آئی پی ایل بھی کورونا سے متاثر، کھلاڑیوں سمیت 13 افراد میں وائرس کی تصدیق

اپ ڈیٹ 30 اگست 2020
انڈین پریمیئر لیگ کا آغاز 19ستمبر سے ہو گا— فائل فوٹو: اے پی
انڈین پریمیئر لیگ کا آغاز 19ستمبر سے ہو گا— فائل فوٹو: اے پی

انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کے انعقاد میں ایک ماہ سے بھی کم عرصہ رہ گیا ہے اور بیرون ملک ایونٹ کے انعقاد کے باوجود ایونٹ کے کورونا وائرس سے متاثر ہونے کا خطرہ پیدا ہو گیا ہے۔

انڈین پریمیئر لیگ کا رواں سال مئی میں بھارت میں انعقاد ہونا تھا لیکن کورونا وائرس کے پیش نظر لیگ کو موخر کردیا گیا۔

مزید پڑھیں: پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان پہلا ٹی ٹوئنٹی بارش کے باعث بے نتیجہ ختم

ہر گزرتے دن کے ساتھ بڑھتے ہوئے کیسز کے سبب ایونٹ کا انعقاد ممکن نہ ہو سکا البتہ بین الاقوامی کرکٹ کی سرگرمیاں بحال ہونے کے بعد حکام نے بیرون ملک لیگ کے انعقاد کا فیصلہ کیا۔

بھارت اس وقت دنیا بھر میں سب سے زیادہ متاثرہ ممالک میں سے ایک ہے اور روزانہ کی بنیاد پر 70 ہزار سے زائد کیسز رپورٹ ہو رہے ہیں اور اسی لیے لیگ متحدہ عرب امارات میں منعقد کی جا رہی ہے۔

تاہم دبئی، شارجہ اور ابوظہبی میں ایونٹ کے انعقاد کے باوجود انڈین پریمیئر لیگ کے کورونا وائرس سے متاثر ہونے کا خطرہ پیدا ہو گیا ہے کیونکہ چنئی سپر کنگز فرنچائز کے کھلاڑیوں کے ٹیسٹ مثبت آنے کی تصدیق کی جا چکی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: آرمی چیف کا ہاکی فیڈریشن کیلئے 5 کروڑ کی گرانٹ کا اعلان

بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا (بی سی سی آئی) کی جانب سے جاری بیان میں 2 کھلاڑیوں کے کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کی تصدیق کی گئی ہے اور ان کھلاڑیوں کو آئسولیٹ کردیا گیا ہے۔

بیان میں بتایا گیا کہ متحدہ عرب امارات پہنچنے کے بعد شرکا نے لازمی ٹیسٹ اور قرنطینہ کی شرط پوری کی۔

بورڈ کے مطابق ایک ہزار 988 افراد کے کورونا وائرس کے ٹیسٹ کیے گئے اور جن کے ٹیسٹ کیے گئے ان میں کھلاڑی، سپورٹ اسٹاف، ٹیم مینجمنٹ، بی سی سی آئی کا عملہ، آئی پی ایل کی آپریشن ٹیم اور دیگر افراد شامل ہیں۔

بی سی سی آئی کے مطابق کُل 13 افراد کے ٹیسٹ مثبت آئے جن میں دو کھلاڑی بھی شامل ہیں اور ان تمام افراد کو آئسولیشن میں رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

مزید پڑھیں: وزیر اعظم کی پاکستان ہاکی فیڈریشن کے ڈھانچے میں تبدیلی کی ہدایت

میڈیا رپورٹس کے مطابق چنئی سپر کنگز کے دو کھلاڑیوں دیپک چاہر اور رتوراج گائیکواڈ کے کورونا ٹیسٹ مثبت آئے ہیں اور فرنچائز کے اسکواڈ سمیت ٹیم مینجمنٹ کا جمعہ کو چوتھی مرتبہ کووڈ 19 کا ٹیسٹ کیا گیا۔

اب یہ دیکھنا ہوگا کہ دیپک چاہر اور رتوراج گائیکواڈ لیگ میں مزید حصہ لیتے ہیں یا نہیں کیونکہ چنئی سپر کنگز اس سیزن میں پہلے ہی سریش رائنا کی خدمات سے محروم ہو چکی ہے جو ذاتی وجوہات کے سبب اس سال ایونٹ سے دستبردار ہو چکے ہیں۔

چند ٹیموں نے ایونٹ کے لیے اپنی تیاریوں کا آغاز کردیا ہے البتہ چنئی سپر کنگز کے کیمپ میں صورتحال انتہائی تشویشناک ہے اور ایونٹ کے آغاز میں 20 دن کا وقت رہ جانے کی وجہ سے ان کی مشکلات میں مستقل اضافہ ہو رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: انوشکا شرما اور ویرات کوہلی کے ہاں ننھے مہمان کی آمد متوقع

واضح رہے کہ انڈین پریمیئر لیگ کا آغاز 19ستمبر سے ہو گا اور 53 روز تک جاری رہنے والے اس ایونٹ کا فائنل 10 نومبر کو کھیلا جائے گا۔

یہ پہلا موقع نہیں کہ انڈین پریمیئر لیگ کا بیرون ملک انعقاد کیا جا رہا ہو بلکہ اس سے قبل بھی دو مرتبہ ایونٹ بھارت سے باہر منعقدہ کیا جا چکا ہے، دونوں بار انتخابات کے سبب ایونٹ کو بالترتب جنوبی افریقہ اور متحدہ عرب امارات میں منعقد کیا گیا تھا۔

تبصرے (0) بند ہیں