خیبر پختونخوا نے کورونا وائرس سے بچاؤ کے پیش نظر تمام تعلیمی ادارے 15 دن کے لیے بند کرنے کا اعلان کردیا۔

پشاور میں صوبائی کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں صوبائی وزرا کو وائرس سے متعلق بریفنگ دی گئی۔

مزید پڑھیں: کورونا وائرس کے بارے میں وہ انکشافات اور تفصیلات جنہیں جاننا بہت ضروری ہے

اس ضمن میں صوبائی وزیر خزانہ تیمور سلیم خان جھگڑا نے بتایا کہ بورڈز امتحانات فی الحال ملتوی کردیے گئے ہیں۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ پبلک اور پرائیوٹ تمام ہوسٹلز بھی بند ہوں گے۔

تیمور سلیم خان نے کہا کہ سیمنارز، کلچر اور دیگر ایونٹس سمیت پبلک اکاؤنٹس ملتوی کردیے گئے۔

علاوہ ازیں تیمور خان جھگڑا نے کہا کہ 'جتنا عوامی رابطے کم ہوں گے اس قدر وائرس پھیلنے کے امکان کم ہوں گے'۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ خیبرپختونخوا میں تاحال کوئی کیس منظر عام پر نہیں آیا لیکن ہسپتال میں تمام ہنگامی انتظامات مکمل ہوں جنہیں روزانہ کی بنیاد پر بہتر کیا جارہا ہے'۔

علاوہ ازیں صوبائی وزیر خزانہ تیمور خان نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں اب تک کوئی کیس سامنے نہیں آیا۔

انہوں نے میڈیا کو مخاطب کرکے کہا کہ 'وہ حکومتی مؤقف یا انتظامیہ کی جانب سے جاری اعلامیے کو اپنی خبر کا حصہ بنائیں'۔

یہ بھی پڑھیں: ملک میں اب تک کورونا وائرس انسان سے انسان میں منتقل نہیں ہوا، ظفر مرزا

صوبائی وزیر نے کہا کہ ٹاسک فورس کے حکام ناصرف ملکی بلکہ بین الااقوامی طبی ماہرین سے کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے تجاویز طلب کررہے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ ضلعی انتظامیہ نجی تقاریب کے منتظمین کو قائل کرنے کی کوشش کرے گی کہ فی الحال تقاریب معطل کردی جائیں۔

تیمورخان جھگڑا نے بتایا کہ دیگر ممالک کی جیل میں بھی کورونا وائرس پھیلا ہے جس کے پیش نظر صوبے کی تمام جیلوں میں قیدیوں سے ملاقاتوں پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔

گلگت بلتستان میں تدریسی سرگرمیاں معطل

علاوہ زیں گلگت بلتستان میں نجی و سرکاری تعلیمی اداروں، مدارس اور جامعات میں 31 مارچ تک بند رکھنے کا اعلان کردیا گیا۔

اس ضمن میں جاری اعلامیے میں کہا گیا کہ گلگت بلتستان میں دینی مدارس بھی بند رہیں گے۔

واضح رہے کہ گلگت بلتستان انتظامیہ نے تعطیلات 16 مارچ سے 31 مارچ تک بڑھائی ہیں۔

تبصرے (0) بند ہیں