اے آر رحمٰن نے بولی وڈ کے مکروہ چہرے کو عیاں کردیا

اپ ڈیٹ 27 جولائ 2020
موسیقار نے وضاحت نہیں کی کہ ان کے خلاف کیسی افواہیں پھیلائی جاتی ہیں —فوٹو: اے آر رحمٰن ویب سائٹ
موسیقار نے وضاحت نہیں کی کہ ان کے خلاف کیسی افواہیں پھیلائی جاتی ہیں —فوٹو: اے آر رحمٰن ویب سائٹ

آسکر، بافٹا اور گولڈن گلوب سمیت متعدد ایوارڈز جیتنے والے معروف موسیقار 53 سالہ اللہ رکھا (اے آر) رحمٰن نے بھی بولی وڈ کا مکروہ چہرہ عیاں کردیا۔

اے آر رحمٰن نے اگرچہ متعدد بولی وڈ فلموں کی موسیقی ترتیب دی ہے تاہم گزشتہ چند سال سے ان کی کمی کو شدت سے محسوس کیا جا رہا ہے اور حال ہی میں خودکشی کرنے والے اداکار سشانت سنگھ راجپوت کی فلم کے بعد ایک بار پھر اے آر رحمٰن کا ذکر بولی وڈ حلقوں میں ہونے لگا ہے۔

اے آر رحمٰن کا دوبارہ ذکر اس وقت شروع ہوا جب سشانت سنگھ راجپوت کی آخری فلم دل بیچارہ کو 24 جولائی کو آن لائن ریلیز کیا گیا۔

دل بیچارہ میں اے آر رحمٰن کے تیار کردہ 9 گانے شامل ہیں جن میں سے 4 گانوں کو انہوں نے محض 2 دن میں تیار کیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: اے آر رحمٰن کا نیا روپ

دل بیچارہ میں ان کے تیار کردہ گانوں کی تعریف کے بعد ہی دوبارہ بولی وڈ میں ان کے تذکرے ہونے لگے تو ان سے مقامی انٹرٹینمنٹ ریڈیو چینل نے انٹرویو کیا، جس میں انہوں نے بولی وڈ کے مکروہ چہرے کو سب کے سامنے عیاں کردیا۔

بھارتی اخبار دی ہندو کے مطابق ریڈیو مرچی سے بات کرتے ہوئے اے آر رحمٰن نے انکشاف کیا کہ بولی وڈ میں ایک مخصوص گروہ ان کے خلاف سازشیں کرکے ان سے متعلق غلط افواہیں پھیلا رہا ہے۔

ایوارڈ یافتہ موسیقار کا کہنا تھا کہ مخصوص گروہ کی جانب سے افواہیں پھیلائے جانے کی وجہ سے ہی انہیں بولی وڈ میں کام ملنا کم ہوگیا، کیوں کہ گروہ کے بندے ان کے خلاف فلم سازوں کے ذہن بھرتے ہیں۔

موسیقار نے واضح نہیں کیا کہ ان کے خلاف بولی وڈ کی کون سی شخصیات کس طرح کی افواہیں پھیلارہی ہیں، تاہم انہوں نے دعویٰ کیا کہ مذکورہ گروہ ان کے خلاف کام کر رہا ہے۔

اے آر رحمٰن نے ایک مثال دیتے ہوئے کہا کہ کچھ عرصہ قبل ان کے پاس فلم ساز مکیش چھابڑا آئے اور انہوں نے انہیں دل بیچارہ فلم کے لیے محض 2 دن میں 4 گانے تیار کرکے دیے تو فلم ساز بھی حیران رہ گئے۔

انہوں نے بتایا کہ فلم ساز نے انہیں کہا کہ انہیں کئی فلم سازوں نے اے آر رحمٰن کے پاس جانے سے روکا تھا اور ان کے خلاف طرح طرح کی باتیں کی تھیں۔

اے آر رحمٰن کے مطابق بولی وڈ فلموں میں کام نہ ملنے کی وجہ سے ہی وہ اس وقت زیادہ تر ملایلم اور تامل فلموں کے لیے موسیقی ترتیب دے رہے ہیں۔

واضح رہے کہ اے آر رحمٰن اور ان کے والدین پیدائشی ہندو تھے اور انہوں نے بعد میں اسلام قبول کیا تھا۔

اے آر رحمٰن تامل ناڈو کے رہائشی ہیں اور انہوں نے کم از کم عالمی معیار کے 100 گانوں کی موسیقی ترتیب دے رکھی ہے۔

اے آر رحمٰن بھارت کے واحد موسیقار اور شوبز شخصیت ہیں، جنہیں فلمی دنیا کا اعلیٰ ترین ایوارڈ آسکر ملا جب کہ وہ بافٹا اور گولڈن گلوب جیسے اعلیٰ ایوارڈز بھی متعدد بار جیتنے والے واحد بھارتی ہیں۔

اے آر رحمٰن نے خود بھارت کے اعلیٰ ترین نیشنل ایوارڈ بھی 4 مرتبہ حاصل کیا ہے جب کہ کئی اعلیٰ اداکار و موسیقار بھی تاحال یہ ایوارڈ نہیں جیت پائے۔

علاوہ ازیں اے آر رحمٰن فلم فیئر سمیت دیگر متعدد اقسام کے درجنوں ایوارڈز جیت چکے ہیں اور وہ یورپ سمیت امریکا کا انٹرنیشنل میوزیکل ٹوئر کرنے والے واحد بھارتی موسیقار ہیں۔

انہوں نے کم از کم 5 درجن بولی وڈ فلموں کے گانوں کی موسیقی ترتیب دی، انہوں نے بولی وڈ فلم موہن جو دارو کے گیتوں کی موسیقی بھی ترتیب دی تھی۔

تبصرے (0) بند ہیں