ابھی نندن سے متعلق ایاز صادق کا بیان حقیقت کے برعکس ہے، شاہ محمود قریشی

28 اکتوبر 2020
شاہ محمود نے کہا کہ سیاسی مقاصد کے لیے ایسی غیر ذمہ دارانہ گفتگو کی جارہی ہے — فائل فوٹو / اے پی
شاہ محمود نے کہا کہ سیاسی مقاصد کے لیے ایسی غیر ذمہ دارانہ گفتگو کی جارہی ہے — فائل فوٹو / اے پی

وزیر خارجہ شاہ محمودقریشی نے سابق اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق کے پارلیمنٹ میں بیان کو حقیقت کے برعکس قرار دے دیا۔

سرکاری خبر رساں ایجنسی ’اے پی پی‘ کے مطابق ایاز صادق کی جانب سے قومی اسمبلی میں دیے گئے بیان پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ سابق اسپیکر سے ایسی بات کی توقع نہیں کرتا، ایاز صادق نے جو مؤقف بیان کیا وہ حقیقت کے برعکس ہے۔

انہوں نے کہا کہ انٹیلی جنس معلومات پر پارلیمان کواعتماد میں لیا تھا، انٹیلی جنس معلومات میں بھارتی پائلٹ ابھی نندن کا ذکر نہیں تھا، سیاسی مقاصد کے لیے ایسی غیر ذمہ دارانہ گفتگو کی جارہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ذمہ دار لوگ غیر ذمہ دارانہ گفتگو کر رہے ہیں جس پر حیرانی ہے۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ اپوزیشن آئی سی جے کا فیصلہ پڑھ لے اور پاکستان کا مؤقف بھی پڑھ لیا جائے، یہ لوگ کلبھوشن اور ابھی نند کے معاملات پر قوم کو گمراہ کر رہے ہیں۔

مزید پڑھیں: قومی اسمبلی میں ہنگامہ آرائی، پیپلز پارٹی کے رکن اسمبلی کو ایوان سے نکال دیا گیا

انہوں نے کہا کہ فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (ایف اے ٹی ایف) میں پاکستان کو دھکیلنے والا کون تھا؟ یہ (ن) لیگ کا دیا ہوا تحفہ ہے۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ کوئی بھی پاکستانی کشمیر پر سودے بازی نہیں کرسکتا، ہم قوم کو کشمیر پر یکجا کرتے ہیں اور یہ بھارت کا بیانیہ بُننا شروع کر دیتے ہیں، یہ ایوان میں آکر معاملات میں ابہام پیدا کر رہے ہیں اور اپوزیشن کے لوگ کنفیوژن میں ایسی گفتگو کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کشمیر کے مسئلے پر کون متفق ہے سب جانتے ہیں، یہ بلاوجہ اسے متنازع بنا رہے ہیں جبکہ ابھی نندن کے معاملے کو بھی بلاوجہ متنازع بنانے کی کوشش کی جارہی ہے، بدقسمتی سے انہوں نے سب چیزوں کو سیاست کی نذر کردیا ہے جو انتہائی افسوسناک ہے۔

واضح رہے کہ چند میڈیا رپورٹس میں یہ کہا گیا تھا کہ مسلم لیگ (ن) کے رہنما ایاز صادق نے قومی اسمبلی میں یہ دعویٰ کیا ہے کہ حکومت نے گھٹنے ٹیک کر بھارتی پائلٹ ابھی نندن کو واپس بھارت بھیجا۔

رپورٹس کے مطابق قومی اسمبلی میں خطاب کے دوران ایاز صادق نے کہا کہ اجلاس میں وزیر اعظم نے آنے سے انکار کردیا تھا مگر آرمی چیف اس میں شریک تھے، پسینے میں شرابور وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا تھا کہ خدا کے واسطے ابھی نندن کو واپس جانے دیں جبکہ بھارت آج رات 9 بجے حملہ کر رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: گرفتار بھارتی پائلٹ کو واہگہ بارڈر پر بھارتی حکام کے حوالے کردیا گیا

یاد رہے کہ 27 فروری 2019 کو پاک فضائیہ نے پاکستانی فضائی حدود کی خلاف ورزی کرنے والے بھارتی فورسز کے 2 لڑاکا طیاروں کو مار گرایا تھا۔

پاک فوج کے ترجمان نے بتایا تھا کہ فضائی حدود کی خلاف ورزی پر دونوں طیاروں کو مار گرایا، جس میں سے ایک کا ملبہ آزاد کشمیر جبکہ دوسرے کا ملبہ مقبوضہ کشمیر میں گرا تھا۔

ترجمان پاک فوج نے کہا تھا کہ بھارتی طیاروں کو مار گرانے کے ساتھ ساتھ ایک بھارتی پائلٹ ونگ کمانڈر ابھی نندن کو بھی گرفتار کیا گیا۔

تاہم یکم مارچ کو پاکستان کی جانب سے بھارتی طیاروں کو گرانے کے بعد گرفتار کیے گئے بھارتی پائلٹ ابھی نندن کو تمام کاغذی کارروائی کے بعد واہگہ بارڈر پر بھارتی حکام کے حوالے کر دیا گیا تھا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں