خودکشی یا قتل؟ سشانت سنگھ راجپوت واقعے پر فلم بنے گی

اپ ڈیٹ 19 جون 2020
فلم کی شوٹنگ آئندہ چند ماہ میں شروع کردی جائے گی—فائل فوٹو: انسٹاگرام
فلم کی شوٹنگ آئندہ چند ماہ میں شروع کردی جائے گی—فائل فوٹو: انسٹاگرام

بولی وڈ اداکار 34 سالہ سشانت سنگھ راجپوت نے 14 جون کی دوپہر ایک بجے کے قریب بھارتی شہر ممبئی میں اپنی رہائش گاہ پر خودکشی کرلی تھی۔

سشانت سنگھ راجپوت کی اچانک خودکشی کے بعد جہاں بھارت کی سیاسی، سماجی اور شخصیات صدمے میں ہیں، وہیں عوام میں بھی ان کی خودکشی کے حوالے سے غم و غصہ ہے اور کئی لوگ دعویٰ کر رہے ہیں کہ انہیں خودکشی کرنے پر مجبور کیا گیا۔

اگرچہ اب تک رپورٹس کے مطابق سشانت سنگھ راجپوت نے خودکشی کی، تاہم پولیس نے ان کے ممکنہ قتل کی تفتیش بھی شروع کر رکھی ہے اور ابتدائی طور پر ممبئی پولیس یہ جاننے کی کوشش کر رہی ہے کہ ایسی کیا وجوہات تھیں جن کی بناء پر اداکار نے خودکشی کی۔

پولیس نے 19 جون تک کم از کم ایک درجن افراد کے بیانات بھی ریکارڈ کرلیے تھے اور بیانات ریکارڈ کروانے والے افراد میں اداکار کے اہل خانہ بھی شامل ہیں۔

پولیس نے کچھ بولی وڈ فلم سازوں سمیت کچھ اداکاروں کو بھی بیانات ریکارڈ کروانے کے لیے سمن جاری کر رکھے ہیں جب کہ 18 جون کو سشانت سنگھ کی گرل فرینڈ اداکار ریا چکربورتی نے بھی اپنا بیان ریکارڈ کروایا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: بولی وڈ اداکار سُشانت سنگھ راجپوت نے خودکشی کرلی

پولیس کو بیان ریکارڈ کروانے کے دوران اداکار کے حالیہ منیجر نے دعویٰ کیا تھا کہ اداکار مالی مشکلات کا بھی شکار تھے اور انہوں نے اپنے باورچیوں اور دھوبی کو خودکشی سے تین دن قبل ہی تنخواہیں ادا کی تھیں۔

سشانت سنگھ نے ڈپریشن کے باعث خودکشی کی، رپورٹس—فائل فوٹو: انسٹاگرام
سشانت سنگھ نے ڈپریشن کے باعث خودکشی کی، رپورٹس—فائل فوٹو: انسٹاگرام

تاہم دوسری جانب اداکار کے اہل خانہ نے ایسی خبروں سے لاعلمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں ایسی کوئی اطلاع نہیں تھی۔

سشانت سنگھ راجپوت کی اچانک خودکشی پر ایڈووکیٹ سدھیر کمار اوجھا نامی شخص نے ریاست بہار کے شہر مظفر پور کی عدالت میں سشانت سنگھ کی خودکشی کو قتل قرار دیکر سلمان خان اور کرن جوہر سمیت 8 بولی وڈ شخصیات کے خلاف مقدمہ دائر کیا تھا۔

سدھیر کمار کا دعویٰ تھا کہ معروف بولی وڈ شخصیات نے ایسے حالات پیدا کیے کہ سشانت سنگھ راجپوت خودکشی جیسا قدم اٹھانے پر مجبور ہوئے۔

اور ایسی ہی بہت ساری افواہیں اور باتیں پھیلنے کے بعد اب بھارتی فلم سازوں نے اس واقعے پر فلم بھی بنانے کا اعلان کردیا۔

مزید پڑھیں: سشانت سنگھ راجپوت نے زندگی کے آخری ڈھائی گھنٹے کیسے گزارے؟

جی ہاں، سشانت سنگھ کی زندگی اور ان کی جانب سے خودکشی کیے جانے کے واقعے پر بنائی جانے والی فلم کی جلد ہی شوٹنگ شروع کردی جائے گی۔

سشانت سنگھ راجپوت نے 2013 سے فلمی کیریئر کا آغاز کیا—فوٹو: انسٹاگرام
سشانت سنگھ راجپوت نے 2013 سے فلمی کیریئر کا آغاز کیا—فوٹو: انسٹاگرام

انڈین ایکسپریس کے مطابق سشانت سنگھ کی جانب سے خودکشی کیے جانے کے واقعے کے بعد اسی معاملے پر فلم ساز وجے شیکھر گپتا فلم بنائیں گے۔

فلم کے حوالے سے وجے شیکھر گپتا کا کہنا تھا کہ فلم سشانت سنگھ راجپوت کی سوانح عمری نہیں ہوگی بلکہ ان کی زندگی، جدوجہد اور ان کی جانب سے خودکشی کرنے کے معاملے پر بنائی جائے گی۔

فلم ساز کے مطابق نوجوان اداکار کی خودکشی نے پوری قوم کو جنجھوڑ دیا ہے اور قوم حقائق جاننا چاہتی ہے اور ساتھ ہی فلم انڈسٹری میں آنے کے خواہاں نوجوان اور نئے چہرے شوبز انڈسٹری کا مکروہ چہرا بھی دیکھنا چاہتے ہیں۔

A photo posted by Instagram (@instagram) on

فلم ساز کے مطابق فلم کی کہانی اداکار کی پوری زندگی اور جدوجہد سمیت ان کی خودکشی کے بعد ہونے والی تحقیق کے تناظر میں لکھی جائے گی اور فلم کی تمام کاسٹ نئی ہوگی۔

انہوں نے فلم کے حوالے سے مزید تفصیلات نہیں بتائیں تاہم کہا کہ آئندہ چند ماہ بعد فلم کی شوٹنگ شروع کردی جائے گی۔

مزید پڑھیں: خودکشی کرنے والے سشانت سنگھ کی پوسٹ مارٹم رپورٹ آگئی

رپورٹ کے مطابق سشانت سنگھ راجپوت کی زندگی پر بنائی جانے والی فلم کا نام (خودکشی یا قتل) رکھا جائے گا جب کہ اس کی ہدایات شامک ملک دیں گے۔

فلم کی کہانی اور ڈائیلاگ راکیش کمار لکھیں گے اور یہ کہنا قبل از وقت ہے کہ اس میں سشانت سنگھ کا کردار کون ادا کرے گا؟

خیال رہے کہ سشانت سنگھ راجپوت نے کیریئر کا آغاز 2008 میں ٹی وی سے کیا تھا تاہم انہوں نے 2013 میں فلمی کیریئر کا آغاز کیا، انہوں نے اب تک محض ایک درجن فلموں میں ہی کام کیا تھا۔

سشانت سنگھ راجپوت کی فلموں میں کائی پو چے، شدھ دیسی رومانس، پی کے، ڈیٹیکٹو بایو مکیش بخشی، ایم ایس دھونی: دی یونائیٹڈ اسٹوری، رابطہ، ویلکم ٹو نیویارک، کیدرناتھ، سون چڑیا، چھچھورے اور ڈرائیو شامل ہیں۔

سشانت سنگھ راجپوت کو ان کے 12 سالہ کیریئر کے دوران 20 کے قریب ایوارڈز کے لیے نامزد کیا گیا اور انہوں نے 9 ایوارڈز جیتے، انہوں نے بہترین ڈیبیو اداکار، بہترین پاپولر اداکار اور بہترین اداکار کے فلم فیئر، اسکرین ایوارڈ اور زی سائن ایوارڈز جیتے۔

A photo posted by Instagram (@instagram) on

تبصرے (0) بند ہیں