5 خواتین کے ’ریپ’ کے الزامات، امریکی پروڈیوسر ڈیٹیل گرفتار

اپ ڈیٹ 09 اگست 2020
پروڈیوسر نے الزامات کو جھوٹا قرار دیدیا—فائل فوٹو: اے پی
پروڈیوسر نے الزامات کو جھوٹا قرار دیدیا—فائل فوٹو: اے پی

ایوارڈ یافتہ امریکی موسیقار پروڈیوسر 41 سالہ نول فشر المعروف ڈیٹیل کو کم از کم 5 خواتین کے ’ریپ’ اور ایک خاتون کے جنسی استحصال کرنے کے الزام میں گرفتار کرلیا گیا۔

خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق ڈیٹیل کو چند دن قبل 5 اگست کو گرفتار کیا گیا تھا۔

ڈیٹیل کی گرفتاری کے حوالے سے امریکی ریاست کیلی فورنیا کے شہر لاس اینجلس کے اٹارنی جنرل کے دفتر سے جاری بیان میں میوزک پروڈیوسر کی گرفتاری کی تصدیق کردی گئی۔

دفتر سے جاری بیان میں تصدیق کی گئی کہ ڈیٹیل پر 5 خواتین کے ’ریپ’ اور چھٹی خاتون کے جنسی استحصال کے الزامات ہیں۔

بیان میں وضاحت کی گئی کہ ڈیٹیل پر جن خواتین کے ریپ’ اور جنسی استحصال کے الزامات ہیں ان کی عمریں 18 سے 31 برس کے درمیان ہیں اور ان کے ساتھ 2010 سے 2018 کے درمیان یہ واقعات پیش آئے۔

یہ بھی پڑھیں: امریکی پروڈیوسر پر‘ریپ’ کا الزم لگانے والی اداکارہ پر لڑکے کے ساتھ ‘ریپ’ کا الزام

بیان میں اس بات کی وضاحت نہیں کی گئی ہے کہ جن خواتین کے ریپ ہوئے ان کی واقعے کے وقت کیا عمریں تھیں اور جن کا استحصال ہوا وہ اس وقت کس عمر میں تھیں۔

اٹارنی جنرل کے دفتر کے مطابق تمام واقعات پروڈیوسر کی رہائش گاہ پر ہوئے اور اگر ان پر الزامات ثابت ہوگئے تو انہیں 225 سال کی سزا ہوسکتی ہے۔

اسی خبر کے حوالے سے برطانوی اخبار دی گارجین نے بتایا کہ ڈیٹیل پر مجموعی طور پر 15 خواتین کی جانب سے ریپ اور جنسی ہراسانی کے الزامات لگائے گئے ہیں۔

ڈیٹیل کی جانب سے خواتین اور خصوصی طور پر میوزک انڈسٹری میں آنے والی نئی خواتین کو جنسی طور پر ہراساں کرنے کے حوالے سے لاس اینجلس کی انتظامیہ کو رواں برس جنوری میں ہی مطلع کردیا گیا تھا۔

نجی جاسوسوں کی جانب سے ضلعی انتظامیہ کو خبردار کیے جانے کے بعد پروڈیوسر پر 5 خواتین نے ریپ الزامات لگائے اور لاس اینجلس انتظامیہ نے اس پر کارروائی کرتے ہوئے انہیں 5 اگست کو گرفتار کرلیا۔

دوسری جانب پروڈیوسر نے تمام الزامات کو مسترد کرتے ہوئے انہیں جھوٹا قرار دے دیا۔

مزید پڑھیں: ایوارڈ یافتہ امریکی گلوکار جنسی جرائم کے الزامات میں گرفتار

برطانوی اخبار نے بتایا کہ ڈیٹیل کی ضمانت کے انتظامات مکمل کرلیے گئے ہیں اور امکان ہے کہ انہیں جلد ضمانت مل جائے گی تاہم الزامات ثابت ہونے پر انہیں کئی سال سزا ہوسکتی ہے۔

ابھی یہ واضح نہیں ہے کہ ڈیٹیل کے خلاف ٹرائل کا آغاز کب تک ہوگا تاہم خیال کیا جا رہا ہے کہ رواں برس کے آخر تک ان کے خلاف کارروائی کا آغاز کردیا جائے گا۔

ڈیٹیل نے اگرچہ انتہائی کم میوزک ایلبم ریلیز کیے ہیں تاہم انہوں نے 5 درجن کے قریب سنگل گانے بطور پروڈیوسر ریلیز کیے۔

ڈیٹیل نے 2005 میں میوزک پروڈیوسر کے طور پر کیریئر کا آغاز کیا اور انہوں نے معروف گلوکارہ بیونسے، ان کے شوہر جے زی، گلوکارہ نکی مناج اور جینیفر لوپیز کے گانے بھی پروڈیوس کیے۔

ڈیٹیل نے جے زی اور بیونسے کا گانا پروڈیوس کرنے پر 2014 میں میوزک کا اعلیٰ ترین گریمی ایوارڈ بھی جیتا تھا، علاوہ ازیں انہوں نے متعدد ایوارڈز جیت رکھے ہیں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں