بلڈرز کی وزیراعظم کو 13کھرب روپے آمدن کے تعمیراتی منصوبے شروع کرنے کی یقین دہانی

اپ ڈیٹ 01 اگست 2020
وزیراعظم نے حکومت کی جانب سے  تعمیراتی شعبے کو ہر ممکن سہولت فراہم کرنے کا وعدہ دہرایا—فوٹو:ڈان نیوز
وزیراعظم نے حکومت کی جانب سے تعمیراتی شعبے کو ہر ممکن سہولت فراہم کرنے کا وعدہ دہرایا—فوٹو:ڈان نیوز

ملک کے 13 نامور بلڈرز نے وزیراعظم عمران خان کو آئندہ 4 سے 5 ماہ میں مختلف منصوبے شروع کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے جس سے 13 کھرب روپے سے زائد کی آمدن ہوگی.

قومی رابطہ کمیٹی (این سی سی) برائے ہاؤسنگ، کنسٹرکشن اینڈ ڈیولپمنٹ، تعمیراتی شعبے سے وابستہ ڈیولپرز، بلڈرز اور کاروباری برادری نے اپنے مسائل کے حل کے لیے موجودہ حکومت کی جانب سے تعاون اور تعمیراتی شعبوں میں سرگرمیوں کے فروغ کے لیے سازگار ماحول فراہم کرنے پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔

ملک کے 13 نامور بلڈرز نے وزیراعظم عمران خان کو آئندہ 4 سے 5 ماہ میں مختلف منصوبے شروع کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے جس سے 13 کھرب روپے سے زائد کی آمدن ہوگی اور ان منصوبوں میں ایک لاکھ کے قریب رہائشی یونٹس کی تعمیر بھی شامل ہے۔

مزید پڑھیں: وزیر اعظم نے تعمیراتی شعبے کیلئے پیکج کا اعلان کردیا

یہ یقین دہانی وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت قومی رابطہ کمیٹی برائے ہاؤسنگ، کنسٹرکشن اینڈ ڈیولپمنٹ کے ہفتہ وار اجلاس میں کرائی گئی۔

اجلاس میں تمام صوبائی چیف سیکریٹریز سمیت کراچی، اسلام آباد اور لاہور کے نمایاں بلڈرز، ڈیولپرز اور ایسوسی ایشن آف بلڈرز اینڈ ڈیولپرز کے نمائندوں نے بھی شرکت کی۔

آباد، قومی سطح پر بلڈرز اور ڈیولپرز کی تنظیموں کی نمائندگی کرتی ہے اور نجی شعبے کی تعمیراتی سرگرمیوں میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔

اجلاس کے دوران آباد کے نمائندوں نے کہا کہ ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ نہ صرف این او سی اور اجازت ناموں کے عمل کو آسان بنایا جا رہا ہے اور مدت کم کی جارہی ہے بلکہ نجی بینکس کی جانب سے تعمیراتی، ہاؤسنگ اور ترقیاتی سرگرمیوں کے لیے بلڈرز اور ڈیولپرز کے لیے حوصلہ افزا ہیں۔

وزیراعظم عمران خان نے تعمیراتی شعبے کے لیے ضروری تعاون کرنے کے لیے نجی شعبے کی حوصلہ افزائی میں گورنر اسٹیٹ بینک کے اہم کردار کی تعریف کی۔

اجلاس میں موجود بلڈرز اور ڈیولپرز نے وزیراعظم کو یقین دلایا کہ موجودہ نظام سے ان کے مسائل کے حل میں مدد ملے گی اور زیر التوا درخواستوں کی منظوری سے اربوں روپے کے منصوبے شروع کیے جا سکیں گے۔

اس کے ساتھ ہی اجلاس میں موجود 13 بلڈرز نے یقین دہانی کرائی کہ آباد کے بلڈرز اور ڈیولپرز بھی اپنے وعدوں پر جلد عملدرآمد شروع کریں گے۔

وزیراعظم نے بلڈرز کمیونٹی کی یقین دہانی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے حکومت کی جانب سے تعمیراتی شعبے کو ہر ممکن سہولت فراہم کرنے کا وعدہ دہرایا۔

یہ بھی پڑھیں: حکومت کا تعمیراتی صنعت کی سرگرمیاں بحال کرنے کا فیصلہ

انہوں نے کہا کہ بڑے شہروں میں زیادہ ترقی ہوتی ہے جس سے بلڈرز اور ڈیولپرز کو بڑے مواقع ملتے ہیں، انہوں نے مزید کہا کہ تعمیراتی سرگرمیوں میں اضافے سے ملازمتوں کے مواقع پیدا ہوں گے جس سے ملک میں معاشی استحکام پیدا ہوگا اور خسارے کا بوجھ کم ہوگا۔

وزیراعظم نے کہا کہ تعمیراتی شعبے، چھوٹی اور درمیانی درجے کی صنعتوں کا فروغ موجودہ حکومت کی اولین ترجیح ہے اور حکومت ان شعبوں کو ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔

عمران خان نے یقین دلایا کہ نئے منصوبوں میں سہولت کی فراہمی کی یقین دہانی کروائی کہ درخواستوں کو تیزی سے نمٹایا جائے گا۔

وزیراعظم نے بجلی اور گیس جیسی بنیادی ضروریات کی فراہمی میں رکاوٹیں پیدا کرنے والے افسران کے خلاف سخت کارروائی کی ہدایت کی۔

انہوں نے کہا کہ آن لائن درخواستیں، ٹریکنگ اور مانیٹرنگ کا نظام وضع کیا گیا ہے جبکہ ون ونڈو سہولت مرکز سے تعمیراتی شعبے کا کاروبار کرنے میں مزید آسانی پیدا ہو گی۔

تبصرے (0) بند ہیں