• KHI: Fajr 5:04am Sunrise 6:20am
  • LHR: Fajr 4:29am Sunrise 5:50am
  • ISB: Fajr 4:32am Sunrise 5:55am
  • KHI: Fajr 5:04am Sunrise 6:20am
  • LHR: Fajr 4:29am Sunrise 5:50am
  • ISB: Fajr 4:32am Sunrise 5:55am

سشانت سنگھ کے والد نے بیٹے کی گرل فرینڈ کےخلاف مقدمہ کردیا

شائع July 30, 2020
دونوں کے درمیان چند سال سے رومانوی تعلقات تھے، رپورٹس—فائل فوٹو: فیس بک
دونوں کے درمیان چند سال سے رومانوی تعلقات تھے، رپورٹس—فائل فوٹو: فیس بک

گزشتہ ماہ 14 جون کو خودکشی کرنے والے بولی وڈ اداکار سشانت سنگھ راجپوت کے والد نے اپنے بیٹے کی سابق گرل فرینڈ اداکارہ ریا چکربورتی کے خلاف پولیس تھانے میں مقدمہ دائر کردیا۔

بھارتی اخبار ہندوستان ٹائمز کے مطابق سشانت سنگھ راجپوت کے والد ریٹائرڈ سرکاری افسر کے کے سنگھ نے ریاست بہار کے شہر پٹنا کے راجیو نگر پولیس تھانے میں انڈین پینل کوڈ (آئی پی سی) کی متعدد دفعات کے تحت مقدمہ درج کروایا۔

سشانت سنگھ کے والد نے نہ صرف اپنے بیٹے کی سابق گرل فرینڈ ریا چکربورتی بلکہ ان کے اہل خانہ کو بھی فرسٹ انفارمیشن رپورٹ (ایف آئی آر) میں نامزد کیا ہے۔

اداکارہ اور ان کے اہل خانہ کے خلاف بلیک میلنگ، زبردستی کرنے اور دیگر جرائم کی دفعات کے تحت مقدمہ دائر کیا گیا ہے، تاہم ایف آئی آر میں قتل کی دفعات شامل نہیں کی گئیں۔

ایف آئی آر میں سشانت سنگھ کے والد نے ریا چکربورتی پر سنگین الزامات عائد کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ اداکارہ نے ان کے بیٹے کو اپنے قابو میں کرکے اپنے والدین سے بھی دور رکھا۔

سشانت سنگھ نے 14 جون کو خودکشی کرلی تھی—فوٹو: انسٹاگرام
سشانت سنگھ نے 14 جون کو خودکشی کرلی تھی—فوٹو: انسٹاگرام

اداکار کے والد نے دعویٰ کیا کہ ریا چکربورتی ان کے آنجھانی بیٹے کو بلیک میل کرتی رہیں اور ان کا بینک اکاؤنٹ تک دیکھتی رہیں۔

یہ بھی پڑھیں: بولی وڈ اداکار سُشانت سنگھ راجپوت نے خودکشی کرلی

ایف آئی آر میں کہا گیا کہ ریا چکربورتی نے سشانت سنگھ راجپوت کی قمیتی اشیا بھی چرائیں، جن میں نقد رقم، سونا، لیپ ٹاپ، کریڈٹ کارڈز اور میڈیکل رپورٹس شامل ہیں۔

ایف آئی آر میں اس بات کا بھی ذکر کیا گیا کہ سشانت سنگھ راجپوت کو شک تھا کہ ریا چکربورتی ان کی ڈپریشن سے متعلق میڈیکل رپورٹس میڈیا میں لاکر انہیں بدنام کریں گی۔

ایف آئی آر کے مطابق سشانت سنگھ راجپوت کی خودکشی سے 6 دن قبل 8 جون کو جب ریا چکربورتی نے دیکھا کہ اداکار کے بینک اکاؤنٹ میں پیسے نہیں، تب انہوں نے آنجھانی اداکار کے کریڈٹ کارڈز، سونا اور لیپ ٹاپ تک چرالیا۔

سشانت سنگھ سے چند دن قبل ان کی سابق مینیجر نے بھی خودکشی کرلی تھی — فوٹو: انڈیا ٹی وی
سشانت سنگھ سے چند دن قبل ان کی سابق مینیجر نے بھی خودکشی کرلی تھی — فوٹو: انڈیا ٹی وی

پولیس میں درج کرائے گئے مقدمے میں دعویٰ کیا گیا کہ سشانت سنگھ کی خودکشی سے چند دن قبل ان کی سابق منیجر کی خودکشی کے بعد اداکار کو لگا کہ ریا چکربورتی ان پر سابق منیجر کے قتل کا الزام لگائیں گی۔

ایف آئی آر میں دعویٰ کیا گیا کہ سشانت سنگھ راجپوت کے بینک اکاؤنٹ سے لاکھوں روپے دوسرے اکاؤنٹس میں منتقل کیے گئے اور ریا چکربورتی نے انہیں اپنے خاندان سے روابط ختم کرکے تنہا رہنے پر بھی مجبور کیا۔

خیال رہے کہ سشانت سنگھ راجپوت کی خودکشی کے بعد ریا چکربورتی پر سوشل میڈیا پر خوب تنقید کی گئی اور انہیں اداکار کی خودکشی کا قدرے ذمہ دار بھی قرار دیا گیا۔

مزید پڑھیں: سشانت سنگھ راجپوت نے زندگی کے آخری ڈھائی گھنٹے کیسے گزارے؟

ریا چکربورتی نے بھی سشانت سنگھ راجپوت کی خودکشی کی تفتیش کرنے والی ممبئی پولیس کو 18 جون کو اپنا بیان ریکارڈ کروایا تھا، جس میں انہوں نے سشانت سنگھ راجپوت سے تعلقات کا اعتراف کیا تھا۔

بعد ازاں میڈیا میں ایسی خبریں بھی آئیں تھیں کہ ریا چکربورتی سے تعلقات استوار ہونے کے بعد سشانت سنگھ راجپوت کے ڈپریشن میں اضافہ ہوا اور وہ ذہنی طور پر دباؤ کا شکار رہنے لگے تھے۔

مذکورہ افواہوں میں اس وقت شدت آگئی تھی جب ریا چکربورتی کی رواں ماہ جولائی کے آغاز میں فلم ساز مہیش بھٹ کے ساتھ خوشگوار موڈ میں کھنچوائی گئی تصاویر وائرل ہوئی تھیں۔

ریا چکربورتی نے 18 جون کو پولیس میں بیان بھی ریکارڈ کروایا تھا—فوٹو: فیس بک
ریا چکربورتی نے 18 جون کو پولیس میں بیان بھی ریکارڈ کروایا تھا—فوٹو: فیس بک

تصاویر میں ریا چکربورتی کو عمر رسیدہ فلم ساز مہیش بھٹ کے ساتھ رومانوی انداز میں دیکھا گیا تھا۔

مہیش بھٹ کے ساتھ تصاویر وائرل ہونے کے بعد ان کے خلاف افواہوں میں تیزی آگئی اور ریا چکربورتی کو سوشل میڈیا پر سشانت سنگھ کے مداحوں کی جانب سے گینگ ریپ اور قتل کی دھمکیاں تک دی گئی تھیں۔

جس کے بعد اداکارہ نے 16 جولائی کو اپنی انسٹاگرام پوسٹ میں بھارت کے مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ سے سشانت سنگھ راجپوت کی خودکشی کی تفتیش خفیہ ادارے سی بی آئی سے کرانے کا مطالبہ کیا تھا۔

مذکورہ پوسٹ میں انہوں نے سشانت سنگھ راجپوت کی تصویر شیئر کرتے ہوئے خود کو ان کی گرل فرینڈ بتایا تھا۔

حال ہی میں مہیش بھٹ کی سشانت کی سابق گرل فرینڈ ریا چکربورتی کے ساتھ تصاویر بھی وائرل ہوئی تھیں—فوٹو: فرسٹ پوسٹ
حال ہی میں مہیش بھٹ کی سشانت کی سابق گرل فرینڈ ریا چکربورتی کے ساتھ تصاویر بھی وائرل ہوئی تھیں—فوٹو: فرسٹ پوسٹ

انہوں نے اپنی پوسٹ میں خود کو ملنے والی سنگین دھمکیوں سے متعلق بھی امیت شاہ کو آگاہ کیا تھا۔

خیال رہے کہ ماضی میں ریا چکربورتی بھارتی میڈیا کو بتا چکی تھیں کہ ان کے اور سشانت سنگھ کے درمیان اگرچہ گزشتہ 8 سال سے دعا سلام ہے، تاہم گزشتہ 3 سال سے وہ ایک دوسرے کے قریب ہوئے۔

سشانت سنگھ اور ریا چکربورتی کے درمیان 2017 میں تعلقات استوار ہوئے جو دیکھتے ہی دیکھتے پیار میں تبدیل ہوگئے۔

ریا چکربورتی سے قبل سشانت سنگھ راجپوت کے مختصر عرصے کے لیے اداکارہ کریٹی سونن سے بھی تعلقات رہے تھے۔

اس سے قبل سشانت سنگھ راجپوت کے تعلقات اداکارہ انکتا لوکھنڈے کے ساتھ تھے۔

A photo posted by Instagram (@instagram) on

کارٹون

کارٹون : 20 ستمبر 2024
کارٹون : 19 ستمبر 2024