13ویں عالمی اردو کانفرنس 3 دسمبر سے شروع ہوگی

اپ ڈیٹ 29 نومبر 2020
کانفرنس کے اسپیکرز ملک بھر سے کراچی آئیں گے لیکن دیگر کچھ آن لائن شرکت کریں گے — فوٹو: اسکرین شاٹ
کانفرنس کے اسپیکرز ملک بھر سے کراچی آئیں گے لیکن دیگر کچھ آن لائن شرکت کریں گے — فوٹو: اسکرین شاٹ

کراچی: آرٹس کونسل آف پاکستان کے صدر احمد شاہ نے اعلان کیا ہے کہ آرٹس کونسل کے زیرِ اہتمام 13ویں عالمی اردو کانفرنس 3 سے 6 دسمبر تک آرٹس کونسل کراچی میں منعقد ہوگی۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق احمد شاہ نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ یہ عالمی اردو کانفرنس کا 13واں ایڈیشن ہے اور اس مرتبہ عالمی وبا کی وجہ سے چیزیں مختلف ہیں جس نے پوری دنیا کو متاثر کیا ہے۔

عالمی وبا کی وجہ سے دنیا کے اکثر حصوں میں لاک ڈاؤن نافذ ہے اور اسی طرح پاکستان کے کچھ حصوں میں بھی عائد ہے۔

مزید پڑھیں: بارھویں عالمی اردو کانفرنس: دوسرے روز زبان و ادب پر سیشن

لہذا کورونا وائرس کی وجہ سے رواں برس عالمی اردو کانفرنس آن لائن منعقد ہوگی اور اس کے سیشنز کونسل کے یوٹیوب چینل اور فیس بک پیج پر دستیاب ہوں گے۔

احمد شاہ نے کہا کہ وہ صورتحال کی وجہ سے قدرے افسردہ ہیں کیونکہ عام طور پر ہر سال آرٹس کونسل کے 3 سے 4 کانفرنس ہالز سامعین سے بھر جاتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کونسل کے اراکین اور حکومتی عہدیداران سے مشاورت کے بعد جو مشورہ انہیں ملا وہ یہ تھا کہ اس ایونٹ میں عوام کی بہت زیادہ شرکت نہیں ہونی چاہیے، 'یہ عوام کے لیے نہ کھولی جائے'۔

یہ بھی پڑھیں: بارھویں عالمی اردو کانفرنس کا تیسرا روز: ‘میڈیا کتنا قید کتنا آزاد’ خصوصی سیشن

احمد شاہ نے کہا کہ اس ضمن میں جس دوسرے عنصر کی نشاندہی کی گئی تھی وہ یہ ہے کہ عام طور پر سینئر شاعروں اور لکھاریوں کی عمریں 70 سے 80 برس کے درمیان ہیں جو اپنی موجودگی سے کانفرنس کو چار چاند لگاتے ہیں۔

چونکہ اب صحت ترجیح ہے لہذا کونسل نے سینئر لکھاریوں کو بذات خود اس تقریب میں آنے کی ترغیب نہیں دی تاہم کانفرنس انہی تاریخوں پر منعقد ہوگی جن کا اعلان پہلے کیا گیا تھا۔

احمد شاہ نے کہا کہ رواں برس عالمی اردو کانفرنس کی توجہ اس بات پر مرکوز ہے کہ مصنفین، شاعر اور اسکالرز 'اردو کے 100 سال کا جائزہ' (فکشن، شاعری، تنقید، ڈراما اور فلم) لیں گے۔

انہوں نے کہا کہ کانفرنس کے اسپیکرز ملک بھر سے کراچی آئیں گے لیکن دیگر کچھ آن لائن شرکت کریں گے۔

مزید پڑھیں: عالمی اردو کانفرنس کو 10 سال مکمل

احمد شاہ نے کہا کہ بھارتی لکھاری اور شاعر جیسا کہ پروفیسر شمیم حنفی اور جاوید صدیقی بھی ڈیجیٹلی شرکت کریں گے جبلہ گلزار صاحب اور شبانہ اعظمیٰ سے بھی درخواست کی گئی ہے لیکن وہ اپنے شہروں سے باہر ہیں۔

آرٹس کونسل کے سیکریٹری اعجاز فاروقی نے میڈیا کے کردار کو سراہا کہ سالوں سے میڈیا نے کانفرنس کو فروغ دینے میں کردار ادا کیا ہے۔

انہوں نے درخواست کی کہ رواں برس اس کانفرنس کو بڑے پیمانے پر کوریج کی جائے کیونکہ عالمی وبا کی وجہ سے پابندیاں نافذ ہیں۔


یہ خبر 29 نومبر 2020 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی

تبصرے (0) بند ہیں