کورونا وائرس: فنڈز جمع کرنے کے لیے 8 گھنٹے طویل پروگرام

اپ ڈیٹ 19 اپريل 2020
خصوصی پروگرام میں 100 سے زائد شخصیات نے شرکت کی—فوٹو: گلوبل سٹیزن
خصوصی پروگرام میں 100 سے زائد شخصیات نے شرکت کی—فوٹو: گلوبل سٹیزن

عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) سماجی تنظیم گلوبل سٹیزن اور گلوکارہ و اداکارہ لیڈی گاگا کی جانب سے کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے فنڈز جمع کرنے کے لیے اعلان کردہ خصوصی میوزیکل ٹی وی پروگرام کو دنیا بھر میں کروڑوں افراد نے دیکھا۔

لیڈی گاگا، گلوبل سٹیزن اور عالمی ادارہ صحت نے گزشتہ ہفتے اعلان کیا تھا کہ 18 اپریل کو خصوصی پروگرام نشر کیا جائے گا اور گزشتہ شب مذکورہ پروگرام کو درجنوں ٹی وی چینلز، متعدد ویب اسٹریمنگ ویب سائٹس اور سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر براہ راست نشر کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: کورونا وائرس: لیڈی گاگا فنڈ جمع کرنے کے لیے ٹی وی پروگرام کریں گی

برطانوی اخبار دی گارجین کے مطابق ون ورلڈ: ٹوگیدر ایٹ ہوم نامی پروگرام کو یورپ و امریکا سمیت دیگر خطوں میں ٹی وی چینلز، ویب اسٹر یمنگ اداروں اور سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر براہ راست دکھایا گیا۔

خصوصی پروگرام میں 100 سے زائد موسیقاروں، گلوکاروں، اداکاروں، سماجی و سیاسی شخصیات سمیت اسپورٹس اور فیشن و ٹیکنالوجی کی شخصیات نے براہ راست ویڈیوز کے ذریعے شرکت کی تاہم بعض شخصیات نے براہ راست کے بجائے ریکارڈڈ ویڈیوز کے ذریعے پروگرام میں شرکت کی۔

خصوصی پروگرام کی 8 گھنٹے کی نشریات کو گلوبل سٹیزن کے یوٹیوب اور سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر بھی براہ راست دکھایا گیا جب کہ کئی شخصیات نے بھی اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر اسے براہ راست نشر کیا۔

امریکا و یورپ کے متعدد ٹی وی چینلز نے بھی مذکورہ پروگرام کو براہ راست دکھایا جب کہ متعدد ٹی وی چینل نے مذکورہ پروگرام کے منتخب حصے کو 19 اپریل کو دکھانے کا خصوصی اہتمام کیا۔

ابھی یہ واضح نہیں ہے کہ تقریبا 8 گھنٹے طویل اس خصوصی پروگرام سے کتنی کمائی ہوئی تاہم خیال کیا جا رہا ہے کہ اس سے کروڑوں ڈالرز کی کمائی ہوئی ہوگی اور اس پروگرام سے حاصل ہونے والی تمام رقم کو عالمی ادارہ صحت کو فراہم کی جائے گی۔

عالمی ادارہ صحت مذکورہ رقم سے طبی عملے کے لیے حفاظتی سامان خریدنے سمیت طبی آلات خریدے گا جب کہ اسی رقم سے ادویات سمیت کورونا وائرس کا مقابلہ کرنے والی دیگر ضروری چیزیں بھی خریدی جائیں گی۔

خصوصی پروگرام ون ورلڈ: ٹوگیدر ایٹ ہوم میں گلوکارہ ٹیلر سوئفٹ، جنیفر لوپیز، لی آئلش، لیزو، سر ایلٹن جان، ڈیوڈ بیکھم، جان لیجنڈ، ایڈی ویڈر، کیری واشنگٹن، کولڈ پلے کرس مارٹن، جے بالون، اینڈریا بکولی اور مالوما سمیت دیگر شوبز و میوزک سے وابستہ شخصیات نے شرکت کی۔

خود لیڈی گاگا نے بھی اس پروگرام میں پرفارمنس کی اور انہوں نے مذکورہ پروگرام کو طبی عملے کے لیے دنیا کا لکھا محبت نامہ قرار دیا۔

ون ورلڈ: ٹوگیدر ایٹ ہوم کی 8 گھنٹے کی مکمل نشریات اس لنک پر بھی دیکھی جا سکتی ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں