سونے کی فی تولہ قیمت ایک لاکھ 9 ہزار روپے سے تجاوز کرگئی

اپ ڈیٹ 14 جولائ 2020
سونے کی قیمتوں میں رواں برس 19 فیصد سے زائد اضافہ ہوچکا ہے —فائل فوٹو: شٹر اسٹاک
سونے کی قیمتوں میں رواں برس 19 فیصد سے زائد اضافہ ہوچکا ہے —فائل فوٹو: شٹر اسٹاک

کراچی: ملک میں سونے کی قیمت نئی بلند ترین سطح یعنی فی تولہ ایک لاکھ 9 ہزار 250 روپے اور فی 10 گرام 93 ہزار 664 تک جا پہنچی۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق عالمی سطح پر کورونا وائرس کیسز کی تعداد میں اضافے اور معاشی بحالی میں سست روی کے باعث سونے کی قیمت میں ایک ہزار 809 ڈالر فی اونس کا اضافہ ہوا۔

آل سندھ صراف جیولرز ایسوسی ایشن نے کہا کہ ہفتہ کی قیمتوں کے مقابلے میں پیر کو سونے کی فی تولہ قیمت میں 350 اور فی 10 گرام کی قیمت میں 300 روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: سونے کی قیمت ایک لاکھ 2 ہزار روپے فی تولہ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی

برطانوی خبر رساں ادارے رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق اسپاٹ گولڈ قیمت فی اونس 0.6 فیصد اضافے کے بعد ایک ہزار 808.75 ڈالر تک پہنچ گئی ہے جبکہ گولڈ فیوچر 0.4 فیصد کے اضافے کے بعد ایک ہزار 809.40 ڈالر ہوگئی۔

رائٹرز کا کہنا تھا کہ امریکا اور چین کے مابین تجارتی تناؤ اور روزانہ کی بنیاد پر کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد میں ریکارڈ اضافہ سونے کی قیمتوں میں اضافے کی وجوہات میں شامل ہے۔

خیال رہے کہ دنیا بھر میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد ایک کروڑ 31 لاکھ سے تجاوز کر چکی ہے جبکہ صرف 7 ماہ کے عرصے میں 5 لاکھ سے زائد لقمہ اجل بنے۔

مزید پڑھیں: سونے کی فی تولہ قیمت ایک لاکھ 5 ہزار 200 روپے تک پہنچ گئی

سونے کی قیمتوں میں رواں برس 19 فیصد سے زائد اضافہ ہوچکا ہے اور اس کی وجہ عالمی وبا کی وجہ سے دنیا کی معیشتوں کو بحالی کے لیے حکومتوں اور مرکزی بینکوں کی جانب سے دی گئیں بڑی رعایتیں ہیں۔

بی آئی پی ایل سیکیورٹیز کے مطابق ایک ماہ سے زائد عرصے میں سونے کی قیمت بلند ترین سطح پر پہنچنے کی وجہ یہ بھی ہے کہ سرمایہ کار کورونا وائرس کے باعث بین الاقوامی معیشت کی بحالی میں تاخیر کو دیکھتے ہوئے سونے میں سرمایہ کاری کو محفوظ تصور کررہے ہیں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں