'ارطغرل غازی' کی سلجان خاتون ڈیزائنر ماریہ بی کیلئے ماڈلنگ کریں گی؟

اپ ڈیٹ 29 ستمبر 2020
پاکستان میں مقبولیت کے ریکارڈ بنانے والے ترک ڈرامے دیریلیش ارطغرل کے اداکاروں کو ملک میں کافی پسند  کیا جارہا ہے—فوٹو: فیس بک
پاکستان میں مقبولیت کے ریکارڈ بنانے والے ترک ڈرامے دیریلیش ارطغرل کے اداکاروں کو ملک میں کافی پسند کیا جارہا ہے—فوٹو: فیس بک

پاکستان میں مقبولیت کے ریکارڈ بنانے والے ترک ڈرامے دیریلیش ارطغرل کے چرچے عام ہیں اور اس کے اداکاروں کو بھی ملک میں کافی پسند کیا جارہا ہے۔

اس ڈرامے کو پاکستان ٹیلی ویژن (پی ٹی وی) پر ارطغرل غازی کے نام سے اردو میں ترجمہ کرکے پیش کیا جارہا ہے۔

گزشتہ دنوں ارطغرل غازی میں دوآن الپ (روشان) کا کردار ادا کرنے والے جاوید چتین گونر پاکستان آئے تھے اور انہوں نے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کا دورہ کیا تھا۔

علاوہ ازیں گزشتہ روز اسی ڈرامے میں 'ترگت الپ' کا کردار ادا کرنے والے اداکار جنگیز جوشقون اور بامسی کا کردار ادا کرنے والے اداکار نورالدین سونمیر پاکستان کے معروف برانڈ جے ڈاٹ فریگرینس کے برانڈ ایمبیسڈر بنے تھے۔

مزید پڑھیں: 'ارطغرل غازی' کے مزید 2 اداکار پاکستانی برانڈ کے ایمبیسڈر بن گئے

اور اب ارطغرل غازی میں سلیمان شاہ کی منہ بولی بیٹی اور بعد میں بڑے بیٹے گلدارو کی بیوی سلجان خاتون کا کردار ادا کرنے والی دیدم بالچین پاکستانی ڈیزائنر ماریہ بی کے ملبوسات کی ماڈلنگ کریں گی۔

اس حوالے سے پاکستان کی نامور ڈیزائنر ماریہ بی نے سوشل میڈیا پر اعلان کیا کہ دیدم بالچین ان کے برانڈ کے ونٹر کلیکشن کی ماڈلنگ کریں گی۔

A photo posted by Instagram (@instagram) on

ماریہ بی اس وقت اپنے اہل خانہ کے ساتھ ترکی کے تاریخی اور ثقافتی مرکز میں موجود ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: ارطغرل غازی کے کردار 'دوآن الپ' کی پاکستان آمد

انسٹاگرام پر اداکارہ دیدم بالچین کے ساتھ تصاویر اور ویڈیوز شیئر کیں اور بتایا کہ وہ سلجان خاتون کے ساتھ شوٹنگ کے لیے استنبول میں موجود ہیں۔

A photo posted by Instagram (@instagram) on

انسٹا پر جاری ایک ویڈیو میں ماریہ بی نے کہا کہ ہم سلجان خاتون کا کردار ادا کرنے والی اداکارہ کے بہت بڑے مداح ہیں اور ان کے ساتھ کام کرنے پر بہت خوش ہیں۔

اس موقع پر اداکارہ دیدم بالچین نے پاکستانیوں کے لیے 'جیوے جیوے پاکستان' کے الفاظ بھی کہے۔

A photo posted by Instagram (@instagram) on

خیال رہے کہ سب سے پہلے رواں برس جولائی میں ارطغرل غازی میں حلیمہ سلطان کا مرکزی کردار ادا کرنے والی اداکارہ اسرا بیلگی اسمارٹ فون کمپنی کیو موبائل کی برانڈ ایمبیسڈر بننے کا اعلان کیا تھا۔

جس کے بعد وہ جولائی ہی کے مہینے میں پاکستانی موبائل کمپنی جاز کی بھی برانڈ ایمبیسڈر بنی تھیں۔

بعدازاں رواں ماہ ارطغرل غازی کے مرکزی کردار نے دارالحکومت اسلام آباد کی نجی ہاؤسنگ سوسائٹی سے برانڈ ایمبیسڈر کا معاہدہ کیا تھا۔

تاہم اس ہاؤسنگ سوسائٹی کو راولپنڈی ڈیولپمنٹ اتھارٹی (آر ڈی اے) کی جانب سے غیر قانونی قرار دیے جانے کے باعث انجین التان دوزیتان نے معاہدہ منسوخ کردیا تھا۔

مزید پڑھیں: کیا 'ارطغرل غازی' کے مرکزی کردار نے پاکستانی برانڈ سے معاہدہ منسوخ کردیا؟

واضح رہے کہ ترک ڈرامے 'ارطغرل غازی' کو پی ٹی وی پر 24 اپریل سے نشر کیا جا رہا ہے اور اب اس کا دوسرا سیزن بھی شروع ہوچکا ہے۔

اس ڈرامے نے نشر ہوتے ہی پاکستان میں مقبولیت کے نئے ریکارڈ بنائے تھے اور اسے یوٹیوب پر محض 20 دن میں 21 کروڑ بار دیکھا جا چکا تھا۔

اس ڈرامے کی کہانی 13ویں صدی میں ’سلطنت عثمانیہ‘ کے قیام سے قبل کی ہے جو ’ارطغرل‘ نامی بہادر مسلمان سپہ سالار کے گرد گھومتی ہے، جنہیں ’ارطغرل غازی‘ بھی کہا جاتا ہے۔

ڈرامے میں دکھایا گیا ہے کہ کس طرح 13ویں صدی میں ترک سپہ سالار ارطغرل نے منگولوں، صلیبیوں اور ظالموں کا بہادری سے مقابلہ کیا اور اپنی فتوحات کا سلسلہ برقرار رکھا۔

تبصرے (0) بند ہیں