نعمان اعجاز کے ’مذاق‘ پر ہمایوں سعید اور عدنان صدیقی کا ناراضی کا اظہار

اپ ڈیٹ 10 مئ 2020
تینوں اداکاروں کی ماضی میں لی گئی یادگار تصویر — فوٹو: ٹوئٹر
تینوں اداکاروں کی ماضی میں لی گئی یادگار تصویر — فوٹو: ٹوئٹر

شوبز انڈسٹری میں موجود اداکاراؤں کے بارے میں ہمیشہ یہ دعویٰ کیا جاتا ہے کہ ان کے آپسی تعلقات اچھے نہیں ہوتے، تاہم یہ کہنا غلط نہیں ہوگا کہ صرف اداکارائیں ہی نہیں بلکہ اداکار بھی ایک دوسرے پر تنقید کرنے سے گریز نہیں کرتے۔

حال ہی میں اداکار نعمان اعجاز نے ایک لائیو انسٹا ویڈیو میں اداکار ہمایوں سعید اور عدنان صدیقی کی اداکاری کو تنقید کا نشانہ بنایا تھا.

انہوں نے کہا تھا کہ ’وقت کے ساتھ لوگ بہتر ہوجاتے ہیں لیکن ہمایوں میں کوئی تبدیلی نہیں آئی، لیکن اگر وہ ایسے ہی محنت کرتا رہے تو شاید کسی دن حادثاتی طور پر ان کو اداکاری آجائے گی، میں پراُمید ہوں اور انسان کو اللہ کی ذات سے نااُمید نہیں ہونا چاہیے، میں دعا کرتا ہوں کہ انہیں جلد کام آجائے‘۔

A photo posted by Instagram (@instagram) on

نعمان اعجاز نے ہمایوں کے ساتھ ساتھ عدنان صدیقی کی اداکاری کے حوالے سے بھی کہا تھا کہ وہ ہمایوں سعید کے نقشے قدم پر ہیں۔

اس ویڈیو کے وائرل ہونے کے بعد نعمان اعجاز کے مداحوں کا ماننا تھا کہ اداکار نے یہ سب کچھ مذاق میں کہا جبکہ ہمایوں سعید اور عدنان صدیقی کے مداحوں نے نعمان اعجاز کو تنقید کا نشانہ بنایا۔

جبکہ اب اداکار ہمایوں سعید اور عدنان صدیقی دونوں نے ڈان امیجز کو دیے ایک انٹرویو میں نعمان اعجاز کی ویڈیو پر بات کی اور اپنی ناپسندیدگی کا اظہار کیا۔

مزید پڑھیں: ہمایوں ایسے ہی محنت کرتے رہے تو شاید کبھی اداکاری سیکھ جائیں گے، نعمان اعجاز

ہمایوں سعید کا کہنا تھا کہ ’اگر خدا نے آپ کو عزت سے نوازا ہے تو آپ کو اس بات کا شکر گزار ہونا چاہیے اور دوسروں کا بھی احترام کرنا چاہیے، میں ہمیشہ سب کی عزت کرتا ہوں اور بدلے میں مجھے اتنی عزت اور محبت ملی جس کے بارے میں میں نے کبھی سوچا بھی نہیں تھا‘۔

انہوں نے مزید کہا کہ ’نعمان مذاق کررہے تھے یا سنجیدہ تھے میں نہیں جانتا لیکن ایک بات انہوں نے بالکل ٹھیک کی، کہ میں آج بھی سیکھ ہی رہا ہوں اور مجھے اُمید ہے کہ آگے بھی سیکھتا رہوں گا، ہاں نعمان جیسے سمجھدار اپنے پہلے ڈرامے میں تھے وہ آج بھی ویسے ہی ہیں، میں ایسا نہیں بننا چاہتا، میں ایسا کبھی نہیں سوچنا چاہتا کہ میں نے سب کچھ سیکھ لیا، کیوں کہ اگر میں ایسا کرتا ہوں تو میں شاید لوگوں کو اپنے نئے کام سے محظوظ نہیں کرسکوں گا‘۔

عدنان صدیقی کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ ’ہم انسان ہونے کی حیثیت سے کبھی کبھار بھول جاتے ہیں کہ اللہ ہمیں دیکھ رہا ہے اور اپنی رحمتوں سے نواز رہا ہے، کبھی کبھار ہم اپنے شوبز ممبران کا مذاق اڑاتے ہیں جو میرے خیال میں غیر ضروری ہے، میں نہیں سمجھتا کہ میں ایک اچھا اداکار ہوں لیکن میں اللہ کا شکر گزار ہوں کہ اس نے مجھے اس عزت اور پیار سے نوازا‘۔

انہوں نے مزید کہا کہ ’ہم کون ہوتے ہیں کسی ایسے شخص کا مذاق اڑانے والے جسے اللہ اپنی رحمت سے نواز رہا ہو‘۔

عدنان صدیقی کے مطابق ’ہم عوامی سطح پر اپنے گھر والوں کا مذاق نہیں اڑاتے، ہم ایسا ہمیشہ تب کرتے ہیں جب صرف وہ ہمارے ساتھ ہوں، ایسے ہی جب انٹرٹینمنٹ انڈسٹری کا کوئی شخص کسی کے کام پر تنقید کرے تو وہ اس سے کرے عوام سے نہیں‘۔

یہ بھی پڑھیں: کورونا وائرس کا خوف، ہمایوں سعید اور عدنان صدیقی نے خود کو قرنطینہ کرلیا

انہوں نے کہا کہ ’لوگ اکثر غلط بات کرکے ایسا ظاہر کرنے کی کوشش کرتے ہیں کہ انہوں نے یہ سب مذاق میں کہا تھا لیکن یہ بات اچھی طرح سمجھ آجاتی ہے کہ مذاق میں کہنے کا اس شخص کا مقصد کیا تھا‘۔

دوسری جانب نعمان اعجاز نے ایک اور انسٹاگرام لائیو ویڈیو میں واضح کیا کہ انہوں نے یہ سب کچھ صرف اور صرف مذاق میں کہا تھا۔

اداکار نے اپنی ویڈیو میں بلاگرز کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ آج کل ان کے پاس کوئی کام نہیں تو وہ ان کے ایک بیان کو ہی متنازع بناکر پیش کررہے ہیں۔

خیال رہے کہ عدنان صدیقی اور ہمایوں سعید گزشتہ سال سامنے آئے بلاک بسٹر ہٹ ڈرامے ’میرے پاس تم ہو‘ میں کام کرچکے ہیں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں