پاک فوج کنٹرول لائن پر بسنے والوں کی سلامتی کو ہر قیمت پر یقینی بنائے گی، آرمی چیف

04 نومبر 2020
آرمی چیف جنرل قمر باجوہ نے کور ہیڈ کوارٹرز راولپنڈی کا دورہ کیا، ترجمان پاک فوج — فوٹو: آئی ایس پی آر
آرمی چیف جنرل قمر باجوہ نے کور ہیڈ کوارٹرز راولپنڈی کا دورہ کیا، ترجمان پاک فوج — فوٹو: آئی ایس پی آر

چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کے اطراف بسنے والے کشمیریوں کی جرات کو سراہتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ پاک فوج کنٹرول لائن پر بسنے والی آبادی کے تحفظ اور سلامتی کو ہر قیمت پر یقینی بنائے گی۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر باجوہ نے کور ہیڈ کوارٹرز راولپنڈی کا دورہ کیا، جہاں انہیں لائن اف کنٹرول کی موجودہ صورتحال پر تفیصلی بریفنگ دی گئی۔

آرمی چیف کو راولپنڈی کور کی فارمیشنز کی آپریشنل تیاریوں سے متعلق بھی جامع طور پر آگاہ کیا گیا۔

اس موقع پر جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ لائن آف کنٹرول کے دونوں اطراف بسنے والے کشمیریوں کی جرات قابل قدر اور جذبہ قابل ستائش ہے، جنہیں بھارتی فوج جان بوجھ کر مسلسل نشانہ بنا رہی ہے۔

انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاک فوج کنٹرول لائن پر بسنے والی آبادی کے تحفظ اور سلامتی کو ہر قیمت پر یقینی بنائے گی۔

آرمی چیف کو راولپنڈی چھاؤنی میں جاری ترقیاتی کاموں سے بھی آگاہ کیا گیا۔

جنرل قمر جاوید باجوہ نے ترقیاتی کاموں میں پیشرفت پر اظہار اطمینان اور اس حوالے سے سول انتظامیہ کے کلیدی تعاون کو سراہا۔

واضح رہے کہ بھارت کی طرف سے آئے روز لائن آف کنٹرول پر سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزی کی جاتی ہے اور جان بوجھ کر شہری آبادی کو ہلکے اور بھاری ہتھیاروں سے نشانہ بنایا جاتا ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں