پشاور: درس قرآن کے معاملے پر تنازع، فائرنگ سے 4 افراد جاں بحق

03 اپريل 2020
پولیس نے مرکزی ملزم سمیت متعدد ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرلیا — فائل فوٹو / اے ایف پی
پولیس نے مرکزی ملزم سمیت متعدد ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرلیا — فائل فوٹو / اے ایف پی

پشاور میں نماز کے بعد درس قرآن کے معاملے پر تنازع کے بعد فائرنگ کے نتیجے میں 4 افراد جاں بحق اور خاتون سمیت 4 زخمی ہوگئے۔

پولیس کے مطابق جمعرات کی شب تھانہ متھرا کی حدود میں مزمل گروپ نے مسجد میں نماز عشا کے بعد درس قرآن کے معاملے میں پیدا ہونے کے والے تنازع کے بعد طیش میں آکر مخالف گروپ کے اشفاق احمد کے گھر پر فائرنگ کردی۔

فائرنگ سے 3 افراد موقع پر جاں بحق اور 5 زخمی ہوئے جنہیں علاج کے لیے ہسپتال منتقل کیا گیا، تاہم دوران علاج ایک اور شخص زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔

ایک سینئر پولیس افسر نے ڈان نیوز کو بتایا کہ بدھ کی شب مسجد میں نماز عشا کے بعد مزمل گروپ کے لوگوں نے درس قرآن میں شامل ہوئے بغیر جانا چاہا تو اشفاق احمد گروپ کے لوگوں نے ان سے اس کی وجہ پوچھی۔

یہ بھی پڑھیں: پشاور: نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے سی ٹی ڈی کا ڈی ایس پی شہید

مزل نے غصے میں آکر سخت جواب دیا جس پر دونوں گروپوں کے درمیان پہلے تلخ کلامی ہوئی جو دیکھتے ہی دیکھتے ہاتھا پائی میں بدل گئی۔

مسجد میں موجود دیگر لوگوں نے دونوں گروپوں کے درمیان معاملے کو رفع دفع کرا دیا، تاہم مزمل گروپ کے لوگوں کا غصہ ٹھنڈا نہ ہوا اور انہوں نے انتہائی قدم اٹھایا۔

پولیس نے اشفاق احمد کی مدعیت میں فائرنگ کے مرکزی ملزم مزمل سمیت متعدد افراد کے خلاف مقدمہ درج لیا ہے جو واردات کے بعد سے غائب ہیں۔

ملزمان کی گرفتاری کے لیے ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ پولیس (ڈی ایس پی) رورل کی سربراہی میں خصوصی ٹیم تشکیل دے دی گئی ہے۔

تبصرے (1) بند ہیں

Sikandar hussain Apr 04, 2020 09:02am
یہ تو بالکل افسوس کی بات ہے اور جہالت کی انتہا ہے،