ملک بھر میں یوم فضائیہ ملی جوش و جذبے کے ساتھ منایا گیا

اپ ڈیٹ 08 ستمبر 2020
یوم فضائیہ پر ملک کے لیے جان نچھاور کرنے والوں کو سلام پیش کیا جارہا ہے—فائل فوٹو: رائٹرز
یوم فضائیہ پر ملک کے لیے جان نچھاور کرنے والوں کو سلام پیش کیا جارہا ہے—فائل فوٹو: رائٹرز

ارض پاکستان کے دفاع کو ناقابل تسخیر بنانے والے پاک فضائیہ کے جانبازوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے آج ملک بھر میں یوم فضائیہ منایا گیا۔

یوم فضائیہ کی مناسبت سے مختلف تقاریب کا اہتمام بھی کیا، جس میں 1965 کی پاک-بھارت جنگ میں ملک کے لیے جان نچھاور کرنے والے شہدائے فضائیہ کو سلام پیش کیا گیا۔

یاد رہے کہ 1965کی جنگ میں بری اور بحری افواج کے ساتھ ساتھ فضائیہ نے بھی پاک وطن کی جانب میلی آنکھ سے دیکھنے والے دشمن کو منہ توڑ جواب دیا تھا۔

مزید پڑھیں: ہم شہدا کی قربانیوں کو کبھی نہیں بھولیں گے، آرمی چیف

اس جنگ میں پاک فضائیہ کے پائلٹ محمد محمود عالم (ایم ایم عالم) نے ایک منٹ سے بھی کم وقت میں بھارتی فضائیہ کے 5 ایم کے 56 طیاروں کو گرا کر تاریخ رقم کی تھی۔

ایم ایم عالم کی اس بہادری اور جرات پر انہیں حکومت پاکستان کی جانب سے ستارہ جرات سے بھی نوازا گیا تھا۔

خیال رہے کہ اس سے قبل 6 ستمبر کو ملک بھر میں یوم دفاع و شہدا منایا گیا تھا، جہاں صدر مملکت، وزیراعظم اور آرمی چیف کی جانب سے مادر وطن کے لیے قربانیاں دینے والے شہدا کو خراج عقیدت پیش کیا گیا تھا۔

یوم دفاع پر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجودہ نے جنرل ہیڈکوارٹرز راولپنڈی میں مرکزی تقریب میں یادگار شہدا پر حاضری دی تھی، پھول رکھے تھے اور فاتحہ خوانی کی تھی۔

یہ بھی پڑھیں: ملک بھر میں یوم دفاع ملی جوش و جذبے کے ساتھ منایا گیا

بعد ازاں انہوں نے جی ایچ کیو میں ہی فوجی اعزازات دینے کی ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ ہم شہدا کی قربانیوں کو کبھی نہیں بھولیں گے، پاکستانی قوم سے محبت ہمارے ایمان کا حصہ ہے اور کوئی دشمن ہماری اس محبت کو شکست نہیں دے سکتا۔

آرمی چیف نے اپنے خطاب میں کہا تھا کہ 'آج بھی ہم اپنی آزادی کی حفاظت اپنے خون سے کررہے ہیں، اسی لیے آج ہم اپنے شہدا اور غازیوں کے عظیم کارناموں کو یاد کرنے اور ان کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے یہاں موجود ہیں'۔

شہدا کی قربانیوں کو سلام پیش کرتے ہوئے انہوں نے کہا تھا کہ 'ان کی جرات، بہادری اور قربانیوں کی بدولت ہماری آزادی، خود مختاری،امن اور سلامتی قائم ہے اور میرے سامنے شہدا کے لواحقین موجود ہیں اور میں انہیں سلام پیش کرتا ہوں'۔

تبصرے (0) بند ہیں