پاکستان تیسرے ٹی20 میچ میں کامیاب، سیریز 1-1 سے برابر

اپ ڈیٹ 02 ستمبر 2020
معین علی کی اہم وکٹ لینے پر ساتھی کھلاڑی وہاب ریاض کو مبارکباد دے رہے ہیں— فوٹو: اے ایف پی
معین علی کی اہم وکٹ لینے پر ساتھی کھلاڑی وہاب ریاض کو مبارکباد دے رہے ہیں— فوٹو: اے ایف پی

پاکستان نے حیدر علی اور محمد حفیظ کی عمدہ بیٹنگ کی بدولت انگلینڈ کو تیسرے ٹی20 میچ میں 5 رنز سے شکست دے کر سیریز 1-1 سے برابر کردی۔

مانچسٹر میں کھیلے گئے سیریز کے تیسرے اور آخری ٹی20 میچ میں انگلینڈ کے کپتان اوئن مورگن نے ٹاس جیت کر پہلے پاکستان کو بیٹنگ کی دعوت دی۔

پاکستان نے اننگز کا آغاز کیا تو دوسرے اوور کی پہلی ہی گیند پر معین علی نے فخر زمان کی وکٹیں بکھیر دیں۔

بابر اعظم نے حیدر علی کے ساتھ مل کر اسکور کو 32 تک پہنچایا لیکن 21 رنز بنانے کے بعد وہ ٹام کرن کی وکٹ بن گئے۔

پہلا میچ کھیلنے والے حیدر علی نے نصف سنچری اسکور کی— فوٹو: رائٹرز
پہلا میچ کھیلنے والے حیدر علی نے نصف سنچری اسکور کی— فوٹو: رائٹرز

اس کے بعد حیدر علی کا ساتھ دینے حفیظ آئے اور دونوں کھلاڑیوں خصوصاً ڈیبیو کرنے والے حیدر نے عمدہ بیٹنگ کرتے ہوئے نصف سنچری کی شراکت مکمل کی۔

محمد حفیظ نے عادل رشید کو لگاتار دو چھکے لگا کر پاکستان کی سنچری مکمل کرائی۔

دوسرے اینڈ سے حیدر علی نے پہلے ہی میچ میں عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے صرف 28 گیندوں پر دو چھکوں اور پانچ چوکوں کی مدد سے نصف سنچری مکمل کی۔

محمد حفیظ اور حیدر علی نے 100 رنز سے زائد کی شراکت قائم کی— فوٹو: رائٹرز
محمد حفیظ اور حیدر علی نے 100 رنز سے زائد کی شراکت قائم کی— فوٹو: رائٹرز

ادھر ابتدا میں سست کھیل پیش کرنے والے حفیظ نے بھی بعد میں جارحانہ انداز اپنایا اور لگاتار دوسرے میچ میں نصف سنچری اسکور کی۔

حیدر علی 54 رنز کی عمدہ اننگز کھیلنے کے بعد باؤلڈ ہو گئے لیکن دوسرے اینڈ سے حفیظ نے شاندار بیٹنگ کا سلسلہ جاری رکھا۔

شاداب خان تیز رفتاری سے بیٹنگ میں ناکام رہے اور 15 رنز بنانے کے بعد کرس جورڈن کو وکٹ دے بیٹھے۔

پاکستانی کھلاڑی اختتامی اوورز میں زیادہ تیزی سے رنز بنانے میں ناکام رہے اور مقررہ اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 190 رنز بنائے، حفیظ نے 52 گیندوں پر 6 چھکوں اور 4 چوکوں کی مدد سے 86 رنز بنائے۔

حفیظ نے 52 گیندوں پر 6 چھکوں اور 4 چوکوں کی مدد سے 86رنز بنائے— فوٹو: اے پی
حفیظ نے 52 گیندوں پر 6 چھکوں اور 4 چوکوں کی مدد سے 86رنز بنائے— فوٹو: اے پی

انگلینڈ کی جانب سے کرس جورڈن 2 وکٹیں لے کر سب سے کامیاب باؤلر رہے۔

انگلینڈ نے اننگز کا آغاز کیا تو شاہین شاہ آفریدی نے پہلے ہی اوور میں شاندار یارکر پر جونی بیئراسٹو کی اننگز کا خاتمہ کردیا جو کھاتا بھی نہ کھول سکے۔

انگلینڈ کو اس وقت دوسرا نقصان پہنچا جب ڈیوڈ ملان چھکا مارنے کی کوشش میں عماد وسیم کی وکٹ بن گئے۔

اس کے بعد ٹام بینٹن نے حارث رؤف اور وہاب ریاض کے اوورز میں رنز بٹور کر اپنی ٹیم کی نصف سنچری مکمل کرائی۔

ٹام بینٹن نے 46 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی— فوٹو: رائٹرز
ٹام بینٹن نے 46 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی— فوٹو: رائٹرز

انگلش کپتان اوئن مورگن نے شاداب خان کو چھکا لگایا لیکن اگلی ہی گیند پر وکٹوں کے درمیان غلط فہمی کے نتیجے میں ان کی اننگز رن آؤٹ کی شکل میں اختتام کو پہنچی۔

بینٹن اچھی فارم میں نظر آئے لیکن 46 رنز بنانے والے بلے باز حارث رؤف کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہو گئے۔

چار وکٹیں گرنے کے بعد معین علی کا ساتھ دینے سیم بلنگز آئے اور دونوں 57 رنز کی شراکت قائم کر کے اپنی ٹیم کو میچ میں واپس لے آئے۔

معین علی خوش قسمت رہے اور اننگز کی ابتدا میں ہی عماد وسیم کی گیند پر سرفراز احمد نے اسٹمپ کا نادر موقع گنوا دیا۔

معین علی 4 چھکوں اور 4 چوکوں کی مدد سے 61رنز کی اننگز کھیل کر انگلینڈ کو میچ میں واپس لے آئے تھے— فوٹو: اے ایف پی
معین علی 4 چھکوں اور 4 چوکوں کی مدد سے 61رنز کی اننگز کھیل کر انگلینڈ کو میچ میں واپس لے آئے تھے— فوٹو: اے ایف پی

اس کے بعد معین علی نے جارحانہ انداز اپناتے ہوئے پاکستانی باؤلرز کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے پہلے سیم بلنگز اور پھر لوئس گریگری کے ہمراہ اچھی شراکتیں قائم کیں۔

سیم بلنگز 26 اور گیگری نے 12 رنز بنائے لیکن معین علی نے نصف سنچری بنا کر پاکستان کے لیے خطرے کی گھنٹی بجا دی لیکن جلد ہی پاکستان کو کرس جورڈن کی شکل میں ساتویں کامیابی بھی مل گئی۔

پاکستان کو سب سے اہم کامیابی اس وقت ملی جب وہاب ریاض نے 33 گیندوں پر 61 رنز بنانے والے معین کی اننگز کا خاتمہ کردیا۔

وہاب ریاض کے ہاتھوں کرس جورڈن کے رن آؤٹ ہونے کا منظر— فوٹو: اے ایف پی
وہاب ریاض کے ہاتھوں کرس جورڈن کے رن آؤٹ ہونے کا منظر— فوٹو: اے ایف پی

انگلینڈ کو آخری اوور میں فتح کے لیے 17رنز درکار تھے لیکن وہ صرف 11 رنز بنا سکے اور یوں پاکستان نے میچ میں 5 رنز سے کامیابی حاصل کر کے سیریز بھی 1-1 سے برابر کردی۔

اس فتح کے ساتھ ہی پاکستان کے دورہ انگلینڈ کا بھی کامیابی سے اختتام ہوا جہاں ٹیسٹ سیریز میں قومی ٹیم کو 0-1 سے ناکامی کا منہ دیکھنا پڑا تھا۔

میچ کے لیے دونوں ٹیمیں ان کھلاڑیوں پر مشتمل تھیں۔

پاکستان: بابر اعظم(کپتان)، فخر زمان، حیدر علی، سرفراز احمد، شعیب ملک، محمد حفیظ، عماد وسیم، شاداب خان، وہاب ریاض، حارث رؤف اور شاہین شاہ آفریدی۔

انگلینڈ: اوئن مورگن(کپتان)، ٹام بینٹن، جونی بیئراسٹو، ڈیوڈ ملان، معین علی، سیم بلنگز، لوئس گریگری، ٹام کرن، کرس جورڈن، عادل راشد اور ثاقب محمود۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (1) بند ہیں

Talha Sep 02, 2020 03:25pm
Abhiee ham 2009 mein hiee hain…...