اقوام متحدہ جنرل اسمبلی میں پاکستان کی اسپانسر کردہ قرارداد منظور

اپ ڈیٹ 18 دسمبر 2020
اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں قرارداد منظور کر لی گئی— فائل فوٹو: اے پی
اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں قرارداد منظور کر لی گئی— فائل فوٹو: اے پی

اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے پاکستان کی اسپانسر کردہ قرار داد منظور کر لی ہے جو نوآبادیاتی، غیر ملکی اور اجنبیوں کے قبضے سے دوچار افراد کے حق خودارادیت کی توثیق کرتی ہے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق بدھ کی سہ پہر کو 193 رکنی تنظیم نے اتفاق رائے سے قرارداد منظور کی جہاں اس نے انسانی حقوق کے دیگر امور پر بھی غور کیا۔

مزید پڑھیں: کشمیریوں کو حقِ خود ارادیت ملنے تک جدو جہد کرتا رہوں گا، عمران خان

قرار داد میں کہا گیا کہ 'لوگوں کے حق خودارادیت کے عالمی آفاقی احساس واضح طور پر یہ کہتا ہے کہ نوآبادیاتی، غیر ملکی اور اجنبی تسلط کا شکار افراد سمیت خود ارادیت تمام لوگوں کا بنیادی حق ہے۔

71 مالک کی جانب سے مشترکہ طور پر اسپانسر کی گئی اس قرارداد میں مشاہدہ پیش کیا گیا کہ انسانی حقوق کی ضمانت اور استعمال حق خود ارادیت کی بنیادی شرط ہے۔

غیر ملکی فوجی مداخلت، جارحیت اور قبضے کی سختی سے مخالفت کرتے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے ان ممالک سے مطالبہ کیا کہ وہ غیر ملکی ممالک اور علاقوں میں فوجی مداخلت فوری طور پر ختم کریں۔

عالمی ادارے نے ان لاکھوں مہاجرین اور بے گھر افراد کی حالت زار پر بھی افسوس کا اظہار کیا جو اس طرح کی کارروائیوں کے نتیجے میں اپنے گھروں سے محروم ہو گئے ہیں اور ان کی وطن واپسی کے حق کی تصدیق کی۔

یہ بھی پڑھیں: کشمیریوں کے حق خود ارادیت پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا، آرمی چیف

پاکستان میں اقوام متحدہ کے مستقل مندوب منیر اکرم نے کہا کہ پاکستان کی قرارداد منظور کرتے ہوئے جنرل اسمبلی نے کشمیری عوام سمیت تمام لوگوں کی حمایت میں ہمارے قانونی، سیاسی اور اخلاقی عمل کی توثیق کی تھی تاکہ وہ ہر طرح سے دستیاب وسائل کا استعمال کرتے ہوئے غیر ملکی قبضے کے خلاف حق خودارادیت کے لیے جدوجہد کر سکیں۔

قرارداد کے متن کی سفارش گزشتہ ماہ جنرل اسمبلی کی تیسری کمیٹی نے کی تھی جو معاشرتی، انسانیت سوز اور ثقافتی امور سے نمٹتی ہے، سماجی ترقی کے بارے میں ایک رپورٹ پر بات کرتے ہوئے اسمبلی نے بھی 'حق خودارادیت کے ادراک میں رکاوٹوں کو دور کرنے کی اہمیت' پر زور دیا۔

اسمبلی میں ریکارڈ 5 کے مقابلے میں 168 ووٹ اور 10 لوگوں کی غیرموجودگی میں قرارداد کے مسودے نمبر 2 کو منظور کر لیا گیا جہاں یہ قرارداد 'فلسطینی عوام کے حق خودارادیت' کے بارے میں تھی، اس قرارداد میں فلسطینی عوام کے حق خودارادیت کی تصدیق کی گئی ہے جس میں ان کی آزاد ریاست فلسطین بھی شامل ہے۔

قرارداد نے تمام ریاستوں اور اقوام متحدہ کی خصوصی ایجنسیوں پر زور دیا ہے کہ وہ اس حق کے جلد از جلد ادراک میں فلسطینیوں کی مدد جاری رکھیں۔

مزید پڑھیں: خبردار کرتا ہوں! اقوام متحدہ کشمیریوں کو ان کا حق خود ارادیت دلائے، وزیراعظم

امریکا، اسرائیل، مارشل آئی لینڈز، فیڈریٹڈ اسٹیٹس آف مائیکرونیشیا اور نورو نے اس قرار داد کے خلاف ووٹ دیا۔

سفیر منیر اکرم نے کہا کہ حق خودارادیت کی قرارداد نے آزادی کی جائز تحریکوں کو تقویت بخشی ہے اور اس نے قبضے اور محکومیت کے تحت زندگی بسر کرنے والوں کی مدد کرنے کے بین الاقوامی عہد کی بھی تجدید کی ہے، انہوں نے کہا کہ پاکستان ان تمام لوگوں کے لیے بات جاری رکھے گا جو غیر ملکی قبضے کا شکار ہیں، انہوں نے مزید کہا کہ یہ ہماری خارجہ پالیسی کی بنیاد رہا ہے اور ہمیں بے آوازوں کی آواز بننے پر فخر ہے۔

جنرل اسمبلی نے 31 اگست کو افریقی نسل کے لوگوں کے عالمی دن کے طور پر منانے کا بھی اعلان کیا تاکہ معاشروں کی ترقی میں افریقی نسل کے متنوع ورثے، ثقافت اور افریقی نسل کے لوگوں کے شراکت کے لیے زیادہ سے زیادہ تسلیم اور احترام کو فروغ دیا جا سکے۔

اسمبلی نے دو مسودہ قراردادوں پر کارروائی مؤخر کردی جن میں سے ایک روہنگیا مسلمانوں اور میانمار میں دیگر اقلیتوں کی انسانی حقوق کی صورتحال اور دوسری نسل پرستی، نسلی امتیاز، زینو فوبیا اور متعلقہ عدم برداشت کے حوالے سے عالمی سطح پر ٹھوس اقدامات کا مطالبہ کرنے والی قراردادوں پر کارروائی مؤخر کردی اور بجٹ پر غور و خوض کے بعد ان قراردادوں پر نظرثانی کی جائے گی۔

تبصرے (0) بند ہیں