گوادر: کوسٹ گارڈز پر حملہ ، سات اہلکار ہلاک

شائع July 27, 2013

۔— فائل فوٹو
۔— فائل فوٹو

کوئٹہ: بلوچستان کے ساحلی شہر گوادر کے قریب نامعلوم مسلح افراد کے حملے میں کوسٹ گارڈز کے سات اہلکار ہلاک جبکہ اتنے ہی زخمی ہو گئے۔

یہ واقعہ تیل وگیس کی دولت سے مالامال صوبہ بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ سے1420 کلومیٹر جنوب مغرب میں واقع ضلع گوادر کے علاقے سنتسر میں پیش آیا۔

صوبائی سیکرٹری داخلہ اکبر حسین درانی نے اے ایف پی کو بتایا کہ راکٹوں اور بھاری ہتھیاروں سے لیس 24 کے قریب مسلح افراد نے چیک پوسٹ پر حملہ کیا اور 7 ساحلی محافظ اہلکاروں کو ہلاک کردیا-

ان کا کہنا تھا کہ کم از کم 7 کوسٹ گارڈ اہلکار علی الصبح ہونے والے حملے میں زخمی بھی ہوئے۔

حملے میں زخمی اہلکاروں کو طبی امداد فراہم کرنے کے لیے گوادر منتقل کر دیا گیا، جہاں ہسپتال ذرائع نے تین اہلکاروں کی حالت تشویش ناک بتائی ہے۔

ایک مقامی قبائلی پولیس اہلکار محمد علی نے بھی حملے اور ہلاکتوں کی تصدیق کی اور کہا کہ حملہ آوروں کی شناخت فوری طور پر نہیں ہوسکی ہے۔

حملہ آور بعد میں قریبی پہاڑوں میں فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔

واقعہ کے بعد سیکورٹی اہلکاروں کا ایک جتھہ حملہ آوروں کی تلاش اور گرفتاری کے لیے متاثرہ علاقے میں بھیج دیا گیا ہے، تاہم آخری اطلاعات آنے تک کسی گرفتاری کی رپورٹ موصول نہیں ہوئی۔

یاد رہے کہ پچھلے سال اسی طرح کے ایک حملے میں شدت پسندوں نے کوسٹ گارڈز کے سات اہلکاروں کو ہلاک کر دیا تھا۔

بلوچستان اسلامی شدت پسندی اور علاقائی مزاحمت دونوں کا شکار ہے، جس کا آغاز 2004ء میں ہوا- باغی سیاسی خودمختاری اور خطے کے قدرتی وسائل سے بڑے پیمانے پر منافع میں حصہ مانگتے ہیں-

کارٹون

کارٹون : 22 جون 2025
کارٹون : 21 جون 2025