ہاتھوں کی گرفت سے ذیابیطس کی پیشگوئی ممکن

02 ستمبر 2020
یہ بات ایک طبی تحقیق میں سامنے آئی — شٹر اسٹاک  فوٹو
یہ بات ایک طبی تحقیق میں سامنے آئی — شٹر اسٹاک فوٹو

ویسے تو بلڈ شوگر کے بارے میں جاننے کے لیے خون کے ٹیسٹ کی مدد لی جاتی ہے مگر ہاتھوں کی گرفت سے بھی ذیابیطس ٹائپ ٹو کے خطرے کی پیشگوئی کی جاسکتی ہے۔

یہ بات ایک نئی طبی تحقیق میں سامنے آئی۔

برطانیہ کی برسٹل یونیورسٹی اور فن لینڈ کی ایسٹرن فن لینڈ یونیورسٹی کی مشترکہ تحقیق میں 776 مردوں اور خواتین کو شامل کیا گیا تھا جن میں ذیابیطس کی تاریخ نہیں تھی۔

ان افراد کے ہاتھوں کی گرفت کی مضبوطی کی جان پڑتال میں دریافت کیا گیا کہ گرفت کی مضبوطی میں اضافے سے ذیابیطس ٹائپ ٹو کا خطرہ 50 فیصد تک کم ہوجاتا ہے۔

طبی جریدے اینالز آف میڈیسین میں شائع تحقیق میں بتایا گیا کہ ذیابیطس دنیا میں اموات کی 9 ویں بڑی وجہ ہے اور 90 فیصد افراد میں ذیابیطس ٹائپ ٹو کی تشخیص ہوتی ہے۔

عمر میں اضافہ، موٹاپا، خاندانی تاریخ اور طرز زندگی کے عناصر جیسے زیادہ وقت بیٹھ کر گزارنا، تمباکونوشی، ناقص غذا وغیر ذیابیطس ٹائپ ٹو کا خطرہ بڑھانے والے عناصر ہیں۔

تاہم ان سب کے ساتھ دیگر عناصر بھی ممکنہ طور پر اس عمل کا حصہ ہوتے ہیں خاص طور پر مسلز کی مضبوطی میں کمی، جس کی جانچ پڑتال ہاتھوں کی گرفت سے کی جاسکتی ہے، کو اکثر خون کی شریانوں سے جڑے امراض، معذوری اور قبل از وقت موت سے جوڑا گیا ہے۔

مگر اب تک ایسے شواہد کی کمی تھی جن سے معلوم ہوتا ہو کہ ہاتھوں کی گرفت کی مضبوطی اور ذیابیطس ٹائپ ٹو کے درمیان تعلق موجود ہے۔

مگر اس تحقیق میں بتایا گیا کہ ہاتھوں کی گرفت کی مضبوطی سے بھی ذیابیطس ٹائپ ٹو کی پیشگوئی کی جاسکتی ہے اور اس حوالہے سے انفرادی طور پر ڈیٹا کو دیکھا جانا چاہیے۔

تحقیق کے دوران رضاکاروں سے کہا گیا کہ وہ ڈائنامومیٹر کو پوری طاقت سے ہاتھ سے دبائیں اور اس زور کو 5 سیکنڈ تک برقرار رکھیں۔

نتائج کے تجزیے سے معلوم ہوا کہ ہاتھوں کی گرفت کی مضبوطی میں ہر یونٹ کے اضافے سے ذیابیطس ٹائپ ٹو کا خطرہ 50 فیصد تک کم ہوگیا۔

یہ تعلق عمر، خاندانی تاریخ، جسمانی سرگرمیوں، تمباکونوشی، فشار خون، جسمانی وزن اور دیگر عناصر کو مدنظر رکھنے کے بعد بھی برقرار رہا۔

درحقیقت جب گرفت کی مضبوطی کو دیگر عناصر کا حصہ بنایا گیا تو ذیابیطس ٹائپ ٹو کی پیشگوئی کرنا مزید آسان ہوگیا۔

محققین کا کہنا تھا کہ نتائج سے ذیابیطس کی روک تھام کے ٹولز کی تیاری مین مدد مل سکے گی، ہاتھوں کی گرفت کا تجزیہ کرنا سادہ، سستا طریقہ ہے جس کے لیے کسی قسم کی مہارت یا وسائل کی بھی ضرورت نہیں، جس سے لوگوں میں مستقبل میں ذیابیطس ٹائپ ٹو کے خطرے کی جلد شناخت کرنا ممکن ہوسکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے مزید تحقیق کی ضرورت ہے خاص طور پر فن لینڈ سے باہر، تاکہ نتائج کی تصدیق کی جاسکے۔

تبصرے (0) بند ہیں