سشانت سنگھ کیس میں اداکارہ ریا چکربورتی گرفتار

جس وقت اداکارہ کو گرفتار کیا گیا اس وقت انہوں نے سیاہ رنگ کی ٹی شرٹ اور جینز پینٹ پہن رکھی تھی—فوٹو: پریس ٹرسٹ آف انڈیا
جس وقت اداکارہ کو گرفتار کیا گیا اس وقت انہوں نے سیاہ رنگ کی ٹی شرٹ اور جینز پینٹ پہن رکھی تھی—فوٹو: پریس ٹرسٹ آف انڈیا

بھارت کی انسداد منشیات فورس نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) نے رواں برس 14 جون کو خودکشی کرنے والے اداکار سشانت سنگھ راجپوت کی گرل فرینڈ اداکارہ ریا چکربورتی کو گرفتار کرلیا۔

ریا چکربورتی کو ایک ایسے وقت میں گرفتار کیا گیا جب ایک دن قبل ہی انہوں نے نارکوٹکس بیورو کے سامنے اعتراف کیا تھا کہ وہ سشانت سنگھ کے لیے منشیات خریدتی رہی ہیں۔

ریا چکربورتی اعتراف کر چکی ہیں کہ وہ سشانت سنگھ کے ساتھ 'لِو اِن ریلیشن شپ' میں تھیں اور وہ گزشتہ ایک سال سے ساتھ تھے۔

لِو اِن ریلیشن شپ' بھارت میں قانونی ہے، اس کے تحت کوئی بھی بالغ مرد اور عورت ایک ساتھ شادی کیے بغیر اپنی جنسی ضروریات پوری کرتے ہیں اور وہ ایک دوسرے کی رضامندی کے ساتھ بچے بھی پیدا کرسکتے ہیں، اس معاہدے کے تحت جوڑے کبھی بھی الگ ہوسکتے ہیں اور علیحدگی پر دونوں ایک دوسرے کے خلاف کوئی قانونی کارروائی نہیں کر سکتے۔

اداکارہ سے قبل ان کے بھائی شووک چکربورتی اور سشانت سنگھ راجپوت کے منیجر سیموئل مرنڈا اور باورچی دیپیش ساونت کو بھی رواں ماہ 4 اور 5 ستمبر کو گرفتار کیا گیا تھا۔

ایک روز قبل ہی نارکوٹکس فورس نے ریا چکربوتی سے 8 گھنٹے تک گرفتار کیے گئے بھائی، سشانت سنگھ کے منیجر اور باورچی کے سامنے پوچھ گچھ کی تھی اور اداکارہ نے اعتراف کیا تھا کہ وہ خودکشی کرنے والے اداکار کے لیے منشیات خریدتی رہتی تھیں۔

گرفتاری سے قبل ریا چکربورتی کا میڈیکل ٹیسٹ بھی کرایا گیا—فوٹو: وائرل بھیانی انسٹاگرام
گرفتاری سے قبل ریا چکربورتی کا میڈیکل ٹیسٹ بھی کرایا گیا—فوٹو: وائرل بھیانی انسٹاگرام

ریا چکربورتی کے اعتراف اور ان سے مسلسل تین دن تک تفتیش کیے جانے کے بعد 8 ستمبر کی سہ پہر کو نارکوٹکس بیورو نے انہیں اداکار کے لیے منشیات خریدنے کے الزام میں گرفتار کیا۔

بھارتی اخبار انڈین ایکسپریس کے مطابق نارکوٹکس بیورو نے ریا چکربورتی کو 8 ستمبر کو منشیات خریدنے کے الزام میں گرفتار کیا اور ان کی گرفتاری کے ساتھ ہی مذکورہ کیس میں گرفتار ہونے والے افراد کی تعداد 10 ہوگئی۔

نارکوٹکس بیورو کے ڈپٹی ڈائریکٹر کا ریا چکربورتی کی گرفتاری کے حوالے سے کہنا تھا کہ ان کی گرفتاری کا مطلب یہ ہے کہ ان کے خلاف ہمارے پاس ٹھوس اور مطلوبہ شواہد موجود ہیں اور اب ان سے مزید کوئی تفتیش نہیں کی جائے گی۔

نارکوٹکس بیورو کے مطابق اداکارہ سے تین دن تک تفتیش کے دوران تمام سوالوں کے جوابات مل گئے، جس کے بعد ہی انہیں گرفتار کیا گیا۔

دوسری جانب انڈیا ٹوڈے نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ نارکوٹکس بیورو نے ریا چکربورتی کا 14 دن کا عدالتی ریمانڈ بھی حاصل کرلیا۔

رپورٹ کے مطابق نارکوٹکس بیورو نے عدالت سے 22 ستمبر تک اداکارہ کا عدالتی ریمانڈ حاصل کیا اور ریمانڈ کی درخواست میں بتایا گیا تھا کہ اداکارہ، سشانت سنگھ کے لیے منشیات خریدنے اور اس کی رقم ادا کرنے میں ملوث پائی گئیں اور ساتھ ہی اس بات کے بھی شواہد موجود ہیں کہ وہ منشیات خریدنے والے گروہ کا اہم حصہ رہی ہیں۔

ریا چکربورتی کی گرفتار پر بھارتی عوام اور شوبز شخصیات منقسم دکھائی دیں—فوٹو: یوگن شاہ انسٹاگرام
ریا چکربورتی کی گرفتار پر بھارتی عوام اور شوبز شخصیات منقسم دکھائی دیں—فوٹو: یوگن شاہ انسٹاگرام

انڈیا ٹوڈے کے مطابق اداکارہ کو این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت گرفتار کیا گیا اور ان کی گرفتاری کے کچھ ہی دیر بعد اداکارہ کے وکیل نے ان کی ضمانت کے لیے عدالت سے بھی رجوع کیا مگر عدالت نے اداکارہ کو ریمانڈ پر نارکوٹکس فورس کے حوالے کردیا۔

رپورٹ کے مطابق ریا چکربورتی کے خلاف ریمانڈ کی درخواست میں اس بات کا کوئی ذکر نہیں کیا گیا تھا کہ اداکارہ خود بھی منشیات لیتی تھیں۔

ریمانڈ کے لیے عدالت سے رجوع کرنے سے قبل نارکوٹکس حکام نے ریا چکربورتی کا طبی معائنہ بھی کرایا۔

ریا چکربورتی کی گرفتاری ٹوئٹر پر بھی ٹاپ ٹرینڈ بن گئی جب کہ بھارتی میڈیا میں ان کی گرفتاری شہ سرخی کے طور پر شائع ہوئی۔

ریا چکربورتی کی گرفتاری پر بھارتی عوام اور شخصیات منقسم دکھائی دیں، کئی شخصیات نے ان کی گرفتاری کو سشانت سنگھ کیس کی پہلی کامیابی قرار دیا جب کہ کئی افراد نے ان کی گرفتاری کو جلد بازی قرار دیا۔

ریا چکربوتی کے وکلا نے بھی ان کی گرفتاری کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کی تین اہم ایجنسیاں سینٹرل بیورو آف انٹیلی جنس (سی بی آئی)، نارکوٹکس بیورو اور اینٹی منی لانڈرنگ ایجنسی ایک لڑکی کے خلاف جنگ لڑ رہی ہیں۔

سشانت سنگھ کیس پر مختصر نظر - کب، کیا ہوا؟

اداکار نے 34 سال کی عمر میں خودکشی کی—فوٹو: انسٹاگرام
اداکار نے 34 سال کی عمر میں خودکشی کی—فوٹو: انسٹاگرام

14 جون کو سشانت سنگھ نے دوپہر کے وقت ممبئی میں اپنے فلیٹ پر ملازمین اور دوست کی موجودگی میں پھندا لگا کر خودکشی کی۔ خبریں آنے لگیں اور کہا گیا کہ انہوں نے ڈپریشن کے باعث زندگی ختم کی۔

14 جون کی شام تک ممبئی پولیس نے واقعے کی حادثاتی موت کے طور پر تفتیش شروع کرتے ہوئے اعلان کیا کہ پولیس معلوم کرے گی کہ اداکار نے کن وجوہات پر خودکشی کی۔

اداکار کی خودکشی کے ایک روز بعد ہی تفصیلات سامنے آئیں کہ اداکار نے زندگی کے آخری ڈھائی گھنٹے کیسے گزارے، جن کے مطابق اداکار نے خودکشی سے قبل اٹھ کر جوس بنا کر بھی پیا تھا۔

15 جون کو اداکار کی ابتدائی پوسٹ مارٹم جاری کی گئی، جس میں اداکار کی موت کا سبب دم گھٹنا بتایا گیا۔

16 جون کو ٹوئٹر پر بھارت کے عوام نے اہم شوبز شخصیات پر سخت تنقید کرتے ہوئے انہیں ہی سشانت سنگھ کی خودکشی کا ذمہ دار قرار دیا، جن شخصیات پر تنقید کی گئی ان میں سلمان خان، کرن جوہر، عالیہ بھٹ اور مہیش بھٹ سمیت دیگر شخصیات شامل تھیں۔

17 جون کو سشانت سنگھ کیس میں نیا موڑ آیا اور ریاست بہار کے مظفرپور کی عدالت میں ایک وکیل نے کرن جوہر، سنجے لیلا بھنسالی، سلمان خان اور ایکتاکپور سمیت 8 شوبز شخصیات کے خلاف اداکار کے قتل کا مقدمہ دائر کردیا۔

18 جون کو سشانت سنگھ کی خودکشی کے حوالے سے متضاد خبریں آنا شروع ہوئیں، رپورٹس میں دعویٰ کیا جانے لگا کہ وہ مالی مشکلات کا بھی شکار تھے۔

25 جون کو اداکار کی حتمی پوسٹ مارٹم رپورٹ جاری کی گئی، جس میں بھی ان کی موت کا سبب دم گھٹنا بتایا گیا اور ساتھ ہی واضح کیا گیا کہ ان کے جسم پر تشدد کے نشانات نہیں دیکھے گئے۔

6 جولائی کو فلم ساز سنجے لیلا بھنسالی نے ممبئی پولیس کے سامنے بیان ریکارڈ کروایا، جس مین انہوں نے بتایا کہ وہ سشانت سنگھ کو اپنی فلموں میں کاسٹ کرنا چاہتے تھے مگر دوسری پروڈکشن کمپنیوں سے معاہدے کی وجہ سے اداکار ان کی فلموں میں کام نہیں کر سکے، اس وقت تک ممبئی پولیس 30 افراد کے بیانات ریکارڈ کر چکی تھی۔

26 جولائی کو ممبئی پولیس نے فلم ساز کرن جوہر کے منیجر اور فلم ساز مہش بھٹ کو تفتیش کے لیے سمن جاری کیے۔

26 جولائی کو ہی سشانت سنگھ کی آخری فلم دل بیچارہ کو آن لائن ریلیز کیا گیا، جس نے نیا ریکارڈ قائم کیا۔

28 جولائی کو فلم ساز مہیش بھٹ ممبئی پولیس کے سامنے پیش ہوئے اور انہوں نے پولیس کو بتایا کہ انہوں نےکبھی بھی سشانت سنگھ کو اپنی آنے والی فلم 'سڑک 2' میں کاسٹ کرنے کا دلاسا نہیں دیا تھا اور نہ ہی انہوں نے کسی دوسری فلم میں کام کی انہیں پیش کش کی۔

30 جولائی کو سشانت سنگھ کیس میں اس وقت ایک اور نیا موڑ آیا، جب اداکار کے والد نے ریاست بہار میں ریا چکربورتی کے خلاف مقدمہ دائر کروایا، اداکار کے والد نے اداکارہ پر بیٹے کو بلیک میل کرنے اور ان کے پیسے ہڑپ کرنے کے الزامات بھی لگائے۔

31 جولائی کو ریا چکربورتی نے اپنے خلاف ریاست بہار میں دائر کیے گئے مقدمے کے خلاف سپریم کورٹ میں درخواست دائر کی کہ ان کے خلاف دائر کیا گیا مقدمہ ممبئی منتقل کیا جائے، کیوں کہ ممبئی پولیس پہلے ہی کیس کی تفتیش کر رہی ہے، ساتھ ہی انہوں نے خود پر لگے تمام الزامات مسترد کیے۔

ریا چکربورتی نے شروع سے ہی اپنے خلاف لگے تمام الزامات کو مسترد کیا—فوٹو: انسٹاگرام
ریا چکربورتی نے شروع سے ہی اپنے خلاف لگے تمام الزامات کو مسترد کیا—فوٹو: انسٹاگرام

4 اگست کو سشانت سنگھ کے والد نے ریاست بہار کی حکومت کو درخواست کی کہ ان کی دائر کرائی گئی ایف آئی آر کے بنیاد پر سینٹرل بیورو آف انویسٹی گیشن (سی بی آئی) سے تفتیش کروائی جائے، جس کے بعد ریاستی حکومت نے اعلان کیا کہ وہ مرکزی حکومت کو درخواست کرے گی۔

5 اگست کو ریا چکربورتی کی درخواست پر بھارتی سپریم کورٹ میں سماعت ہوئی تو مرکزی حکومت نے عدالت کو بتایا کہ ریاست بہار کی درخواست پر سشانت سنگھ کیس کی تفتیش سی بی آئی کو سونپ دی گئی ہے، جس وجہ سے اب ریا چکربورتی کی درخواست مسترد کی جائے۔

6 اگست کو مرکزی حکومت نے سشانت سنگھ کیس کی تفتیش کے لیے سی بی آئی کو تحریری اجازت دے دی۔

سپریم کورٹ نے سی بی آئی کی جانب سے سشانت سنگھ کیس کی تفتیش کے حوالے سے ریا چکربورتی، اداکار کے والد، مببئی اور بہار پولیس کو اپنے اعتراضات جمع کرانے کی مہلت دی اور پھر 19 اگست کو عدالت نے بھی سی بی آئی کو تفتیش کی اجازت دی۔

20 اگست کو سی بی آئی نے تفتیشی ٹیم تشکیل دے کر کیس کی تفتیش تیز کردی۔

23 اگست کو خبر سامنے آئی کہ سی بی آئی کی جانب سے تفتیش کیے جانے کے بعد ہی سشانت سنگھ کیس کے کئے نئے پہلو سامنے آگئے، جن سے کئی اہم سوالات اٹھ گئے ہیں اور سی بی آئی نے منی لانڈرنگ اور نارکوٹکس فورس سے بھی مدد طلب کرلی۔

29 اگست کو سی بی آئی نے پہلی بار ریا چکربورتی کو تفتیش کے لیے طلب کیا اور ان سے 8 گھنٹے تک پوچھ گچھ کیے جانے کے بعد انہں دوسرے دن بھی بلایا گیا۔

ریا چکربورتی اعتراف کر چکی ہیں کہ وہ سشانت سنگھ سے محبت کرتی تھیں—فائل فوٹو: انڈیا ٹوڈے
ریا چکربورتی اعتراف کر چکی ہیں کہ وہ سشانت سنگھ سے محبت کرتی تھیں—فائل فوٹو: انڈیا ٹوڈے

31 اگست کو خبر سامنے آئی کہ سی بی آئی نے ریا چکربورتی سے مسلسل چار دن تک یومیہ 6 سے 8 گھنٹے تک پوچھ گچھ کی، جس کے بعد سی بی آئی نے نارکوٹکس فورس کو بھی معاملے کی تفتیش کے لیے کہا، کیوں کہ معاملے میں منشیات کے استعمال کا پہلو آگیا تھا۔

6 ستمبر کو سشانت سنگھ کیس میں ایک اور نیا موڑ اس وقت آیا جب نارکوٹکس بیورو نے ریا چکربورتی کے بھائی شووک چکربورتی اور سشانت سنگھ کے منیجر سیموئل مرنڈا اور باورچی دیپیش ساونت کو گرفتار کیا۔

7 ستمبر کو نارکوٹکس بیورو نے ریا چکربورتی کو بھی پوچھ گچھ کے لیے طلب کیا اور نارکوٹکس حکام نے اداکارہ سے گرفتار کیے گئے تینوں ملزمان کے سامنے تفتیش کی، جس دوران انہوں نے اعتراف کیا کہ وہ سشانت سنگھ کے لیے منشیات خریدتی رہی ہیں۔

8 ستمبر کو نارکوٹکس نے ریا چکربورتی کو دوسرے دن بھی تفتیش کے لیے بلایا تھا اور اسی دن ہی ان کی گرفتاری عمل میں آئی اور اسی دن ہی ان کا 14 دن کا عدالتی ریمانڈ حاصل کیا گیا۔

ریا چکربورتی نے کوئی زیادہ مقبول فلمیں نہیں کیں—فوٹو: انسٹاگرام
ریا چکربورتی نے کوئی زیادہ مقبول فلمیں نہیں کیں—فوٹو: انسٹاگرام