جب آسمان سے گرنے والے پتھر نے غریب شخص کو امیر بنادیا

اپ ڈیٹ 23 نومبر 2020
— فوٹو بشکریہ جوشوا ہواتاگالنگ
— فوٹو بشکریہ جوشوا ہواتاگالنگ

ذرا تصور کریں کہ آسمان سے اچانک شہاب ثاقب یا خلائی پتھر چھت توڑ کر آپ کے پاس آگرے تو کیا کریں گے؟

یقین کرنا مشکل ہوگا مگر اس طرح کا واقعہ آپ کی زندگی بدل سکتا ہے یعنی دولت مند بناسکتا ہے۔

ایسا ہی انڈونیشیا میں ایک تابوت بنانے والے شخص کے ساتھ ہوا جس کے گھر کی چھت شہابی پتھر نے توڑ دی تھی۔

جوشوا ہواتاگالنگ نامی 33 سالہ شخص نے اس پتھر کو محض 14 ہزار ڈالرز (22 لاکھ 54 ہزار پاکستانی روپے سے زائد) میں فروخت کردیا، حالانکہ اس کی اصل قیمت سوگنا زیادہ تھی۔

شمالی سماٹرا کے علاقے کولانگ سے تعلق رکھنے والے جوشوا اس وقت ایک تابوت بنارہے تھے جب انہوں نے ایک زوردار دھماکا سنا۔

اس دھماکے کے ساتھ 2.1 کلوگرام وزنی خلائی چٹان ان کے گھر کی ٹن کی چھت چھوڑ کر کمرے میں گرگئی۔

یہ شہابی پتھر ساڑھے 4 ارب سال پرانا ہے اور اور اس میں ایک نایاب کاربن دار سنگ Chondrite موجود ہے جس کی فی گرام قیمت 853 ڈالر ہے۔

جوشوا نے اسے 20 کروڑ انڈونیشین روپے میں فروخت کیا اور بعد ازاں ایک انٹرویو میں کہا کہ انہیں دھوکے کھانے کا احساس ہورہا ہے۔

یہ واقعہ اگست میں پیش آیا تھا اور اب جاکر یہ بین الاقوامی میڈیا کی توہ کا مرکز بنا ہے۔

جوشوا نے کہا 'میں نے یہ سب پیسے اپنے خاندان اور یتیم بچوں کی مدد اور ایک چرچ کی تعمیر پر خرچ کیے'۔

اس شخص نے اپنے فیس بک پیج پر اپنی دریافت کی ایک ویڈیو اپپ لوڈ کی جس کے کیپشن میں لکھا تھا 'ایک سیاہ پہاڑ آسمان سے میرے گھر پر گرا'۔

گرنے کے بعد یہ پتھر زمین میں 15 سینٹی میٹر تک دھنس گیا تھا جسے وشوا نے کھود کر باہر نکالا۔

جوشوا نے بی بی سی سے بات کرتے ہوئے بتایا 'جب میں نے اسے اٹھایا تو یہ اس وقت بھی گرم تھا، اس وقت مجھے لگا کہ یہ چیزز ایک شہاب ثاقب ہے، کیونکہ کسی کے لیے اتنی طاقت سے اتنے بڑے پتھر کو پھینکنا ممکن نہیں'۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں