ووگ میگزین کی تاریخ میں پہلی بار 85 سالہ اداکارہ سرورق کی زینت

اپ ڈیٹ 06 مئ 2020
جوڈی ڈینچ کو جون کے شمارے کی زینت بنایا گیا ہے—فوٹو: ووگ میگزین
جوڈی ڈینچ کو جون کے شمارے کی زینت بنایا گیا ہے—فوٹو: ووگ میگزین

فیشن کی دنیا میں منفرد اہمیت رکھنے والے شہرہ آفاق میگزین 'ووگ' کے سرورق پر پہلی بار 85 سالہ خاتون کو زینت بنایا گیا ہے۔

ووگ میگزین کو فیشن کے حوالے سے سب سے معتبر میگزین کا درجہ حاصل ہے، اس میگزین کو 1916 میں برطانیہ سے شروع کیا گیا تھا، بعد ازاں اس میگزین کے امریکا سمیت دیگر ممالک کے ایڈیشن کا آغاز بھی کیا گیا۔

ووگ میگزین پر ہمیشہ یہ تنقید کی جاتی رہے کہ وہ سفید فام، جسمانی طور پر پرکشش اور خوبصورت خواتین کو سرورق پر جگہ دینے کی کوشش کرتا ہے اور اس میگزین پر ملازمین کے حوالے سے بھی صنفی تفریق کے الزامات لگائے جاتے رہے ہیں۔

میگزین انتظامیہ پر اعلیٰ عہدوں پر صرف خواتین اور وہ بھی سفید فام اور پرکشش نظر آنے والی خواتین کو تعینات کرنے جیسے الزامات لگائے جاتے رہے ہیں اور ایسی تنقید کے بعد میگزین نے گزشتہ چند سال میں نمایاں تبدیلیاں کرتے ہوئے اب عمر رسیدہ خواتین کو بھی میگزین کی سرورق کی زینت بنانا شروع کیا ہے۔

جوڈی ڈینچ نے 1964 میں کیریئر کا آغاز کیا—فوٹو: ووگ میگزین
جوڈی ڈینچ نے 1964 میں کیریئر کا آغاز کیا—فوٹو: ووگ میگزین

ووگ کے مطابق اس کے جون کے شمارہ کے لیے آسکر ایوارڈ یافتہ ہولی وڈ کی 85 سالہ ڈچ نژاد برطانوی اداکارہ جوڈی ڈینچ کو سرورق کی زینت بنایا گیا ہے اور وہ میگزین کی تاریخ کی پہلی ایسی خاتون ہیں جنہیں اتنی عمر میں یہ اعزاز دیا گیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق دنیا بھر میں کورونا وائرس کی وجہ سے نافذ لاک ڈاؤن کے باعث جوڈی ڈینچ کا میگزین کے لیے انٹرویو گھر میں محدود ہونے کے دوران لیا گیا، تاہم ان کی تصاویر برطانیہ میں سخت لاک ڈاؤن ہونے سے قبل ہی کھینچی گئی تھیں۔

یہ بھی پڑھیں: تاریخ میں پہلی بار فیشن میگزین کے سرورق پر تین باحجاب ماڈلز

انٹرویو کے دوران جوڈی ڈینچ نے اپنے کیریئر پر بات کرنے سمیت شوبز کے حوالے سے بھی کھل کر بات کی اور اس بات پر خوشی کا اظہار کیا کہ انہیں زائد العمری کے باوجود معروف میگزین نے سرورق کی زینت بنایا۔

انٹرویو کے دوران جوڈی ڈینچ نے اپنی پسندیدہ فلموں پر بات کرنے سمیت دیگر یادوں پر بھی بات کی اور کہا کہ اب زمانہ بدل رہا ہے اور ہر جگہ صنفی مساوات دکھائی دینے لگی ہیں۔

جوڈی ڈینچ نے 1998 کی فلم شیکسپیئر ان لو میں ملکہ برطانیہ اول کا کردار ادا کرنے پر آسکر ایوارڈ جیتا تھا—اسکرین شاٹ
جوڈی ڈینچ نے 1998 کی فلم شیکسپیئر ان لو میں ملکہ برطانیہ اول کا کردار ادا کرنے پر آسکر ایوارڈ جیتا تھا—اسکرین شاٹ

جوڈی ڈینچ نے 1964 میں فلم دی تھرڈ سیکریٹ سے کیریئر کا آغاز کیا اور انہوں نے مجموعی طور پر 150 کے قریب فلموں اور ڈراموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے۔

یہ بھی پڑھیں: پہلی بار بکنی ماڈل کے بجائے باحجاب سوئم سوٹ ماڈل کا انتخاب

جوڈی ڈینچ نے آسکر ایوارڈ سمیت متعدد اعلیٰ فلمی ایوارڈ جیتے، انہوں نے 1998 میں ریلیز ہونے والی فلم شیکسپیئر ان لو میں ملکہ برطانیہ اول کا کردار ادا کرنے پر آسکر ایوارڈ جیتا۔

جوڈی ڈینچ نے اگرچہ فلمی کیریئر کا آغاز 1964 میں کیا، تاہم انہوں نے فلموں میں جوہر دکھانے سے قبل ہی اسٹیج کی اداکاری کی شروعات کردی تھی اور انہوں نے ابتدائی چند سال تک شیکسپیئر کے متعدد ڈراموں میں اداکاری کی۔

جوڈی ڈینچ سے قبل ووگ میگزین نے گزشتہ برس جون میں ہی 81 سالہ اداکارہ جانے فانڈا کو سرورق کی زینت بنایا تھا، تاہم اب میگزین نے 85 سالہ اداکارہ کو سرورق کی زینت بنا کر ایک نیا اعزاز حاصل کیا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں