جاوید اختر نے ریتیک روشن سے معافی مانگنے پر مجبور کیا، کنگنا رناوٹ

دونوں نے چند فلموں میں بھی ایک ساتھ کام کیا ہے—فائائل فوٹو: انڈیا ٹی وی
دونوں نے چند فلموں میں بھی ایک ساتھ کام کیا ہے—فائائل فوٹو: انڈیا ٹی وی

بولی وڈ اداکارہ کنگنا رناوٹ یوں تو گزشتہ چند سال سے شوبز انڈسٹری میں اقربا پروری کے خلاف آواز بلند کرتی آ رہی ہیں اور وہ ہی پہلی بڑی اداکارہ بنی تھیں جنہوں نے کرن جوہر جیسے بااثر افراد کے خلاف آواز اٹھائی تھی۔

حال ہی میں اداکار سشانت سنگھ راجپوت کی خودکشی کے بعد بھی انہوں نے کرن جوہر سمیت بولی وڈ کے بڑے اور بااثر افراد پر تاحال اقربا پروری کو فروغ دینے اور ایسے ماحول بنانے کا الزام عائد کیا تھا جس سے نئے اداکار مایوس ہوکر خودکشی کرلیتے ہیں۔

انہوں نے سشانت سنگھ راجپوت کی خودکشی کے بعد ویڈیو پیغام میں کہا تھا کہ بولی وڈ کے پروڈکشن ہاؤسز، فلم سازوں اور بڑے اداکاروں نے ایسے حالات پیدا کیے کہ سشانت سنگھ خودکشی پر مجبور ہوگئے۔

اپنے بیان کے بعد انہوں نے ایک شوبز ویب سائٹ کو خصوصی انٹرویو کے دوران انکشاف کیا کہ ماضی میں وہ بھی ایسے ہی حالات سے گزر چکی ہیں اور ان کے لیے بھی ایسا ہی ماحول پیدا کیا گیا کہ وہ بھی مجبور ہوکر کوئی بڑا قدم اٹھائیں۔

پنک ولا کو دیے گئے انٹرویو میں کنگنا رناوٹ نے الزام عائد کیا کہ ماضی میں معروف فلم ساز و شاعر جاوید اختر نے انہیں گھر پر بلاکر فلم ساز راکیش روشن اور ان کے بیٹے ریتیک روشن سے معافی مانگنے کے لیے دباؤ ڈالا۔

کنگنا رناوٹ کے مطابق جاوید اختر نے باتوں ہی باتوں میں انہیں دھمکی دی کہ اگر انہوں نے بااثر اداکار و فلم ساز کے خاندان سے معافی نہیں مانگی تو وہ خاندان انہیں جیل بھجوا دے گا یا پھر اس کے لیے ایسے حالات پیدا کردیے جائیں گے کہ ان کے پاس خودکشی کے علاوہ کوئی راستہ نہیں بچے گا۔

اداکارہ نے دعویٰ کیا کہ جاوید اختر نے انہیں واضح طور پر پیغام دیا کہ انہیں ریتیک روشن اور اس کے خاندان کے خلاف باتیں کرنے کے بجائے ان سے معافی مانگ لینی چاہیے۔

خیال رہے کہ ماضی میں ریتیک روشن اور کنگنا رناوٹ کے درمیان جہاں رومانوی تعلقات رہے ہیں، وہیں ان دونوں کے درمیان 2017 کے بعد شدید اختلافات بھی سامنے آئے اور دونوں نے ایک دوسرے پر سنگین الزامات بھی عائد کیے۔

A photo posted by Instagram (@instagram) on

کنگنا رناوٹ نے دعویٰ کیا تھا کہ ریتیک روشن نے ان سے شادی کا وعدہ بھی کیا لیکن بعد میں مکر گئے۔

اداکارہ کی 2016 کے بعد نازیبا ویڈیوز اور تصاویر بھی لیک ہوئی تھیں اور کنگنا رناوٹ نے دعویٰ کیا تھا کہ وہ تصاویر و ویڈیوز ریتیک روشن نے ہی لیک کی تھیں۔

اداکارہ نے ریتیک روشن کے علاوہ ان کے والد فلم ساز راکیش روشن پر بھی سنگین الزامات لگاتے ہوئے انہیں اقربا پروری کی فیکٹری قرار دیا تھا۔

تاہم ریتیک روشن نے اداکارہ کے تمام الزامات کو مسترد کرتے ہوئے ان پر بلیک میل کرنے اور عورت کارڈ استعمال کرنے کا الزام عائد کیا تھا۔

دونوں کے درمیان تلخیاں اس حد تک بڑھ گئی تھیں کہ دونوں نے ایک دوسرے کے خلاف جاسوسی، ذہنی طور پر پریشان کرنے اور بلیک میل کرنے کی پولیس میں شکایات بھی درج کروائی تھیں۔

کنگنا رناوٹ کے تازہ دعووں اور الزامات پر تاحال جاوید اختر سمیت ریتیک روشن اور ان کے والد کی جانب سے کوئی بیان سامنے نہیں آسکا۔

A photo posted by Instagram (@instagram) on

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں