میامی: اپارٹمنٹ میں فائرنگ سے سات افراد ہلاک

میامی: امریکی ریاست فلوریڈا کے شہر میامی کے اپارٹمنٹ میں فائرنگ سے حملہ آور سمیت 7 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ ہیالا بلڈنگ کی مختلف منزلوں پر فائرنگ کی گئی جس کے بعد مشتبہ شخص ایک اپارٹمنٹ میں گھس گیا اور ایک جوڑے کو یرغمال بنا لیا۔
پولیس کے ترجمان سارجنٹ ایڈری روڈریگوئز کا کہنا ہے کہ واقعے میں حملہ آور اور چھ معصوم انسان ہلاک ہو گئے تاہم ابھی تک اس حملے کے پیچھے مقاصد واضح نہیں ہو سکے۔
ایڈی کا کہنا تھا کہ فائرنگ کا واقعہ جمعہ کی شام ساڑھے چھ بجے پیش آیا اور اس کا اختتام جمعہ اور ہفتے کی درمیانی شب رات ڈھائی بجے اس وقت ہوا جب پولیس اس عمارت اور اپارٹمنٹ میں داخل ہوئی جہاں حملہ آور نے لوگوں کو یرغمال بنایا ہوا تھا۔
انہوں نے بتایا کہ یرغمال جوڑے کو حملہ آور سے متعلق علم نہیں تھا اور انہوں نے اسے ہتھیار ڈالنے ہر آمادہ کرنے کیلیے گھنٹوں تک مذاکرات کیے لیکن جب حملہ آور نے ہتھیار ڈالنے سے انکار کیا تو پولیس کو کارروائی کرنی پڑی۔
پولیس ترجمان کا کہنا تھا کہ حملہ آور نے مذکورہ جوڑے کو نقصان نہیں پہنچایا لیکن اس کی فائرنگ سے دو بوڑھے میاں بیوی ہلاک ہو گئے جن کو ان کی بیٹی نے شناخت کر لیا ہے۔
پولیس کے مطابق میاں بیوی بلڈنگ کے مالک تھے جہاں ان کی بیٹی شمیرا پسکوٹی نے بتایا کہ ان کے والدین کرایہ دار کی شکایت پر عمارت کا معائنہ کرنے گئے تھے اور ایسا محسوس ہوتا ہے کہ وہاں جھگڑا ہوا تھا۔
انہوں نے بتایا کہ کہ اس شخص نے فائرنگ شروع کر دی جس سے میری والدہ موقع پر ہی ہلاک ہو گئیں، میں نے 15 سے 20 فائر کی آوازیں سنیں۔
حکام ابھی ہلاک ہونے والے بقیہ افراد کی شناخت میں مصروف ہیں جہاں مذکورہ عمارت میں 90 سے زیادہ خاندان آباد ہیں تاہم ابھی تک اس بات کی تصدیق نہیں ہو سکی کہ آیا مشتبہ شخص اسی عمارت کا رہائشی تھا یا نہیں۔