دسمبر 2019 میں چین سے دنیا بھر میں پھیلنے والے ’کورونا وائرس‘ کے نتیجے میں رواں سال متعدد فلموں کی ریلیز التوا کا شکار ہوچکی ہے۔

ان میں سے ایک جیمز بونڈ سیریز کی 25 ویں فلم بھی ہے جو پہلے اپریل میں ریلیز ہونی تھی مگر کورونا کے باعث اسے نومبر میں ریلیز کرنے کا اعلان کیا گیا تھا۔

مگر اب ایک بار پھر اس کی ریلیز کی تاریخ آگے بڑھا دی گئی ہے، جس کی وجہ کورونا وائرس کی وبا کے نتیجے میں فلمی صنعت پر مرتب اثرات ہیں۔

اسکرین شاٹ
اسکرین شاٹ

اس سے قبل چند بڑی فلمیں جیسے فاسٹ اینڈ فیوریس 9، مارول کی بلیک ویڈو اور ٹاپ گن کا سیکوئل بھی اگلے سال ریلیز کرنے کا اعلان ہوچکا ہے۔

ایم جی ایم اور یونیورسل پکچرز کی جیمز بونڈ فلم نو ٹائم ٹو ڈائی اب 2 اپریل 2021 کو ریلیز ہوگی۔

فلم کے پروڈیوسرز مائیکل جی ولسن اور باربرا بروکولی نے بتایا کہ بونڈ فلم کی ریلیز کے التوا کا فیصلہ دنیا بھر میں سنیماؤں میں ناظرین کی تعداد کو دیکھتے ہوئے کیا گیا۔

فلم کے آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ پر جاری بیان کے مطابق 'ہم سمجھتے ہیں کہ اس التوا سے ہمارے مداح مایوس ہوں گے مگر ہم اب نو ٹائم ٹو ڈائی کو اگلے سال ریلیز کررہے ہیں'۔

یہ فیصلہ اس وقت کیا گیا جب امریکا میں سنیماؤں کو بتدریج اوپن کیا جارہا ہے مگر بڑی مارکیٹوں جیسے نیویارک اور لاس اینجلس بدستور بند ہیں۔

سنیئر میڈیا تجزیہ کار پال ڈرگربیڈن نے بتایا 'اسٹوڈیوز کی جانب چیلنجز کے مقابلے میں محتاط رویے کا اظہار کیا جارہا ہے'۔

تاہم ان کا کہنا تھا کہ جیمز بونڈ فلم کے التوا سے ظاہر ہوتا ہے کہ پروڈیوسرز سنیماؤں کو فلم کے لیے ترجیحی مقام مانتے ہیں۔

اسکرین شاٹ
اسکرین شاٹ

کچھ فلموں کی جانب سے سنیماؤں کو چھوڑ کر براہ راست اسٹریمنگ سروسز پر ریلیز کردیا گیا۔

جیمز بونڈ سیریز فلمی صنعت کی چند مقبول ترین فرنچائزز میں سے ایک ہے جس کی 2015 میں ریلیز ہونے والی فلم اسپیکٹر نے دنیا بھر میں 88 کروڑ ڈالرز کا بزنس کیا تھا جبکہ 2012 میں اسکائی فال نے ایک ارب ڈالرز سے زائد کمائے۔

نو ٹائم ٹو ڈائی کی تیاری پر 20 کروڑ ڈالرز خرچ ہوئے جبکہ یہ ڈینئل گریگ کی بطور 007 آخری فلم ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں