لیاری میں فٹبال شائقین پر حملہ شرمناک ہے، اے ایف سی

شائع August 9, 2013

ایشین فٹبال کنفیڈریشن کے صدر شیخ سلمان ابراہیم الخلیفہ۔ فائل فوٹو اے پی

کوالا لمپور: ایشین فٹبال کنفیڈریشن نے دو روز قبل کراچی کے علاقے لیاری میں ہونے والے بم حملے میں کم سن فٹبالرز کی ہلاکت پر افسوس کا اظہار کیا ہے اور زور دیا ہے کہ اس واقعے کے باوجود ملک کانٹیننٹل یوتھ ٹورنامنٹ کے کوالیفائرز کی میزبانی کرے گا۔

کراچی کے علاقے لیاری میں بدھ کو منعقدہ ایک مقامی ٹورنامنٹ کے فائنل کے اختتام پر رات دو بجے کے قریب ہونے والے دھماکے میں آٹھ نوجوان شائقین ہلاک اور دیگر زخمی ہو گئے تھے جبکہ اس دوران تین بچے بھی ہلاک ہوئے جن کی عمریں 15 سال بتائی جاتی ہیں۔

یہ پاکستان میں کھیلوں کی سرگرمیوں پر ہونے والا تازہ حملہ ہے جہاں اس سے قبل مارچ 2009 میں لاہور میں سری لنکن ٹیم پر حملے کے نتیجے میں پاکستان پر عالمی کھیلوں کے دروازے بند ہو گئے تھے۔

ایشین فٹبال کنفیڈریشن کے صدر شیخ سلمان ابراہیم الخلیفہ نے جمعہ کو ایک بیان میں کہا کہ کھیل سے لطف اندوز ہونے والوں پر حملہ انتہائی شرمناک عمل ہے، اس دوران اپنی جان گنوانے والے کچھ معصوم شائقین یقیناً بڑے فٹبالرز بن سکتے تھے۔

انہوں نے کہا کہ فٹبال دم توڑ رہی ہے، اگر حکومت امن و امان کے قیام میں ناکام رہتی ہے تو مجھے ڈر ہے کہ کھیلوں سے محبت کرنے والا یہ شہر شاید کھیلوں کے نقشے پر نہ رہے۔

تاہم اے ایف سی کے سربراہ نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان میں 2014 میں شیڈول انڈر 16 مقابلوں کے کوالیفائرز اپنے مقررہ وقت اور مقام پر ہوں گے اور اس سے پاکستان میں فٹبال کی مقبولیت میں اضافہ ہو گا۔

اگلے سال اکتوبر میں ہونے والے اس مقابلے میں میزبان پاکستان سمیت سری لنکا، ایران اور متحدہ عرب امارات کی ٹیمیں آمنے سامنے ہوں گی۔

کارٹون

کارٹون : 3 جولائی 2025
کارٹون : 2 جولائی 2025