نیٹ فلیکس ڈراموں کی ’ایمی ایوارڈز‘ میں ریکارڈ 160 نامزدگیاں

اپ ڈیٹ 29 جولائ 2020
ایوارڈز تقریب آئندہ ماہ ہوگی—فوٹو: ایڈویک
ایوارڈز تقریب آئندہ ماہ ہوگی—فوٹو: ایڈویک

رواں سال کورونا وائرس کی وبا کے باعث جہاں فلمی دنیا کے متعبر ترین ’آسکر‘ ایوارڈز سمیت ’کانز‘ فلم فیسٹیول اور دیگر بڑی فلمی تقریبات کو منسوخ یا ملتوی کردیا گیا تھا۔

وہیں امریکا کی ٹیلی وژن اکیڈمی اور ٹی وی چینل اے بی سی کی جانب سے منعقدہ کردہ معروف ٹی وی ایوارڈز فیسٹیول ’ایمی‘ کی تقریب معمول کے مطابق رواں سال ستمبر میں منعقد کرنے کا اعلان کیا گیا تھا۔

’ایمی‘ ایوارڈز کو امریکی ٹیلی وژن کی دنیا کے سب سے معتبر ایوارڈ کا اعزاز حاصل ہے اور یہ ایوارڈز صرف ٹی وی پر چلنے والے پروگرامات اور ڈراموں کو دیے جاتے ہیں۔

’ایمی‘ ایوارڈز کا آغاز 1949 میں کیا گیا تھا اور رواں برس اس کی 72 ویں سالانہ تقریب منعقد کی جائے گی اور اب 72 ویں ایوارڈز تقریب کی نامزدگیوں کا اعلان کردیا گیا۔

خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق رواں سال پہلی بار ’ایمی ایوارڈز‘ کی نامزدگیوں میں لچک دکھائی گئی ہے اور ہر عمر، رنگ اور نسل کی خواتین کو بھی نامزد کیا گیا ہے۔

رائٹرز نے اپنی رپورٹ میں شوبز ویب سائٹ ورائٹی کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ اس بار سب سے زیادہ سیاہ فام اداکاروں کو نامزد کیا گیا ہے، تاہم دیکھنا یہ ہے کہ اب ایوارڈ کتنے سیاہ فام اداکاروں کو دیا جاتا ہے۔

رواں سال ’ایمی ایوارڈز‘ کے لیے سب سے زیادہ نامزدگیاں ویب اسٹریمنگ چینل نیٹ فلیکس کے ڈراموں کو ملی ہیں اور مجموعی طور پر ویب سائٹ نے 160 نامزدگیاں حاصل کی ہیں۔

نیٹ فلیکس ایمی ایوارڈز میں اتنی ریکارڈ نامزدگیاں حاصل کرنے والا پہلا ویب اسٹریمنگ چینل بن گیا، اس سے قبل بھی گزشتہ 2 سال سے نیٹ فلیکس ہی سب سے زیادہ نامزدگیاں حاصل کرتا آ رہا ہے۔

نیٹ فلیکس سے قبل 2016 تک ویب اسٹریمنگ ویب سائٹ ایچ بی او ریکارڈ نامزدگیاں حاصل کرتی آ رہی تھی، تاہم 2017 میں نیٹ فلیکس نے پہلی بار 112 نامزدگیاں حاصل کرکے ایچ بی او کے پیچھے چھوڑ دیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: وبا کے باوجود ’ایمی‘ ایوارڈز تقریب ستمبر میں کرنے کا اعلان

رواں سال ایچ بی او 107 نامزدگیوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے، تاہم اسی ویب سائٹ کا ڈراما ’واچ مین‘ 26 نامزدگیوں کے ساتھ سرفہرست ہے۔

دوسرے نمبر پر ویب اسٹریمنگ ایمازون کا پرانا 1960 کا کامیڈی ڈراما ’دی مارولس، مسز میسلز‘ ہے، جس نے 20 نامزدگیاں حاصل کیں۔

تیسرے نمبر پر نیٹ فلیکس کا ڈراما ’اوزارک‘ ہے، جس نے 18 نامزدگیاں حاصل کیں۔

’ایمی ایوارڈز‘ انتظامیہ کی جانب سے مجموعی طور پر 26 مختلف مین کیٹیگریز میں ایوارڈز دیے جاتے ہیں۔

جب کہ مذکورہ 26 میں کیٹیگریز کی مزید ذیلی کیٹیگریاں ہوتی ہیں جن میں بہترین اداکارہ، اداکار، ہدایت کار، معاون اداکارہ، اداکار، ڈراما سیریل، کامیڈی، ایکشن اور میوزک سمیت دیگر کیٹیگریز شامل ہیں۔

ایمی ایوارڈ کی مین کیٹیگریز اور ذیلی کیٹیگریز کی تعداد 90 تک ہوجاتی ہے۔

اگرچہ انتظامیہ نے ایوارڈز کی نامزدگیوں کا اعلان کردیا تاہم اس بات کی وضاحت نہیں کی گئی کہ ایوارڈز تقریب آن لائن منعقد کی جائے گی یا ہر سال کی طرح روایتی میلا سجایا جائے گا۔

پہلے انتظامیہ نے اعلان کیا تھا کہ 14 جولائی کو نامزدگیوں کا اعلان کیا جائے گا اور 20 ستمبر کو ایوارڈز تقریب ہوگی، تاہم اب خیال کیا جا رہا ہے کہ جس طرح نامزدگیوں میں تاخیر کی گئی، اسی طرح تقریب میں بھی تاخیر ہوسکتی ہے۔

خیال کیا جا رہا ہے کہ کورونا کی وبا کے باعث رواں سال ریڈ کارپٹ منعقد نہیں کیا جائے گا اور محدود لوگوں کو ایوارڈز تقریب کے لیے مدعو کیا جائے گا تاہم اس حوالے سے کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہے۔

’ایمی‘ ایوارڈز کے علاوہ تقریباً باقی تمام ایوارڈز کی تقریبات کو مؤخر یا ملتوی کیا گیا ہے جب کہ رواں برس مارچ سے دنیا بھر سینما ہالز بھی بند ہیں اور فلموں کی نمائش بھی نہیں کی جا رہی۔

فلمی دنیا کے سب سے معتبر آسکر ایوارڈز کو بھی 2 ماہ کے لیے مؤخر کردیا گیا ہے اور اب آسکر کی تقریب فروری 2021 کے بجائے اپریل 2021 میں ہوگی۔

A photo posted by Instagram (@instagram) on

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں