردار ادا کررہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں افغانستان میں قیامِ امن کے لیے ہر کام کرنا چاہیے، انہوں نے افغانستان سے تعاون اور جنگ زدہ ملک کی تعمیرِ نو کے لیے بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری کا مطالبہ کیا۔

ہم اپنی زندگی میں اقوام متحدہ کی جانب سے عالمی تنازعات کے حل دیکھ سکیں گے یا نہیں اس حوالے سے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس پُرامید تھے نہ مایوس بلکہ اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عملدرآمد کے لیے اپنے اختیار میں جو کچھ ہے کرنے کا عزم کا کیا۔


یہ خبر 19 فروری، 2020 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں