کورونا ٹیسٹ منفی آنے پر پاکستانیوں کو سعودی عرب جانے کی اجازت

اپ ڈیٹ 26 ستمبر 2020
دفتر خارجہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ پاکستان سے متعلق سفری پابندی نہیں ہے—فائل فوٹو: اے پی پی
دفتر خارجہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ پاکستان سے متعلق سفری پابندی نہیں ہے—فائل فوٹو: اے پی پی

راولپنڈی: سعودی عرب نے سفر سے 48 گھنٹے قبل کرائے گئے کورونا ٹیسٹ منفی آنے پر ویزا رکھنے والے افراد پر سفری پابندیاں ختم کردی ہیں۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق دفتر خارجہ کے ترجمان نے ایک بیان میں کہا کہ پاکستان سے متعلق سفری پابندی نہیں ہے۔

واضح رہے کہ کوروبا وائرس سے قبل ہر ہفتے پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) کی 75 پروازیں سعودی عرب کے لیے چلتی تھیں جن میں سے 42 جدہ ، 13ریاض ، 12 مدینہ اور 8دمام کی پروازیں تھیں جو کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے بعد کم ہوکر 22 ہو گئیں۔

انہوں نے کہا کہ پی آئی اے کی محدود تعداد میں پروازوں کی وجہ سے ویزا رکھنے والے زیادہ تر پاکستانی شہریوں کو سعودی عرب جانے میں دشواری کا سامنا کرنا پڑ رہا تھا۔

مزید پڑھیں: یورپی ممالک کیلئے پی آئی اے کی پروازوں پر پابندی

ترجمان نے کہا اسی کو دیکھتے ہوئے مذکورہ معاملے کو سعودی حکام کے ساتھ اٹھایا گیا جنہوں نے 25 سے 30 ستمبر تک 21 اضافی پروازوں (جدہ کیلئے 10، مدینہ کے لیے 6، دمام کے لیے 5) کی اجازت دے دی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ سعودی حکام یکم اکتوبر سے 30 اکتوبر تک مزید پروازوں کی اجازت دینے پر بھی غور کر رہے ہیں۔

ترجمان دفتر خارجہ کا مزید کہنا تھا کہ اضافی پروازوں کی وجہ سے پاکستانی بغیر کسی مشکل کے سعودی عرب کا سفر کررہے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ پی آئی اے کو 30 ستمبر تک سعودی عرب کے لیے مزید 7 پروازوں کو چلانے کی خصوصی اجازت مل گئی ہے۔

سعودی عرب جانے والی پروازوں کو آپریٹ کرنے کی اجازت ان 21 پروازوں کے علاوہ ہے جس کی ایئر لائن کو اس سے قبل اجازت دی گئی تھی۔

دوسری جانب پی آئی اے کے ترجمان عبد اللہ حفیظ نے کہا کہ لوگوں کی سہولت کے لیے ان کے دفاتر صبح 9 بجے سے شام 6 بجے تک کھلے رہیں گے۔

انہوں نے کہا کہ پی آئی اے کے چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) ایئر مارشل (ر) ارشد ملک نے عملے کو ہدایت کی ہے کہ وہ مسافروں کا خیال رکھنا یقینی بنائیں۔

یہ بھی پڑھیں: پی آئی اے کو عمانی فضائی حدود کی بندش کا بھی خطرہ

ترجمان نے کہا کہ ایک بار بکنگ شروع ہونے کے بعد مزید مسافروں کو جگہ دی جائے گی کیونکہ سیٹس آسانی سے میسر ہوں گی۔

انہوں نے کہا کہ زیادہ تر لوگوں کے رہائشی اجازت نامہ (اقامے) 30 ستمبر کو ختم ہورہے تھے جس کی وجہ سے پی آئی اے کے سی ای او نے وزیر اعظم عمران خان سے مزید پروازوں کی اجازت حاصل کرنے کی درخواست کی تھی اور وزیر اعظم کی کوششوں کی وجہ سے پاکستانی سعودی عرب سفر کرنے لیے اہل ہوگئے۔

دریں اثنا جمعہ کے روز راولپنڈی میں دی مال پر پی آئی اے کے دفتر کے باہر اپنی سیٹس کی تصدیق کے خواہاں افراد کی ایک بڑی تعداد جمع ہوگئی۔

ایک نامعلوم مسافر نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر ڈان کو بتایا کہ وہ صبح سے ائیر لائن کے دفتر کے باہر موجود تھا اور عملے سے سیٹ کی تصدیق کی درخواست کر رہا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ 'انہوں نے بکنگ کاؤنٹر سے رابطہ کیا لیکن انہوں نے منع کردیا، پھر وہ دوسرے کاؤنٹر پر گئے لیکن وہی جواب ملا اور انہیں ہفتے کے روز آنے کو کہا گیا'۔

انہوں نے کہا 'وہ پریشان ہیں کیوں کہ ان کا اقامہ 29 ستمبر کی رات کو ختم ہورہا ہے، اگر وہ سعودی عرب نہیں جا سکے تو وہ اپنی ملازمت سے محروم ہوسکتے ہیں'۔

تبصرے (0) بند ہیں