افغانستان میں امن کا مطلب پاکستان میں امن ہے، آرمی چیف

15 جنوری 2021
آرمی چیف نے امن کے لیے مقامی آبادی کی قربانیوں اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں فوج کی حمایت  کو سراہا — فوٹو: ڈان نیوز
آرمی چیف نے امن کے لیے مقامی آبادی کی قربانیوں اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں فوج کی حمایت کو سراہا — فوٹو: ڈان نیوز

پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ افغانستان میں امن کا مطلب پاکستان میں امن ہے اور افغانستان میں امن کے لیے بین الافغان مذاکرات کی حمایت جاری رکھیں گے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی جنرل قمر جاوید باجوہ نے کور ہیڈکوارٹرز پشاور کا دورہ کیا۔

آرمی چیف کو سلامتی کی صورتحال، باڑ لگانے سمیت سرحدی انتظام، نئے ضم شدہ اضلاع میں فرنٹیئر کور (ایف سی) اور پولیس کی استعداد کار بڑھانے کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

جنرل قمر باجوہ نے پشاور کور کے افسران اور جوانوں، ایف سی اور پولیس سمیت قانون نافذ کرنے والے اداروں کو قبائلی اضلاع میں استحکام لانے کی کوششوں پر سراہا۔

یہ بھی پڑھیں: آرمی چیف، افغانستان کے ساتھ بہتر تعلقات کے خواہاں

انہوں نے امن کے لیے مقامی آبادی کی قربانیوں اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں فوج کی حمایت کرنے کو سراہتے ہوئے کہا کہ استحکام کی جاری کوششوں سے حاصل ہونے والے ثمرات پائیدار امن و استحکام کا باعث بنیں گے۔

آرمی چیف کا کہنا تھا کہ افغانستان میں امن کے لیے بین الافغان مذاکرات کی حمایت جاری رکھیں گے کیونکہ افغانستان میں امن کا مطلب پاکستان میں امن ہے۔

قبل ازیں کور ہیڈکوارٹرز پشاور پہنچنے پر لیفٹیننٹ جنرل نعمان محمود نے آرمی چیف کا استقبال کیا۔

تبصرے (0) بند ہیں