سیمی راحیل پی ٹی وی سے 1400 روپے معاوضہ ملنے پر برہم

اپ ڈیٹ 29 نومبر 2020
سینیئر اداکارہ نے دعویٰ کیا کہ پی ٹی وی انتظامیہ نئی اداکاراؤں کو زیادہ معاوضہ دیتی ہے—فائل فوٹو: فیس بک
سینیئر اداکارہ نے دعویٰ کیا کہ پی ٹی وی انتظامیہ نئی اداکاراؤں کو زیادہ معاوضہ دیتی ہے—فائل فوٹو: فیس بک

سینیئر اداکارہ 63 سالہ سیمی راحیل نے پاکستان ٹیلی وژن (پی ٹی وی) کی جانب سے کام کا معاوضہ محض 1400 روپے فراہم کرنے پر سخت ردعمل دیتے ہوئے برہمی کا اظہار کیا ہے۔

سیمی راحیل نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر پی ٹی وی کی جانب سے ملنے والے چیک کی تصویر شیئر کرتے ہوئے برہمی کا اظہار کیا کہ انہیں کام کا معاوضہ محض 1400 روپے ادا کیا گیا۔

سینیئر اداکارہ نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ پی ٹی وی انتظامیہ کی جانب سے کام کا معاوضہ محض 1400 روپے دیے جانا افسوس ناک ہے اور انہیں اتنا کم معاوضہ ملنے پر اپنی بے عزتی محسوس ہوئی۔

سیمی راحیل کے مطابق پی ٹی وی 4 دہائیاں گزر جانے کے باوجود سبق سیکھ نہیں پایا اور ریاستی ٹی وی کی انتظامیہ سینیئر اداکاروں کے ساتھ ناروا سلوک کرتی ہے۔

A photo posted by Instagram (@instagram) on

انہوں نے لکھا کہ کام کا معاوضہ اتنا کم دیے جانے سے لوگ فیصلہ کریں کہ ریاست فنکاروں کے ساتھ کیسا برتاؤ کرتی ہے۔

ساتھ ہی انہوں نے ٹیلی وژن، ڈراما انڈسٹری، ایم ڈی پی ٹی وی، چیئرمین پی ٹی وی، آرٹسٹ، اداکار اور وزیر اطلاعات کے ہیش ٹیگ بھی استعمال کیے۔

یہ بھی پڑھیں: 620 روپے کا چیک دینے پر راشد محمود کا پی ٹی وی کیلئے کام نہ کرنے کا اعلان

سیمی راحیل نے اسی حوالے سے ایک ویب سائٹ سے بات کرتے ہوئے انکشاف کیا کہ انہوں نے رواں برس اگست میں یوم آزادی کے ایک پروگرام میں شرکت کی تھی، جس کا معاوضہ انہیں کئی ماہ بعد 1400 روپے چیک کی صورت میں ادا کیا گیا۔

اداکارہ نے یہ وضاحت نہیں کی کہ وہ پروگرام میں بطور مہمان شریک ہوئی تھیں یا انہوں نے پروگرام میں اداکاری کی تھی؟

A photo posted by Instagram (@instagram) on

انہوں نے پی ٹی وی انتظامیہ پر سخت تنقید کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ جو لوگ انتظامیہ کے من پسند ہوتے ہیں، انہیں انتظامیہ نہ صرف بھاری معاوضہ ادا کرتی ہے بلکہ ایسے افراد کو ایوارڈز سے بھی نوازا جاتا ہے۔

ویب سائٹ کے مطابق سیمی راحیل کا کہنا تھا کہ پی ٹی وی انتظامیہ اداکارہ میرا اور ریما جیسی اداکاراؤں کو لاکھوں روپے فراہم کرتی ہے جب کہ سینیئر فنکاروں کے ساتھ ان جیسا سلوک ہو رہا ہے۔

مزید پڑھیں: پی ٹی وی نے راشد محمود سے معافی مانگنے کے بعد اضافی پیسوں کا چیک جاری کردیا

سیمی راحیل نے پی ٹی وی کی جانب سے محض 1400 روپے کا چیک دیے جانے کی پوسٹ 27 نومبر کو شیئر کی، تاہم فوری طور پر اس پر پی ٹی وی کا کوئی رد عمل سامنے نہیں آ سکا۔

سیمی راحیل سے قبل رواں برس ستمبر میں سینیئر اداکار راشد محمود نے بھی پی ٹی وی کی جانب سے محض 620 روپے کا چیک فراہم کرنے پر احتجاج کیا تھا۔

راشد محمود کو بھی پی ٹی وی لاہور سینٹر نے محرم الحرام کی مناسبت سے پروگرام میں شرکت کرنے پر 620 روپے کا چیک فراہم کیا تھا، جس پر اداکار نے سوشل میڈیا پر احتجاج ریکارڈ کروایا تھا۔

بعد ازاں پی ٹی وی انتظامیہ اور وزات اطلاعات و نشریات نے راشد محمود کو کم معاوضے کا چیک فراہم کرنے کا نوٹس لیتے ہوئے انہیں اضافی رقم یعنی 9600 روپے کا چیک فراہم کیا تھا۔

A photo posted by Instagram (@instagram) on

تبصرے (0) بند ہیں