راولپنڈی: گھر سے ماں اور ڈیڑھ سالہ بیٹی کی لاشیں برآمد

اپ ڈیٹ 07 جنوری 2021
والد نے داماد پر قتل کا الزام عائد کردیا-فائل فوٹو: ڈان نیوز
والد نے داماد پر قتل کا الزام عائد کردیا-فائل فوٹو: ڈان نیوز

راولپنڈی میں اعوان کالونی کے علاقے میں ایک خاتون اور اس کی ڈیڑھ سالہ بیٹی گھر میں مردہ پائی گئیں۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق متوفیہ خاتون کے جسم پر تشدد کے نشان ملے جبکہ اس کی شناخت حنا کے نام سے ہوئی۔

ابتدائی پوسٹ مارٹم رپورٹ میں لکھا گیا کہ خاتون کی موت 3 دن قبل ہوگئی تھی جبکہ بیٹی منگل کی دوپہر میں انتقال کرگئی۔

واقع سے متعلق اس وقت معلوم ہوا جب متاثرہ خاتون کے والد میاں محمد اشفاق، بیٹی کی جانب سے فون کالز کا جواب نہ آنے پر اس کے گھر گئے اور وہاں اپنی بیٹی اور نواسی کی سڑی ہوئی لاشوں کو پایا۔

مزید پڑھیں: راولپنڈی: سسرال سے خاتون کی پھندا لگی لاش برآمد

والد نے الزام لگایا کہ ان کے داماد نے ان کی بیٹی اور نواسی کو قتل کیا ہے۔

اس حوالے سے درج فرسٹ انفارمیشن رپورٹ (ایف آئی آر) میں میاں محمد اشفاق کا کہنا تھا کہ ’میرا داماد میری بیٹی کو مارتا تھا اور بیٹے کو جنم نہ دینے پر اس کی بےعزتی کرتا تھا جبکہ اس کی والدہ اور بہنیں اسے (داماد کو) اکساتی تھیں کہ وہ اپنی بیوی کو بولے کہ ان کے لیے ایک گھر خریدے‘۔

انہوں نے پولیس کو آگاہ کیا کہ ان کی دیگر دو بیٹیوں نے جمعہ اور پیر کو حنا سے رابطے کی کوشش کی لیکن اس کی جانب سے کوئی جواب موصول نہیں ہوا جبکہ مشتبہ شخص کا موبائل بند تھا۔

بعد ازاں والد نے ملزم کے گھر والوں سے رابطہ کیا لیکن وہ مشتبہ شخص کا ان کے ساتھ فون پر رابطہ نہیں کراسکے۔

انہوں نے کہا کہ وہ اور ان کا بیٹا جب بیٹی کے گھر پہنچے تو دیکھا کہ ملزم کے گھر والے اور پڑوسی گھر کے باہر کھڑے تھے، جس کے بعد جب وہ اندر گئے تو انہیں بستر پر بیٹی مردہ حالت میں ملی اور اس کا چہرہ بری طرح خراب تھا جبکہ نواسی کی لاش دوسرے کمرے میں تھی۔

یہ بھی پڑھیں: راولپنڈی: یونیورسٹی طالبہ کی پراسرار موت کی تحقیقات شروع

دوسری جانب تفتیشی افسر نے ڈان کو بتایا کہ مشتبہ شخص جو محکمہ آئی ٹی میں 17 ویں گریڈ کا افسر ہے وہ کورونا سے متاثر اور ہسپتال میں ہے۔

دوران تفتیش ملزم کا کہنا تھا کہ اس کی بیوی کی موت گیس لیک ہونے کے باعث ہوئی جبکہ وہ اس وقت گھر میں تھا جب لاشوں کو برآمد کیا گیا۔

افسر کا کہنا تھا کہ ’فرانزک رپورٹ کے موصول ہونے کے بعد اموات کی اصل وجہ معلوم ہوسکے گی تاہم پولیس نے مذکورہ شخص کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کرلیا‘۔


یہ خبر 07 جنوری 2021 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی

تبصرے (0) بند ہیں