حج 2020: حکومت کا کامیاب درخواست گزاروں کو پیسے واپس دینے کا فیصلہ

سرکاری حج اسکیم کے تحت قرعہ اندازی میں کامیاب درخواست گزاروں کو وزارت پیسے واپس کرے گی — فائل فوٹو
سرکاری حج اسکیم کے تحت قرعہ اندازی میں کامیاب درخواست گزاروں کو وزارت پیسے واپس کرے گی — فائل فوٹو

وزارت مذہبی امور نے حج 2020 کے کامیاب درخواست گزاروں کو پیسے واپس دینے کا فیصلہ کیا ہے۔

حج 2020 سے متعلق وفاقی وزیر مذہبی امور پیر نورالحق قادری کی زیر صدارت اہم اجلاس ہوا۔

اجلاس میں حج 2020 کے کامیاب درخواست گزاروں کو پیسے واپس دینے کا فیصلہ کیا گیا۔

سرکاری حج اسکیم کے تحت قرعہ اندازی میں کامیاب درخواست گزاروں کو وزارت پیسے واپس کرے گی۔

وزارت مذہبی امور نے کل حج فارمولیشن کمیٹی کا اجلاس بھی طلب کرلیا، جس کے بعد پیسوں کی واپسی کا اعلان کیا جائے گا۔

سعودی حکومت کا فیصلہ شریعت کے مطابق ہے، نورالحق قادری

بعد ازاں اپنے بیان میں وزیر مذہبی امور نورالحق قادری نے کہا کہ حج کی محدود پیمانے پر ادائیگی کے سعودی فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہیں، یہ فیصلہ شریعت کے حکم اور موجودہ حالات کے عین مطابق ہے۔

انہوں نے کہا کہ سعودی وزیر حج نے اعلان سے پہلے ہمیں اعتماد میں لیا جس کے لیے ہم شکر گزار ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ عالم اسلام کے حجاج کرام کو کورونا وبا سے بچانے کے لیے یہ ایک مشکل مگر دانشمندانہ اقدام ہے، دنیا بھر میں جاری اس موذی وبا کے پھیلاؤ کی روک تھام کے لیے سعودی فیصلے کی تائید کرتے ہیں۔

پیر نورالحق قادری نے کہا کہ شاہ سلمان بن عبد العزیز اور سعودی حکومت نے ہمیشہ حجاج کے لیے بہترین سہولیات کو یقینی بنایا ہے، حجاج کرام کی ہر ممکن بہبود کے لیے خادمِ حرمین شریفین کے اقدامات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔

تبصرے (0) بند ہیں