شہریار منور کا حادثے کے بعد سرجری کرانے کا انکشاف

05 اکتوبر 2020
شہریار منور سرجری کے بعد — فوٹو بشکریہ شہر ہار منور انسٹاگرام پیج
شہریار منور سرجری کے بعد — فوٹو بشکریہ شہر ہار منور انسٹاگرام پیج

معروف اداکار شہریار منور صدیقی کچھ عرصے سے سوشل میڈیا سے دور تھے اور اب انہوں نے انکشاف کیا ہے کہ ایسا ٹریفک حادثے کے باعث ہوا۔

انسٹاگرام پر ایک پوسٹ میں اداکار نے بتایا کہ وہ کچھ ماہ قبل موٹرسائیکل پر گلگت سے ہنزہ جاتے ہوئے ایک حادثے میں زخمی ہوگئے تھے۔

ہسپتال سے موٹرسائیکل پر سفر ، سرجری کی ویڈیوز، فریکچر اور سرجری کے بعد کی مختلف تصاویر کو انسٹاگرام پر شیئر کرتے ہوئے انہوں نے لکھا 'مجھے فیس بک/انسٹاگرام پر متعدد پیغامات مل رہے تھے، جن میں پوچھا جارہا تھا کہ گزشتہ 2 ماہ سے میں سوشل میڈیا پر متحرک کیوں نہیں، جس پر میں پہلے تو معذرت کرتا ہوں'۔

انہوں نے مزید بتایا '2 ماہ قبل میں گلگت سے ہنزہ موٹر سائیکل پر جاتے ہوئے حادثے کا شکار ہوا، جس کے نتیجے میں کندھا بہت بری طرح متاثر ہوا، جس کے باعث میں سرجری کے لیے لندن گیا'۔

ان کا کہنا تھا 'ڈیڑھ ماہ قبل میرا آپریشن ہوا اور ڈاکٹروں کی مہربانی سے اب پٹی اتر چکی ہے اور کندھا مکمل طور پر حرکت کررہا ہے'۔

انہوں نے اپنے مداحوں کو مشورہ دیا کہ موٹرسائیکل اچھی سواری ضرور ہے مگر خطرناک بھی ہے جبکہ اس پر سفر کرتے ہوئے مکمل حفاظتی گیئر ضرور پہنیں۔

A photo posted by Instagram (@instagram) on

خیال رہے کہ شہریار منور نے 2012 میں اپنے کیرئیر کا آغاز ٹی وی ڈرامے میرے درد کو جو زبان ملے سے کیا تھا، جس کے بعد وہ تنہائیاں نئے سلسلے، کہی ان کہی اور زندگی گلزار ہے جیسے ڈراموں میں بھی جلوہ گر ہوئے۔

اس کے علاوہ ہو من جہاں، 7 دن محبت ان، پراجیکٹ غازی اور پرے ہٹ لو جیسی فلموں میں بھی کام کرچکے ہیں۔

گزشتہ سال مارچ میں انہوں نے ہالہ سومرو نامی ڈاکٹر سے منگنی کرلی تھی تاہم اکتوبر 2019 میں ایک انٹرویو میں انہوں نے منگنی ختم ہونے کا انکشاف کیا۔

انٹرویو میں اداکار کا کہنا تھا کہ 'میں نے اپنی والدہ سے کہا تھا کہ ایک دفعہ آپ کے کہنے پر منگنی کی اور آپ ہی نے ختم کی، لیکن اس دفعہ میں اس لڑکی کا انتخاب خود کروں گا جس سے مجھے شادی کرنی ہے'۔

تاہم اداکار نے انٹرویو میں یہ بھی کہا کہ 'عقلمند کے لیے اشارہ کافی ہے'، اور وہ اس حوالے سے کوئی بات نہیں کرنا چاہیں گے۔

تبصرے (0) بند ہیں